عارف وزیرکا سفاکانہ قتل ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، قائد تحریک الطاف حسین
پنجابی ملٹری اسٹیبلشمنٹ مظلوم پشتونوں، بلوچوں ، سندھیوں اورمہاجروں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنارہی ہے
مسلح حملہ میں عارف وزیرکاسفاکانہ قتل ریاستی دہشت گردی کاتسلسل ہے
عارف وزیر کی شہادت کی افسوسناک خبرسن کر مجھے ذاتی طورپر دلی صدمہ پہنچا ہے
غم کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے مسلح حملے میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور فاٹاسے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے فرسٹ کزن عارف وزیر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے اور عارف وزیرپرقاتلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ اخباری اطلاعات کے مطابق جمعے کے روز پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما عارف پر وزیرشمالی وزیرستان وانا میں مسلح حملہ کیاگیا تھا اور عارف وزیرحملہ آوروںکی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے تھے اور آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے ۔( اناللہ وانا الہ راجعون)
جناب الطاف حسین نے کہاکہ عارف وزیرکا سفاکانہ قتل ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال اوربزدلانہ کارروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ عارف وزیر کی شہادت کی افسوسناک خبرسن کر مجھے ذاتی طورپر دلی صدمہ پہنچا ہے اورمیں عارف وزیرکی شہادت سے مظلوم پشتونوں کے دکھ اور صدمے کااندازہ کرسکتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ ایک جانب پاکستان کی پنجابی ملٹری اسٹیبلشمنٹ مظلوم پشتونوں، بلوچوں ، سندھیوں اورمہاجروںکو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنارہی ہے ، ان کے جائز حقوق اور وسائل پر قبضہ کررہی ہے جبکہ دوسری جانب ریاستی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے اورحقوق کا مطالبہ کرنے والوں کو نہ صرف جبری لاپتہ کیاجارہاہے ، ماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے ، گرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جارہاہے بلکہ مسلح حملہ کرکے انہیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بھی بنایاجارہا ہے اور عارف وزیرکاسفاکانہ قتل ریاستی دہشت گردی کاتسلسل ہے ۔ جناب الطاف حسین نے مطالبہ کیاکہ عارف وزیر کے سفاکانہ قتل کافوری نوٹس لیاجائے ، مسلح حملہ اور ان کے سرپرستوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیاجائے اور مظلوم قومیتوں پر ریاستی مظالم کا سلسلہ بند کیاجائے۔
جناب الطاف حسین نے عارف وزیرکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عارف وزیرشہید کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اورسوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ (آمین)
٭٭٭٭٭