قائدتحریک الطاف حسین کی آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کرنے کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں، قائم مقام کنوینر طارق جاوید
24 گھنٹے ایم کیوایم برطانیہ کے کارکنان سیکوریٹی کے فرائض نہایت چابکدستی سے ادا کررہے ہیں
وفاپرست کارکنان وعوام قائد تحریک الطاف حسین کو اپنی دعاؤں میں ضروریاد رکھیں
قائد تحریک نے مستحقین کی امداد کیلئے سن چیریٹی قائم کی اور طارق میرکو انچارج بنایا
22، اگست کے بعد طارق میر نے شہیدوں ، اسیروں اور لاپتہ ساتھیوں کے اہل خانہ کی مدد سے صاف انکارکردیا
طارق میر نے اس فلاحی ادارے کے فنڈز کا حساب پارٹی کو نہیں دیا جس میں کراچی میں قائم اسکول سن اکیڈمی بھی شامل ہے
طار ق میر اور ایم انور نے بعض تکنیکی وجوہات کو جواز بناکرلندن پارٹی کے اثاثوں کو بھی اپنی ذاتی جاگیر سمجھ لیا ہے
اگر تحریک ان مشکل حالات کا شکار نہ ہوتی تو کوئی بھی فرد تحریک کی امانت میں خیانت کا تصور تک نہیں کرسکتا تھا
تنظیم انتہائی مالی مشکلات کا شکار ہے لہٰذا ان باتوں کا تمام تحریکی ساتھیوں کے علم میں لانا ضروری تھا
مخیرحضرات ، تحریک کی مالی مدد کرنا چاہتے ہیں مگر ایجنسیوں کے ڈرسے آگے نہیں آرہے
یقین دلاتا ہوں کہ مخیرحضرات جس طرح بھی چاہیں مالی مدد کریں ، ان کا نام اور جگہ سوفیصد صیغہ ء راز میں رکھاجائے گا، طار ق جاوید
لندن۔۔۔7، مئی 2020ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین کی آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کرنے کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں ۔ 16،اپریل 2020ء کی رات چند مسلح افراد جدید ہتھیاروں کے ساتھ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کا دروازہ توڑکر آفس میں داخل ہوئے ،آفس سے ٹی وی ، لیپ ٹاپ ، 30 سال سے جمع شدہ VHS کیسٹیں اور اہم کاغذات لیکر فرار ہوگئے ۔ واضح رہے کہ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن گزشتہ تقریباً دوبرسوں سے فروخت کی غرض سے بند پڑا ہوا ہے اور ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کا کام کسی دوسری جگہ سے کیاجارہا ہے ۔ اس دوران سیکریٹریٹ کے فون نمبراور مختلف موبائل فون نمبروں پر قائد تحریک جناب الطاف حسین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں ۔
ایم کیوایم کے قائم مقام کنوینر طارق جاویدنے آج ہنگامی اجلاس بلاکر تمام ترحالات ساتھیوں کے سامنے رکھے جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیاگیا کہ دنیا بھرکے تمام کارکنان ،ہمدردوں اورقائد تحریک جناب الطاف حسین کی فکری نشستوں میں شرکت کرنے والوں کو تمام ترحالات سے آگاہ کردیاجائے ۔ شدید مالی بحران کے باعث قائد تحریک جناب الطاف حسین کی سیکوریٹی پر مامور گارڈز ہٹادیئے گئے تھے جس کے بعد گزشتہ ڈیڑھ برس سے ساتوں دن24 گھنٹے ایم کیوایم برطانیہ کے کارکنان سیکوریٹی کے فرائض نہایت چابکدستی سے ادا کررہے ہیں ۔
طارق جاوید نے کہاکہ یہاں اس بات کا تذکرہ کرنا ضروری ہے کہ مستحقین کی امداد کیلئے اوورسیز میںCharitable ونگ بنانے کی ضرورت پیش آئی لہٰذا ایم کیوایم کا Charitable ونگ Society for unwell and needy (SUN) قائم کیاگیا ،اس کا سارا انتظام قائد تحریک جناب الطاف حسین نے کرایااورسن چیریٹی کا انچارج سید طارق میر کو بنایا۔ سن چیریٹی کے قیام سے لیکر آج کے دن تک طارق میر نے اس فلاحی ادارے کے فنڈز کا حساب پارٹی کو نہیں دیا جس میں کراچی میں قائم اسکول سن اکیڈمی بھی شامل ہے ۔ اس اسکول کے قیام پر خرچ ہونے والے کروڑوں روپے کا بھی کوئی حساب نہیں دیاگیااورآج تک یہ سب طارق میر کے قبضے میں ہے۔ طارق جاوید نے کہاکہ 22، اگست2016ء کے بعد قائد تحریک جناب الطاف حسین نے
