سید علی رضاعابدی شہید کے قتل میں جی ایچ کیو اورآئی ایس آئی پوری طرح ملوث ہے۔الطاف حسین
میرے پاس جی ایچ کیو کی اس سازش کے ثبوت اورگواہان موجود ہیں، اگرعالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا
جائے تومیں اس بات کے ثبوت وشواہد اورگواہان کوبھی پیش کرنے کیلئے تیارہوں
ایم کیوایم کے قائدالطا ف حسین کاعلی رضاعابدی کی شہادت کے حوالے سے اپنے اہم اورتفصیلی تعزیتی خطاب
لندن ۔۔۔ 28 دسمبر 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے سابق رکن قومی اسمبلی سید علی رضاعابدی شہید کے قتل میں پاکستان کی فوج کاجی ایچ کیو اورآئی ایس آئی پوری طرح ملوث ہے کیونکہ وہ فوج کے منصوبوں کوناکام بنا رہاتھا، میرے پاس جی ایچ کیو کی اس سازش کے ثبوت اورگواہان موجود ہیں، اگرعالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایاجائے تومیں اس بات کے ثبوت وشواہد اورگواہان کوبھی پیش کرنے کیلئے تیارہوں۔ انہوں نے یہ بات سید علی رضا عابدی کی شہادت کے حوالے سے اپنے اہم اورتفصیلی تعزیتی خطاب میں کہی۔ ان کایہ خطاب سوشل میڈیاکے ذریعے پاکستان سمیت دنیابھرمیں براہ راست نشر کیاگیاجسے لاکھوں افراد نے دیکھا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ سید علی رضاعابدی شہید کے بہیمانہ قتل میں جی ایچ کیوکے ملوث ہونے کاسب سے بڑاثبوت یہ ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرباجوہ اورڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور ہرچھوٹے سے چھوٹے واقعہ پر ہرقتل پر تعزیتی اورمذمتی بیان جاری کرتے ہیں لیکن سید علی رضاعابدی شہید جو پارلیمینٹرین تھے، کراچی کی ایک بڑی ہردلعزیزشخصیت تھے جن کے قتل پر پورے پاکستان کے سیاسی ومذہبی رہنماؤں اورپاکستان سے باہر سے بھی اہم شخصیات نے اس واقعہ پر مذمتی بیانات دیے اورافسوس کااظہارکیالیکن آرمی چیف ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے کوئی مذمتی بیان جاری نہیں کیاگیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ ایسے ہرواقعہ پرکرائم سین کومحفوظ کیاجاتاہے لیکن یہاں نہیں کیاگیا، علی رضاعابدی شہید کاگھرکراچی کے انتہائی اہم اور حساس علاقے میں ہے اوران کے گھرکے قریب تین ممالک کے قونصلیٹ موجودہیں اورجہاں پولیس اورپیراملٹری رینجرزموجود ہوتی ہے لیکن 25دسمبر کی رات کوجب علی رضاعابدی کوان کے گھرکے باہر مسلح دہشت گردوں نشانہ بنایاتواس وقت کوئی پولیس ورینجرزموجود نہیں تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی صاف ظاہر ہوتاہے کہ حملہ آورانتہائی تربیت یافتہ اورمشاق تھے جنہوں نے سیدھے نرخرے پر گولیاں ماریں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سید علی رضا عابدی شہید مہاجروں کاہمدردتھا، اس نے قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے شہرکے عوام کی بڑی خدمت کی تھی، وہ حالات کے جبر کے باعث وقتی طورپر مجبوراً مجھ سے لاتعلق ہوجانے والوں کے ساتھ چلاگیاتھالیکن پھراس نے انہیں چھوڑدیاتھا، اس کادل میرے ساتھ جڑا ہواتھاجس کااظہاراس نے ٹی وی چینلز کے پروگرام اورسوشل میڈیاپر اپنی کئی پوسٹس میں کیاتھا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ سید علی رضاعابدی شہیدمہاجروں کوان کے اصل پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے کوششیں کررہے تھے اوراس مقصد کیلئے انہوں نے Truth and Reconciliation Committee (TRC) بنائی تھی اوروہ اس مقصد کے تحت کراچی میں مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کررہے تھے جس سے فوج خوش نہیں تھی۔