قبائلی علاقوں میں طالبان اوردیگرکالعدم تنظیمیں کھل کرکام کررہی ہیں۔الطاف حسین
فوج کی قیادت کوحقائق کوتسلیم کرکے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرناہوگی
لندن ۔۔۔ 30 دسمبر 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں طالبان اوردیگرکالعدم تنظیمیں کھل کرکام کررہی ہیں اورفوج کی جانب سے ان کے استقبال کئے جارہے ہیں، جس کے بارے میں تصویریں اوروڈیوز سوشل میڈیاپر وائرل ہیں،ایسے ہی اقدامات کی وجہ سے دنیا پاکستان کی جانب انگلی اٹھارہی ہے ۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روزاپنے خطاب میں کہی ۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیاکہہ رہی کہ پاکستان میں طالبان اور دیگر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں،پاکستان انکارکرتاہے لیکن آج بھی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں طالبان اوردیگرکالعدم تنظیمیں کھل کر کام کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ طالبان گروہ جنہوں نے پاکستان کے آئین اورشریعت کوتسلیم کرنے سے انکار کیا ، جنہوں نے پاکستان میں جی ایچ کیو اور دفاعی تنصیبات پر حملے کئے، دہشت گردی کرکے سیکوریٹی فورسزکے افسروں اورجوانوں اورہزاروں شہریوں کوشہید کیاان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے نہیں کی گئی، اس کے بجائے قبائلی علاقوں میں غریب پشتونوں پر بمباری کی گئی ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ احسان اللہ احسان جس نے آرمی پبلک اسکول پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ،جس نے ملک میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی ،جوہزاروں شہریوں کے قتل اور دہشت گردی میں ملوث ہے اس کوفوج نے ’’ شاعر اورادیب ‘‘ بناکرپیش کیا اوروہ آج بھی فوج کامہمان بناہواہے،فوج کے ریٹائرڈ جرنیل ٹی وی پربیٹھ کراس کی وکالت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ احسان اللہ احسان کسی دہشت گردی میں براہ راست ملوث نہیں ہے جبکہ دوسری جانب ایم کیوایم کے رہنماؤں، کارکنوں کومحض خودساختہ الزامات کی بنیادپر قاتل اوردہشت گرد بناکرپیش کیا جاتا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ احسان اللہ احسان نے ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی اورایم کیوایم کے لوگوں کونشانہ بنانے کی کھلے عام دھمکی دی اس کی وڈیو موجود ہے لیکن اس کوسزانہیں دی گئی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان میں واضح طورپرکہاگیاہے کہ’’ کوئی بھی کالعدم تنظیم نام بدل کر کام نہیں کرسکتی ، اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ‘‘لیکن دوروزقبل فوج نے کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں کوباقاعدہ سرکاری طورپرشمالی علاقہ جات کا دورہ کرایا ۔ اس کی تصاویر خود کالعدم تنظیم نے باقاعدہ اپنے سوشل میڈیااکاؤنٹ سے جاری کیں،ان تصویروں میں دیکھاجاسکتاہے کہ فوج کے جرنیلوں اوراعلیٰ افسران نے کس طرح کالعدم تنظیم کے رہنماؤں کااستقبال کیا،ان کی دعوتیں کیں اوران کے آگے ہاتھ باندھے ہوئے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کالعدم تنظیموں کی وجہ سے پاکستان بلیک لسٹ کیاجارہاہے لیکن ان کی توکھل کرسرپرستی کی جارہی ہے جبکہ جواپنے حقو ق کیلئے جدوجہدکرنے والے ہیں اورجواسٹیبلشمنٹ کی غلط پالیسیوں کے خلاف تنقیدکرتے ہیں ان کوقتل کیاجارہاہے ، بلوچ حقوق کی جدوجہد کرنے والے ایک حریت پسند رہنماگرفتارکرنے کے بجائے بم حملے میں ماردیاگیاتواس پر شادیانے بجائے گئے ۔انہوں نے کہاکہ فوج کی انہی پالیسیوں کی وجہ سے اب پنجاب میں بھی عوام کھل کر آئی ایس آئی ،فوج اورآرمی چیف کانام لے کران کے خلاف نعرے لگارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فوج کی قیادت کوحقائق کوتسلیم کرکے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرناہوگی۔
*****