Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

صولت مرزا شہید سمیت تمام شہیدوں کے قتل کا بدلہ آئین اورقانون کے مطابق لیاجائے گا، قائد تحریک الطاف حسین


 صولت مرزا شہید سمیت تمام شہیدوں کے قتل کا بدلہ آئین اورقانون کے مطابق لیاجائے گا، قائد تحریک الطاف حسین
 Posted on: 5/13/2020
صولت مرزا شہید سمیت تمام شہیدوں کے قتل کا بدلہ آئین اورقانون کے مطابق لیاجائے گا، قائد تحریک الطاف حسین
الطا ف حسین کی دشمنی میں ریاستی طاقت کا ناجائزاستعمال کرکے پہلی مرتبہ پھانسی کے سزا یافتہ فردکا انٹرویو میڈیا پرنشر وشائع کرایاگیا
پھانسی سے دوروز قبل ڈیتھ سیل سے صولت مرزا کاانٹرویوا س بات کا ثبوت ہے کہ صولت مرزا نے کوئی گناہ نہیں کیاتھا
ظلم وستم ، ناانصافیوں اوردھوکہ دہی کامسلسل عمل باقیماندہ پاکستان کوبھی ٹکڑے ٹکڑے کردے گا 
ملک کی تمام مظلوم قوموںکو پنجابی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی غلامی سے آزادی ملے گی
 سندھی جاگیردار اوروڈیرے پنجابی فوجی اسٹیبلشمنٹ کے مکمل طورپر ایجنٹ اوردلال بن چکے ہیں 
الطاف حسین بھی سندھی ہے ، میرے والدین اوردیگر رشتے داروں کی لاشیں تدفین کیلئے کسی اورصوبے نہیں گئیں
سندھ دھرتی ماں کے بیٹے متحد ہوکر سندھو دیش کی آزادی کی جدوجہد کریں گے
بہت ظلم ہوگیا ہے،لہٰذاسندھی اوربلوچ سرمچاروں ،پنجابی اسٹیبلشمنٹ کے ظلم وستم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرو
 12، مئی 2007ء کوفوج نے افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد پر شہرکو خون میں نہلانے کا منصوبہ بنایاتھا 
 اس منصوبے میں پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی ، جماعت اسلامی ، تحریک انصاف اور دیگر جماعتیں شامل تھیں
 یہ مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں چلایاجائے تو 25سے 30 جرنیل پھانسی پرچڑھ جائیں گے 
صولت مرزا شہید کی پانچویں برسی کے موقع پر براہ راست وڈیو خطاب

لندن۔۔۔13، مئی 2020ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے صولت مرزا شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے ایک ایک کارکن کایہ وعدہ ہے کہ صولت مرزا شہید سمیت تمام شہیدوںکے قتل کا بدلہ آئین اورقانون کے مطابق لیاجائے گا۔ پاکستان کی بنیاد دھوکہ پر رکھی گئی تھی یہی وجہ ہے کہ1971ء میں ٹوٹ چکا ہے اور ظلم وستم ، ناانصافیوں اوردھوکہ دہی کامسلسل عمل باقیماندہ پاکستان کوبھی ٹکڑے ٹکڑے کردے گا اورملک کی تمام مظلوم قوموںکو پنجابی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی غلامی سے آزادی ملے گی ۔
 ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز ایم کیوایم کے جانباز کارکن صولت مرزا شہیدکی پانچویں برسی کے موقع پر براہ راست وڈیو خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جناب الطاف حسین کا گلا بیٹھا ہوا تھا اور گلے میں تکلیف کے باوجود جناب الطاف حسین نے خطاب کرکے صولت مرزا شہید کے بلند درجات کی دعائیں کیں اور شہید کو سلام عقیدت پیش کیا۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج 12، مئی 2020ء کی تاریخ اور منگل کا دن ہے ، آج کا دن حق پرستی کی جدوجہد کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔صولت مرزا نے 17سال کی قیداورجدائی برداشت کی ، ان برسوں کے دوران میں خود بھی کرب واذیت سے گزرا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ آپ سب جانتے ہیں کہ میں کبھی جھوٹ نہیں بولتا، آپکو یہ سن کر تعجب ہوگا کہ ایجنسیوںنے ایسے مشکوک حالات بنادیے تھے کہ مجھ پر بھی شک کیاجانے لگاتھا، انسان زبان سے جھوٹ بول سکتا ہے لیکن قدرت کا اپنا نظام ہوتا ہے اور قدرت کا نظام سچ اور جھوٹ کا فیصلہ کردیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کا ہرکارکن صولت مرزا کی بہادری ، شجاعت ، جرات اور ہمت پر فخر کرتاتھا اور آج تک کرتا ہے ، ایم کیوایم ملک کی واحد جماعت ہے جو کسی بھی واقعہ کی تفصیلات جمع کرنے سے قبل اس واقعہ پر اپنا مؤقف بیان نہیں کرتی ۔ انہوںنے اسلام آباد کی لال مسجد کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ لال مسجد کے واقعہ پر ایم کیوایم کی تحقیقاتی ٹیم نے اسلام آباد جاکر ایک ایک پہلو کی تحقیقات کی، متعلقہ سرکاری محکموںمیں جاکرلال مسجد کی زمین کے رقبے، الاٹمنٹ کی تفصیلات اور دیگر معلومات جمع کرکے مرکز کو دی جس پر میں نے پریس کانفرنس کرکے تمام ثبوت وشواہد کی روشنی میں عوام کو بتایا کہ کس طرح ناجائز طریقے سے مدرسے کے نام پر لی گئی زمین کوایک بڑی آبادی میں تبدیل کردیا گیا۔
جناب الطاف حسین نے تاریخی حقائق بیان کرتے ہوئے کہاکہ جب ایم کیوایم پر عرصہ حیات تنگ کیاجانے لگاتھا تو، ایم کیوایم کے کارکنان کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنی جانیں بچانے کیلئے ملک سے نکل جائیں ، ایم کیوایم نے تنگ دستی کے باوجود اچھے ، مخلص اور جانثارکارکنان کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے آنکھ بند کرکے رقم خرچ کی اور انہیں مختلف ممالک بھجوایا۔ دیگرساتھیوں کی طرح صولت مرزا کو بھی بیرون ملک بھجوایاگیااور انہوںنے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک پہنچ کر جن تحریکی ساتھیوںکو اپنی خیریت کی اطلاع دی اللہ کے کرم سے وہ ساتھی ابھی حیات ہیں۔انہوں نے کہاکہ 9، دسمبر1998ء کو صولت مرزا کے پاس ان کی بہن کا فون آیا اورکسی پولیس افسرنے ان کی بہن سے وہ فون لیکر صولت مرزا کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان واپس نہ آئے تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔ اس کے بعد صولت مرزا کے اہل خانہ کے ہمراہ ایم کیوایم کے مرحوم کنوینر اشیاق اظہر کی جانب سے پریس کانفرنس کرکے تمام تفصیلات سے آگاہ کیاجاتا ہے ، 11، دسمبر1998ء کوصولت مرزا کو زبردستی پاکستان بلاکر ائیرپورٹ سے ہی گرفتارکرلیا جاتا ہے لیکن ان کی گرفتاری ظاہرنہیں کی جاتی اور 24،دسمبر1998ء کو پی ٹی وی سمیت تمام ٹی وی چینلوں پر صولت مرزا کی گرفتاری ظاہرکرکے ان سے اقبال جرم کرایاجاتاہے اور17 سال انہیں جیل میں قید رکھنے کے بعد پھانسی دے دی جاتی ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ جس شخص کو پھانسی کی سزاسنائی جاچکی ہو ،ڈیتھ سیل سے دباؤ ڈال کر اوربندوق کی نوک پراس کا وڈیو انٹرویو لیاجائے اور اسے تمام چینلوں پر نشر کرایاجائے ۔ انہوںنے مزیدکہاکہ ایم کیوایم اورالطا ف حسین کی دشمنی میں ریاستی طاقت اوروسائل کا ناجائزاستعمال کرکے دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پھانسی کے سزا یافتہ فردکا انٹرویو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پرنشر وشائع کرایاگیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صولت مرزا نے کوئی گناہ نہیں کیاتھا ورنہ پھانسی سے دودن پہلے بیان دلوانے کی ضرورت پیش نہ آتی اورصولت مرزا کوبے گناہ شہید کیاگیا ہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ صولت مرزا نے جس ہمت ، بہادری ، دلیری اورشجاعت سے 17 سال قیدمیں گزارے اس پر ہم سب صولت مرزا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ صولت مرزا کے ہاتھ کا بنا ہوا موتیوں کا خوبصورت نمایاں شاہکار آج بھی میرے پاس موجود ہے ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ صولت مرزا شہید کے صغیرہ کبیرہ گناہوں کی مغفرت فرمائے ، ان کے درجات بلند کرے اورشہید کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے ۔ (آمین )
