سہراب گوٹھ پر پی ٹی ایم کے پرامن دھرنے کے بعد بے گناہ مہاجروں اورپشتونوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ۔ رابطہ کمیٹی
پرامن دھرنے میں ہزاروں افراد کی شرکت او ر پشتونوں اورمہاجروں کے درمیان یکجہتی سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ بری طرح بوکھلاگئی ہے
کراچی کے مختلف علاقوں سے فوج اوررینجرز نے کئی پشتونوں اوربے گناہ مہاجرنوجوانوں کوگرفتارکیااورنامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے
یہ کیسی نام نہاد جمہوریت ہے کہ جس میں پرامن احتجاج اور اظہاررائے تک کی آزادی نہیں ہے۔رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ اسٹریٹوکریسی اورغیراعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے ۔رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ
ریاستی مظالم کاسلسلہ بند کیاجائے اورتمام گرفتارشدگان کوفی الفوررہاکیاجائے ۔رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ
لندن ۔۔۔ 28 جنوری 2019ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں ریاستی مظالم کے خلاف سہراب گوٹھ پرپشتون تحفظ موومنٹ کے پرامن دھرنے کے بعد مہاجروں اور پشتونوں کی گرفتاریوں اورچھاپوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بجائے اس کے کہ بے گناہ افراد کی گرفتاریوں،جبری گمشدگیوں اور ریاستی مظالم کاسلسلہ بند کیاجاتا، گرفتارشدگان اورلاپتہ افراد کوبازیاب کیاجاتا، ظالم وفاقی وصوبائی حکومت اورریاستی اداروں نے ریاستی مظالم کے خلاف کراچی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے پرامن دھرنے کوختم کرانے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے اختیارکرناشروع کردیے ہیں، کل سہراب گوٹھ پرجبری گمشدگیوں کے خلاف پی ٹی ایم کے پرامن دھرنے میں ہزاروں افراد کی شرکت اوراس دھرنے میں پشتونوں اورمہاجروں کے درمیان یکجہتی کے مظاہرے سے وفاقی وصوبائی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ بری طرح بوکھلاگئی ہے اوراس نے اس دھرنے میں شرکت کرنے والے بے گناہ پشتونوں اور مہاجروں کو گرفتارکرناشروع کردیاہے ،اتوارکی شب فوج اوررینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اوردرجنوں بے گناہ پشتونوں اور مہاجر نوجوانوں کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے۔ان چھاپوں کے دوران اہل خانہ سے بدسلوکی کی گئی اور خواتین اور بچوں کوہراساں کیاگیا۔اسی طرح فوج نے سہراب گوٹھ پر جاری دھرنے کی جگہ پربھی کارروائی کی اوروہاں سے سامان اٹھاکرلے گئے اور وہاں موجود افرادکوہراساں کیا ۔ رابطہ کمیٹی نے ان چھاپوں ، گرفتاریوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس پرامن دھرنے میں شرکاء نے بے گناہ افراد کی رہائی کامطالبہ کیااوراپنے دکھ کوبیان کیالیکن اس پر بھی انہیں ریاستی مظالم کانشانہ بنایاجارہاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ کیسی نام نہاد جمہوریت ہے کہ جس میں پرامن احتجاج اور اظہاررائے تک کی آزادی نہیں ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ جمہوریت نہیں بلکہ اسٹریٹوکریسی اورغیراعلانیہ مارشل لاء ہے جس میں صرف فوج کی کاسہ لیسی کرنے والوں کوکام کرنے کی آزادی ہے لیکن اپنے حقوق مانگنے اورظلم کے خلاف پرامن احتجاج کرنے تک کی آزادی نہیں ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ سراسر ظلم ہے ، اس ظلم کوبند کیاجائے اورتمام گرفتارشدگان کوفی الفوررہاکیاجائے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حکومت اوراسٹیبلشمنٹ کواس بات کوسمجھ لینا چاہیے کہ اب اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے پشتونوں، مہاجروں، بلوچوں اور تمام مظلوموں کوان کی پرامن جدوجہد سے روکانہیں جاسکتا۔
*****