1971ء میں پاکستان کے ٹوٹنے اور مشرقی پاکستان کے بنگلہ دیش بن جانے کی
ذمہ دار فوجی اشرافیہ ہے۔الطاف حسین
پاکستان کی حکمراں فوجی قیادت نے بنگالیوںکے مینڈیٹ کوتسلیم کرنے اورانہیں
اقتدار حوالے کرنے کے بجائے ان کے خلاف فوجی آپریشن کیا
پاکستان کادولخت ہونابنگالی عوام کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں،زیادتیوں
اورفوج کے وحشیانہ مظالم کانتیجہ ہے
پاکستان کے ٹوٹ جانے پر بھی پاکستان کی حکمراں اشرافیہ کوکوئی شرمندگی نہیں ہے
آج بھی اپناحق مانگنے والی قوموںکوریاستی طاقت سے کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے
اگرارباب اختیارنے ہوش کے ناخن نہ لئے اور مشرقی پاکستان کی طرح ریاستی طاقت کے استعمال کی پالیسی پرعمل جاری رکھاتومشرقی پاکستان جیسے سانحات رونماہوسکتے ہیں
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کایوم سقوط ڈھاکہ پر بیان
لندن … 16 دسمبر 2020ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ16دسمبر 1971ء کوپاکستان کے ٹوٹنے اور مشرقی پاکستان کے بنگلہ دیش بن جانے کی ذمہ دار 1971ء میں ملک پر حکمراں فوجی اشرافیہ ہے ۔ یوم سقوط ڈھاکہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کی حکمراں فوجی قیادت نے مشرقی پاکستان کے اکثریتی بنگالی عوام کوان کے سیاسی، جمہوری، معاشی اورمعاشرتی حقوق دینے کے بجائے انہیں غدارقراردیا،بنگالیوںنے اپنے حقوق کے حصول کے لئے آئینی، قانونی اور جمہوری راستہ اختیارکرتے ہوئے 1970ء کے عام انتخابات میں حصہ لیکربھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی لیکن اس وقت کی حکمراں فوجی قیادت نے بنگالیوںکے مینڈیٹ کوتسلیم کرنے اورانہیں حکومت حوالے کرنے کے بجائے ان کے خلاف فوجی آپریشن کیا، بنگالیوںکابہیمانہ قتل عام کیااوران کی آوازکو فوجی طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی، لاکھوں کلمہ گوبنگالی ماؤں بہنوں کی عصمتیں لوٹیں،ان وحشیانہ مظالم کے خلاف بنگالیوں نے مسلح مزاحمت کی اورجب بھارتی فوج سامنے آئی تومعصوم بنگالیوںکے خلاف ریاستی آپریشن کرنے والی پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کے سامنے ہتھیارڈال دیئے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کادولخت ہونااورمشرقی پاکستان کا بنگلہ دیش بن جانا قیام پاکستان کے بعد سے بنگالی عوام کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں،زیادتیوںاور فوج کے وحشیانہ مظالم کانتیجہ ہے جس سے انکارنہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ اس سے بڑاالمیہ کیاہوگاکہ پاکستان کے ٹوٹ جانے پر بھی پاکستان کی حکمراں اشرافیہ کوکوئی شرمندگی نہیں ہے بلکہ آج بھی بلوچستان، سندھ، پختونخوا ،قبائلی علاقوںاورگلگت بلتستان میں بھی مشرقی پاکستان جیسی عوام دشمن پالیسیوںپر کام کیاجارہاہے اوراپناحق مانگنے والی قوموںکوریاستی طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ اگرارباب اختیارنے ہوش کے ناخن نہ لئے اور مشرقی پاکستان کی طرح ریاستی طاقت کے استعمال کی پالیسی پرعمل جاری رکھاتومشرقی پاکستان جیسے سانحات رونماہوسکتے ہیں جس کے لئے پوری قوم کو تیار رہناچاہیے۔
٭٭٭٭٭