صفحہ نمبر2
طارق میر سے کہاکہ شہداء کے اہل خانہ کی امداد ، شہیدوں کے یتیم بچوں کی تعلیم ، شادی بیاہ، لاپتہ واسیر کارکنان کے اہل خانہ کی امداد ، لاپتہ کارکنان کی بازیابی اور جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں اسیرکارکنان کی قانونی امداد اور غریب مستحقین کی امداد سن چیریٹی کے ذریعے کی جائے جس پر طارق میر نے تمام ساتھیوں کے سامنے صاف انکار کردیا اور انکارکرتے ہوئے کہاکہ یہ سن چیریٹی میری تنظیم ہے ، میں اس کا انچارج ہوں ، میں جس کی چاہے مدد کروں ، جس کی چاہے مدد نہ کروں یہ میری مرضی پر منحصر ہے اور سن چیریٹی کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ طارق میر نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں سن چیریٹی کے تحت قائم کردہ اسکول سن اکیڈمی کا بھی ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ طارق میر نے قائد تحریک جناب الطاف حسین سے قرض لیکر لندن میں سن چیریٹی کے نام سے گھر خریدا اوراسے کرائے پر دے دیا جوکہ آج کے دن تک طارق میر کے قبضے میں ہے ۔طارق جاوید نے کہاکہ اسی طرح مشکل اورکڑے وقت کیلئے ایم کیوایم نے کچھ پراپرٹیز خریدی تھیں لیکن طار ق میر اور ایم انور نے بعض تکنیکی وجوہات کو جواز بناکر پارٹی کے ان اثاثوں کو بھی اپنی ذاتی جاگیر سمجھ لیا ہے اورتحریک کی جانب سے بار بار کہنے کے باوجود یہ دونوں افرادتحریک کی امانت واپس کرنے سے مسلسل انکار کررہے ہیں۔ اسی طرح سینکڑوں افراد ہیں جوکہ پاکستان اور یہاں وہاں تحریک کا پیسہ کھاگئے ہیں جس کے باعث تنظیم انتہائی مالی مشکلات کا شکار ہے لہٰذا ان باتوں کا تمام تحریکی ساتھیوں کے علم میں لانا ضروری تھا ۔ طارق جاوید نے کہاکہ اس وقت پارٹی مشکل حالات کا شکار ہے جس کافائدہ اٹھایاجارہا ہے ، اگر تحریک ان مشکل حالات کا شکار نہ ہوتی تو کوئی بھی فرد تحریک کی امانت میں خیانت کا تصور تک نہیں کرسکتا تھا۔
طارق جاوید نے مزید بتایا کہ فی الحال ہم اب تک CCTV کیمرے کی مدد سے اس شخص کی فوٹو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جو انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے اندر داخل ہوا تھا ۔ طارق جاوید نے ساتھیوں سے کہاکہ آپ خود تصویر کو غور سے دیکھ کر اندازہ لگاسکتے ہیں کہ یہ شخص باقاعدہ تربیت یافتہ کمانڈو نظر آتا ہے ۔ طارق جاوید نے کہاکہ ایم کیوایم کے مرکز اور تمام سینئر کارکنان بمعہ ایم کیوایم برطانیہ کے کارکنان مکمل طورپر چوکس ہیں ۔ آپ سب قائد تحریک جناب الطاف حسین کی سلامتی اور انکی لمبی عمر کی دعائیں کریں اور آپ کے جو جو رشتہ دار اوورسیز ممالک میں رہتے ہیں ان سے بھی درخواست کریں کہ وہ ایم کیوایم کی ہرممکن بھرپورمالی مدد کریں۔
طارق جاوید نے کہاکہ میں یہاں ایک بات بتانا بہت ضروری سمجھتا ہوں کہ بہت سے مخیرحضرات قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی مالی مدد کرنا چاہتے ہیں مگر ایجنسیوں کے ڈرسے وہ آگے نہیں آرہے ہیں ۔ میں ایسے تمام حضرات کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ جس طرح بھی چاہیں ہماری مالی مدد کریں ، ہم ان کا نام اور جگہ سوفیصد صیغہ ء راز میں رکھیں گے ۔ آخر میں طارق جاوید نے بھرپورزور دیتے ہوئے کہاکہ تمام وفاپرست مائیں ، بہنیں ، بزرگ ، نوجوان تحریکی ساتھی اور معصوم بچے اور بچیاں قائد تحریک جناب الطاف حسین کو اپنی دعاؤں میں ضروریاد رکھیں، قائد تحریک کی صحت وتندرستی ، ناگہانی آفات سے تحفظ اور درازی عمر کیلئے دعائیں کرتے رہیں۔
٭٭٭٭٭