ایم کیوایم کی محبت کوعوام کے دلوںسے کوئی طاقت بھی ختم نہیں کرسکتی۔الطاف حسین
تمام ترریاستی مظالم کے باوجود کارکنان وعوام کی ایم کیوایم سے وابستگی قائم ہے
جاگیرداروں، وڈیروں ، سرمایہ داروں اورکرپٹ جرنیلوں کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے
انہوں نے رشتہ داریاں قائم کرلی ہیں، انہیں ایک دوسرے کے مفادات عزیزہیں
پاکستان لوٹنے والوں کوسیاسی سرگرمیوںکی اجازت ہے لیکن ہمیں اپنے
شہیدوں کی یادگاروںپر فاتحہ خوانی تک کرنے کی اجازت نہیں
پولیس ورینجرز نے اسنیپ چیکنگ کے نام پر عوام کوہراساں کیا، بیکری والوں پر دباؤڈالا گیاکہ وہ کسی کوایم کیوایم کے یوم تاسیس کاکیک بناکرنہ دیں
تمام ترمظالم کے باوجود انشاء اللہ تحریک کاسفر جاری رہے گا
قائدتحریک الطاف حسین کا 37ویں یوم تاسیس پر پاکستان ، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، بیلجئم، فرانس، جرمنی، پرتگال، آسٹریلیا اورخلیجی ریاستوںمیں موجود کارکنوںسے خطاب
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ تمام ترریاستی مظالم، جبروستم اور زہریلے پروپیگنڈوں کے باوجودتحریک کے کارکنان وعوام کی ایم کیوایم سے وابستگی اس بات کی دلیل ہے کہ ایم کیوایم کی محبت کوعوام کے دلوںسے کوئی طاقت بھی ختم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے 37ویں یوم تاسیس میں بدھ کی شب پاکستان ، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، بیلجئم، فرانس، جرمنی، پرتگال، آسٹریلیا اورخلیجی ریاستوںمیں موجود کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم 18 مار چ1984ء کوقائم ہوئی تھی اوراسے قائم ہوئے آج 37سال ہوچکے ہیں۔ایم کیوایم واحدجماعت ہے جس نے غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے مہاجرنوجوانوں، بزرگوںاورماؤںبہنوںکوجمع کرکے ایک جماعت بنائی جس نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوانوںکواسمبلیوں میں بھیجااورملک کے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کوچیلنج کیا۔ہم نے مہاجروں کے ساتھ ساتھ پنجابی ، سندھی، بلوچ اورپختونوںکوبھی ایوانوں میں بھیجا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں بدقسمتی سے گزشتہ 74برسوںسے فرسودہ جاگیردارانہ نظام رائج ہے ،پہلے تو جاگیرداروں، وڈیروں ، سرداروں اوربڑے بڑے سرمایہ داروں کا آپس میں گٹھ جوڑ تھا، اب اس میں ملک کے کرپٹ جرنیل بھی شامل ہیں جنہوں نے اب جاگیرداروں اوروڈیروںسے آپس میںشادیاں کرکے رشتہ داریاںبھی قائم کرلی ہیں، یہ سب ملکر ایک دوسرے کے مفادات کاتحفظ کرتے ہیں ، حتیٰ کہ اگرعدالتیں کسی کے خلاف کوئی فیصلہ بھی دیدیں، انہیں کرپٹ قراردیدیں تب بھی یہ ایک دوسرے کوبچاتے ہیں،ایک دوسرے کے بچوں کی شادیوں اور تقریبات میں شرکت کرتے ہیں ،انہیںعوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں بلکہ ایک دوسرے کے مفادات ہی عزیزہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان لوٹنے والوں اور عدالتوں سے سزایافتہ کرپٹ لوگوںکوسیاسی سرگرمیوںکی اجازت ہے لیکن ہمیں یوم شہدا منانے اوراپنے شہیدوں کی یادگاروںپر جانے اور فاتحہ خوانی تک کرنے کی اجازت نہیں ہے، ہمارے بے گناہ کارکنوںکوگرفتارکرکے لاپتہ کیا جارہاہے، چھاپوں کے دوران ان کے اہل خانہ کے ساتھ جو توہین آمیز سلوک کیاجاتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ دنوں بعض شخصیات نے ہم سے رابطہ کیااورفوج سے تعلقات بہتربنانے کی پیش کش کی ، ہم نے ساتھیوں سے مشورہ کرکے اس پیشکش کوقبول کیا، ان کی تجویز پر ہم نے 18مارچ کویوم تاسیس منانے اورمکا چوک پر جمع ہونے کااعلان کیا، اور عوام کے نام آڈیوپیغام بھی جاری کیا،جب کارکنان وعوام میںیوم تاسیس میں بھرپوراندازمیں شرکت کے لئے جوش وخروش پیداہوگیا اور وہ تمام ترپابندیوں کے باوجود بھرپورتیاریاں کرنے لگے تو ہمارے ساتھ ایک مرتبہ پھر مکروفریب کیا گیااورعین وقت پر ہم سے کہاگیاکہ تصاد م کاخطرہ ہے ،اس صورتحال کی روشنی میں ہم نے مکاچوک کاپروگرام منسوخ کردیااورکارکنان وعوام سے اپیل کی کہ وہ مکاچوک پر جمع ہونے کے بجائے گھروں میں یوم تاسیس منائیںاورگھروں میں کیک کاٹیں۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنان وعوام کویوم تاسیس منانے سے روکنے اورخوف و ہراس پھیلانے کے لئے پولیس ورینجرز نے شہرمیں اسنیپ چیکنگ کے نام پر عوام کوہراساں کیا، بیکری والوں پر دباؤ ڈالا گیاکہ وہ کسی کویوم تاسیس کاکیک بناکرنہ دیںاورجوبھی کیک کاآرڈردے اس کا نام ،پتہ دیا جائے۔ ایسالگتاہے کہ پولیس رینجرز نے سڑکوںپر کھڑے ہوکرخود بھی یوم تاسیس منایا۔ ڈی جی رینجرز نے بھی شہر کادورہ کیا ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیویم صفحہ ہستی سے مٹانے اور کچلنے کے لئے برسوںسے ریاستی مظالم ڈھائے جارہے ہیںلیکن اس کے باوجود انشاء اللہ تحریک کاسفر جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ تمام تر ریاستی مظالم کے باوجود آج بھی یوم تاسیس کے موقع پر دنیا بھر میں موجود کارکنان تحریک کایوم تاسیس منارہے ہیں اور اپنے قائدکے ساتھ ہیںجو اس بات کی دلیل ہے کہ ایم کیوایم کی محبت کوعوام کے دلوں سے نکالانہیں جاسکتا ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ کارکنان وعوام مایوس نہ ہوں، اللہ تعالیٰ کی ذات سب سے بڑی ہے ، وہ مردے کوزندہ کرسکتی ہے ، وہی ہمارے لئے کوئی راستہ نکالے گااورایسے حالات ضرور پیداکرے گاکہ ہمارے بچے اورآئندہ نسلیں کھل کریوم تاسیس منائیںگے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم آج کے دن اپنے شہیدوں کے لہوکی قسم کھاکریہ عہد کرتے ہیںکہ ہم اپنے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں جانے نہیں دیںگے۔
٭٭٭٭٭