حق پرست عوام بابائے مہاجر قوم جناب الطاف حسین کے حفظ و امان اور سلامتی کے لئے دعائیں کریں، رابطہ کمیٹی کی اپیل
قائد تحریک کی رہائش گاہ پر مشکوک گاڑیوں اور افراد کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوگیا ہے
آج ایک مشکوک کار جناب الطاف حسین کی رہائش گاہ کے مرکزی گیٹ کے باہر کھڑی ہوگئی
کار میں موجود مرد و خاتون گھر کی تصاویر لیتے رہے اور ملاقات کے لئے اونچی آواز میں بحث ومباحثہ کرتے رہے
رابطہ کمیٹی نے اس کی اطلاع تمام تر تفصیلات کے ساتھ مقامی پولیس اسٹیشن کو کردی ہے
قائد تحریک کے حوصلے کارکنان و عوام، ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی دعاؤں سے آج بھی چٹان کی طرح مضبوط ہیں
لندن، 14جون2019ء
مرکزی رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین نے تمام حق پرست عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بابائے مہاجر قوم اور بانی و قائد جناب الطاف حسین کے حفظ وامان اور سلامتی کے لئے دعائیں کریں۔ رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جناب الطاف حسین کی رہائی کے بعد ان کی رہائش گاہ پر مشکوک گاڑیوں اور افراد کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوگیا ہے اورآج یعنی بروز جمعہ 14جون 2019ء کو سہ پہر 3.37pmپر ایک مشکوک کار جناب الطاف حسین کی رہائش گاہ کے مرکزی گیٹ کے باہر کھڑی ہوگئی، پانچ منٹ بعد اس گاڑی میں سے ایک خاتون اور مرد باہر آکر گیٹ پر آئے تو وہاں موجود ایم کیو ایم کے رضاکاروں سے کہا کہ ہم الطاف حسین کے فین ہیں اور ان سے ملنا چاہتے ہیں جس پر رضاکاروں نے بتایا کہ جناب الطاف حسین گھر پر موجود نہیں ہیں تو وہ گھر کی تصاویر لیتے رہے اور جناب الطاف حسین سے ملنے کے لئے رضاکاروں سے اونچی آواز میں بحث ومباحثہ کرتے رہے۔ وہ مشکوک انداز میں وہاں تقریباً سولہ منٹ تک رکنے کے بعد وہاں سے چلے گئے۔ رابطہ کمیٹی نے اس کی اطلاع تمام تر تفصیلات کے ساتھ مقامی پولیس اسٹیشن کو کردی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دشمن عناصر بابائے مہاجر قوم قائد تحریک الطاف حسین کو برسوں سے جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کی کوششیں اور سازشیں کرتے رہے ہیں جن میں اب اضافہ ہو گیا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے رابطہ کمیٹی نے حق پرست عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جناب الطاف حسین کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ بابائے مہاجر قوم جناب الطاف حسین اس قسم کے حالات سے نہ پہلے گھبرائیں ہیں اور نہ آج گھبرائیں ہیں، ان کے حوصلے کارکنان و عوام، ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی دعاؤں سے آج بھی چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔
٭٭٭٭٭