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بنیاد ہی جھوٹ ، مکر اورفریب پر رکھی گئی تھی،پھر ریاستی اداروں کی دھوکہ دہی ، جھوٹ اورمکروفریب کایہی عمل پاکستان کو دولخت کرنے کاسبب بنا،1971ء میں آدھاملک ٹوٹ چکا ہے اور ظلم وستم ، ناانصافیوں اوردھوکہ دہی کامسلسل عمل باقیماندہ پاکستان کوبھی ٹکڑے ٹکڑے کردے گا، مظلوم سندھیوں، بلوچوں، پشتونوں، ہزاروال اوردیگرمظلوموںکو آزادی ملے گی ۔
جناب الطاف حسین نے سندھی ماؤں ، بہنوں اورنوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں مل جل کر سندھ دھرتی ماںکی حفاظت کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کیلئے تیار رہنا چاہیے اب بہت ظلم ہوگیا ہے،لہٰذاسندھی اوربلوچ سرمچاروں کو میدان عمل میں آکر پنجابی اسٹیبلشمنٹ کے ظلم وستم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔ انہوںنے کہاکہ سندھی جاگیردار اوروڈیرے سندھی ضرور ہیں لیکن وہ قابض پنجابی فوجی اسٹیبلشمنٹ کے مکمل طورپر ایجنٹ اوردلال بن چکے ہیں ، جس طرح پنجابی فوج سندھ کی دشمن ہے اسی طرح یہ جاگیردار اوروڈیرے بھی سندھ کے دشمن ہیں ۔ سندھ دھرتی کے مستقل باشندے سندھیوں اورمہاجروں کا جینا مرنا اسی سندھ دھرتی سے وابستہ ہے ،الطاف حسین بھی سندھی ہے ، میرے والدین اوردیگر رشتے داروں کی لاشیں تدفین کیلئے کسی اورصوبے نہیں گئیں بلکہ وہ صوبہ سندھ میں مدفون ہیں ۔ اسی طرح تحریک کے تمام شہداء کی لاشیں شہداء قبرستان میں دفن ہیں اور سندھ کے مستقل باشندوں کاجینا مرنا بھی سندھ سے وابستہ ہے اور سندھ دھرتی کے بیٹے اسی دھرتی میں رہتے ہوئے متحد ہوکر سندھو دیش کی آزادی کی جدوجہد کریں گے ۔الطاف حسین اور سائیں جی ایم سید کے درمیان تنہائی میں جو گفتگو ہوئی ، الطاف حسین اس پر قائم ہے لیکن نجانے کیوں سندھی بھائی مجھے برابر کا سندھی سمجھنے میں کنجوسی سے کام لیتے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ 12، مئی 2007ء کے دن فوج ، آئی ایس آئی اور ایم آئی نے سابق چیف جسٹس آف سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد پر شہرکو خون میں نہلانے کا منصوبہ بنایاتھا ، اس منصوبے میں پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی ، جماعت اسلامی ، تحریک انصاف اور دیگر جماعتیں شامل تھیں ، ایم کیوایم نے خون خرابے سے بچنے کیلئے ایم اے جناح روڈ پر عدلیہ کی آزادی کیلئے جلسہ منعقد کیاتھاجس کی پاداش میں ایم کیوایم کے قافلوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایاگیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر یہ مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں چلایاجائے تو مجھے یقین ہے کہ 25سے 30 جرنیل پھانسی پرچڑھ جائیں گے جن کی سازشوںکی وجہ سے بڑی تعداد میں بے گناہ شہری شہید ہوئے ۔جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام وفاپرست بزرگوں، ماؤں ، بہنوں اورنوجوان کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ صولت مرزا شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کریں اور صولت مرزا شہید سمیت تحریک کے تمام شہیدوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک ایک  وفاپرست کارکن کا صولت مرزا شہید کی روح سے وعدہ ہے کہ ہم آئین اورقانون کے مطابق صولت مرزا شہیدسمیت تمام شہیدوں کے قتل کابدلہ لیں گے اوراپنے شہیدوں کی قربانیوں کو ہرگز رائیگان نہیں جانے دیں گے ۔دریں اثناء جناب الطاف حسین نے 12، مئی2007ء کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے بھی دعا کی ۔
٭٭٭٭٭




1/7/2025 10:27:16 PM