کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کے واقعات پرقائد تحریک الطاف حسین کااظہار مذمت
نیوزی لینڈ جیسے پرامن اور جمہوریِ ملک میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کارحجان انتہائی تشویشناک ہے، الطاف حسین
مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان وعوام ، سوگوارلواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، الطاف حسین
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات میں درجنوں نمازیوں کے شہیدو زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ نیوزی لینڈ جیسے پرامن اور جمہوری ملک میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کارحجان انتہائی تشویشناک ہے اور اس مسئلہ کے حل کیلئے بین الاقوامی سطح پر ٹھوس اور مؤثر اقدامات بروئے کار لانے چاہئیں۔ جناب الطاف حسین نے کرائسٹ چرچ ، نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے نمازیوں کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان وعوام آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ،تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ جناب الطاف حسین نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے نمازیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔
*****