فائیو جی ٹیکنالوجی پربڑی طاقتوں کے اختلافات اور کورونا وائرس کی وباء تیسری عالمی جنگ کا
پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے، قائد تحریک الطاف حسین
ماضی میں دنیا جب بھی اس قسم کے حالات سے گزری ہے تو جغرافیے تقسیم ہوئے ہیں
دنیا میں بڑی تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیںجومظلوموںکی تحریک چلانے والوں کومستقبل کے اشارے دے رہی ہے
تحریکی کارکنان خواب غفلت کے بجائے شعوری بیدار ی کامظاہرہ کریں اوردنیا کے بدلتے ہوئے حالات پر نگاہ رکھیں
2011 ء میں بننے والی فلم Contagion اورکوروناوائرس کی وباء کے باعث
آج کے عالمی حالات محض اتفاق نہیں
اگر فائیو جی ٹیکنالوجی پر ان بڑی طاقتوں میں اختلافات کا سلسلہ جاری رہا تو یہ تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے
لاہورہائی کورٹ نے میری تحریر وتقریر اور تصویر نشر یا شائع کرنے پر چھ ماہ کی پابندی عائد کی تھی
کسی چیف جسٹ آف پاکستان نے نائن زیرو پر غیرآئینی اور غیرقانونی بندش کا نوٹس نہیں لیا
برطانیہ میں بھی مجھے 22، اگست2016ء کے مقدمے میں ملوث کیاگیا ہے
یقین دلاتا ہوںکہ الطاف حسین اپنی جان تو دے سکتا ہے لیکن اپنی قوم کا سر ہرگز جھکنے نہیں دے گا
سندھ کے باشعور عوام سمجھ چکے ہیں کہ سندھیوں اورمہاجروںکا دشمن مشترک ہے
سندھ کی دیہی اور شہری آبادی کا اتحاد ہی پنجاب کی غلامی سے نجات کی ضمانت ہے
ساؤتھ افریقہ میں مستحق خاندانوںمیں غذائی اجناس کی فراہمی پرزبردست خراج تحسین
ساؤتھ افریقہ یونٹ کے ذمہ داران اورکارکنان سے ٹیلی فون پرانتہائی اہم اور فکرانگیز تفصیلی خطاب
لندن۔۔۔13، اپریل2020
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد تحریک جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی پربڑی طاقتوں کے اختلافات اور کورونا وائرس کی وباء تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے اور ماضی میں دنیا جب بھی اس قسم کے حالات سے گزری ہے تو جغرافیے تقسیم ہوئے ہیں لہٰذا ہمیں خواب غفلت میں مبتلا رہنے کے بجائے بیدار رہنا چاہئے اور دنیا کے بدلتے ہوئے حالات پر نگاہ رکھنی چاہیے ۔
ان خیالات کااظہار جناب الطاف حسین نے آج ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ یونٹ کے ذمہ داران اورکارکنان سے ٹیلی فون پرانتہائی اہم اور فکرانگیز تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ یونٹ کے جوہانسبرگ چیپٹر، کیپ ٹاؤن چیپٹر، ڈربن چیپٹراور پیٹرزبرگ چیپٹرز کے ذمہ داران اورکارکنان کو خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تحت مستحق خاندانوںمیں غذائی اجناس کی فراہمی پرزبردست خراج تحسین اور شاباش بھی پیش کی اور انکی صحت وتندرستی اور درازی عمر کیلئے دعائیں بھی کیں۔
جناب الطاف حسین نے کہا کہ کوروناوائرس کی عالمی وباء نیوورلڈ آرڈر کا حصہ ہے، فائیو جی ٹیکنالوجی کی وجہ سے دنیاکاکوئی بھی فرد اپنے گھر میں بھی محفوظ نہیں رہ سکے گا اورکسی بھی فرد کی راز داری خفیہ نہیں رہ پائے گی ۔انہوںنے کہاکہ 2011 ء میں بننے والی فلم Contagion میں دنیا کے وہی حالات دکھائے گئے ہیں جو کوروناوائرس کی وباء کے باعث آج سامنے آرہے ہیں جسے محض اتفاق قرارنہیں دیا جاسکتا۔ انہوںنے مزید کہاکہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے معاملہ پر بڑی طاقتوںمیں اختلافات بھی دیکھنے میں آرہے ہیں، اگر فائیو جی ٹیکنالوجی پر ان بڑی طاقتوں میں اختلافات کا سلسلہ جاری رہا تو یہ تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ دنیا میں بڑی تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیںجوعقل رکھنے والوںاورمظلوموںکی تحریک چلانے والوں کومستقبل کے اشارے دے رہی ہے ، تحریکی کارکنان ان اشاروںکو سمجھیں اور خواب غفلت میں مبتلا رہنے کے بجائے شعوری بیدار ی کامظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے بدلتے ہوئے حالات پر نگاہ رکھیں تاکہ وہ آنے والی نسلوںکا مستقبل محفوظ اور بہتر بناسکیں۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ستمبر 2015ء میں لاہورہائی کورٹ نے میری تحریر وتقریر اور تصویر نشر یا شائع کرنے پر چھ ماہ کی پابندی عائد کی تھی اور عدالت میں محترمہ عاصمہ جہانگیر میرے مقدمے کی پیروی کررہی تھیں ، ان کے پراسرارقتل کے بعد کسی وکیل میں اس مقدمے کی پیروی کرنے کی ہمت نہیں ہوئی ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان چھوٹی چھوٹی باتوں پر ازخود نوٹس لیتے رہے ہیں لیکن کسی نے آج تک ملک کی ایک بڑی جماعت کے قائد الطاف حسین کے گھرنائن زیرو پر غیرآئینی اور غیرقانونی بندش کا نوٹس نہیں لیا، عظیم دانشور اور فلاسفر پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفرعارف سمیت دیگر ساتھیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کا نوٹس نہیں لیا ، نہ ہی ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوںکوبازیاب اور جیلوںمیں اسیر بے گناہ کارکنوںکورہاکرایا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ برطانیہ میں بھی مجھے 22، اگست2016ء کے مقدمے میں ملوث کیاگیا ہے لیکن میں آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہوں کہ جس ملک کو ہمارے اجداد نے عظیم قربانیاں دیکر حاصل کیاتھا اس ملک میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے محافظ اپنے مظلوم عوام کے قاتل بن جائیں ، ماؤں ، بہنوںاور بیٹیوںکی بے حرمتی کریں ، چھاپوںکی آڑ میں چادر وچہاردیواری کا تقدس پامال کریں اور عدالتوںمیں ہماری فریاد تک نہ سنی جائے تو ہم ایسے متعصبانہ عمل کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے اوراپنا آئینی ، قانونی اورانسانی حق استعمال کرتے ہوئے اس ظلم وناانصافی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں ہمیشہ کہتارہا ہوںکہ تحریک میں ہرشخص چاہے وہ کسی بھی مقام اورپوزیشن پر فائز ہو وہ اپنے نظریہ کا سودا کرسکتا ہے لیکن نظریہ دینے والا کبھی بھی اپنے نظریہ سے انحراف نہیں کرسکتا۔ میں تمام وفاپرست ساتھیوںکو یقین دلاتا ہوںکہ برطانیہ میں چاہے مجھے سزا دے دی جائے ، الطاف حسین اپنی جان تو دے سکتا ہے لیکن اپنی قوم کا سر ہرگز جھکنے نہیں دے گا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ماضی میں پنجابی اسٹیبلشمنٹ نے ''لڑاؤ اور حکومت کرو'' کی سازش کے تحت سندھ دھرتی کے بیٹوںمیں تفریق پیدا کی اور میری شروع سے یہی کوشش رہی ہے کہ سندھ دھرتی کے مستقل باشندوںکے درمیان اتحاد ، یگانگت اور محبت کی فضاء فروغ پائے ۔اللہ کے فضل وکرم اور،ہماری دن رات کی
محنت سے سچے سندھی قوم پرستوںکا اتحاد فروغ پارہا ہے اورسندھ کے باشعور عوام سمجھ چکے ہیں کہ سندھیوں اورمہاجروںکا دشمن مشترک ہے ، اس دشمن کا مل کر ہی مقابلہ کیاجاسکتا ہے اور سندھ کی دیہی اور شہری آبادی کا اتحاد ہی پنجاب کی غلامی سے نجات کی ضمانت ہے ۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث محنت مزدوری اور ملازمت پیشہ افراد شدید مالی مشکلات اور غذائی قلت کا شکارہیں،پاکستان اوراوورسیز یونٹوںکے وفاپرست کارکنوں اور ہمدردوں کی جانب سے ذاتی طورپراور وفافاؤنڈیشن کے تحت شہیدوں ، لاپتہ اور اسیر کارکنان کے اہل خانہ اور دیگر مستحق خاندانوں کوراشن فراہم کیاجارہا ہے ، خلق خدا کی خدمت کا یہ سلسلہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی جاری ہے اور مختلف ممالک میں مقامی مستحقین کی بھرپورامداد کی جارہی ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس مرتبہ ایم کیوایم کے تمام اوورسیز یونٹوں کے مقابلے میں ساؤتھ افریقہ یونٹ امدادی سرگرمیوں میں پہلے نمبر پر آگیا ہے جس پر میں اپنی اور رابطہ کمیٹی کی جانب سے محنت ولگن سے کام کرنے والے ساؤتھ افریقہ کے تمام چیپٹرز کے ایک ایک ساتھی کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین ، شاباش اوراپنا پیارپیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے امید ہے کہ خلق خدا کی خدمت کے اس جذبے سے ایم کیوایم کے تمام اوورسیز یونٹوںمیں مثبت مقابلے کا رحجان پیدا ہوگااورآزمائش کے اس مرحلے میں دیگر یونٹوں کے کارکنان بھی مستحقین کی بڑھ چڑھ کرمدد کریں گے ۔
جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ایک ایک وفاپرست ساتھی کے نیک جذبے اور کاوش کو قبول فرمائے اور خلق خدا کی خدمت کرنے والے ساتھیوں اور ان کے اہل خانہ کو اجز عظیم عطا فرمائے ۔ (آمین ثمہ آمین)
٭٭٭٭٭