فوج کے کہنے پر علی رضاعابدی کی سیکوریٹی بھی واپس لے لی گئی تھی ۔ انہو ں نے کہاکہ علی رضاعابدی شہید سوشل میڈیا پر فوج اور پیراملٹری رینجرز کے مظالم کے خلاف آوازبلندکررہے تھے اوروفاقی وصوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں پربھی کھل کرتنقیدکررہے تھے ، انہوں نے 5دسمبر کو میری والدہ کی برسی، 9دسمبرکوایم کیوایم کی جانب سے منائے جانے والے یوم شہداء کی وڈیو اور تصویروں کے ذریعے پر مشتمل کئی ٹیوٹس کی تھیں اوروہ سوشل میڈیا پر میری مسلسل حمایت کررہے تھے۔جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب میں علی رضا عابدی کیجانب سے سوشل میڈیاپر کی گئیں ان پوسٹ بھی ناظرین کو دکھائیں۔ انہوں نے کہاکہ علی رضا عابدی شہید کواس وجہ سے پیراملٹری رینجرز اورجی ایچ کیو کے ادارے آئی ایس آئی کی جانب سے مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں اورانہیں بارباررینجرزاورآئی ایس آئی کے دفاترمیں بلاکردھمکیاں دی جارہی تھیں۔ گزشتہ دنوں وہ مقدس مقامات کی زیارتوں کیلئے کربلا گئے تووہاں انہوں نے اپنے قریبی دوستوں سے ملاقات میں ان دھمکیوں کے بارے میں بھی بتایا تھا لیکن وہ ان دھمکیوں کے باجود سوشل میڈیاپر الطاف حسین کے حق میں پوسٹ کررہے تھے ، قتل سے چارروزقبل انہیں سیکوریٹی ایجنسیوں کے ایک افسرکی جانب سے دھمکی آمیزپیغام ملاکہ’’ تمہیں ہم نے ہر طرح سمجھایالیکن تمہہاری سمجھ میں نہیں آیا، اب تم اپنی الٹی گنتی گننا شروع کردو ‘‘ ۔ بالآخر25دسمبرکوانہیں گھرکے سامنے فائرنگ کرکے شہیدکردیاگیا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ علی رضاعابدی کے بہیمانہ قتل میں جی ایچ کیو اورآئی ایس آئی پوری طرح ملوث ہے، جی ایچ کیو نے ہی اس کے قتل کی سازش تیارکی کیونکہ وہ فوج کے منصوبوں کوناکام بنا رہاتھا، میرے پاس اس سازش کے ثبوت اورگواہان موجود ہیں، اگرعالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایاجائے تو میں اس بات کے ثبوت وشواہد اورگواہان کوبھی پیش کرنے کیلئے تیارہوں۔ انہوں نے کہاکہ صرف میں ہی نہیں بلکہ کئی سیاسی شخصیات ،صحافیوں، کالم نگاروں اور سوشل میڈیاایکٹوسٹ نے بھی علی رضاعابدی کے قتل میں جی ایچ کیواورسیکوریٹی ایجنسیوں کی طرف انگلی اٹھائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں اب تک جتنی قتل وغارتگری ہوئی ہے وہ آئی ایس آئی اورفوج ہی نے اپنے مذموم مقاصد کے تحت کرائی ہے ، وہ یہاں قتل وغارتگری کراکے کراچی میں اپناآپریشن جاری رکھنے اوراپنی موجود گی کی مدت میں توسیع کراناچاہتی ہے ۔ اب بھی کراچی میں رینجرزکے قیام کی مدت ختم ہونیوالی ہے اسی لئے یہ قتل کی واردات کرائی گئی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ بعض سینئر اینکرزاورصحافی یہ تک کہہ رہے ہیں کہ چونکہ فوج اورپی ٹی آئی کی موجودہ وفاقی حکومت سندھ میں گورنر راج نافذ کرناچاہتے ہیں اس لئے وہ گورنرراج کاجوازپیدا کرنے کے لئے بھی جان بوجھ کر حالات خراب کرارہی ہیں ، علی رضاعابدی کاقتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ فوج اورآئی ایس آئی اپنے مذموم مقاصد کے تحت اس کاواقعہ کاالزام ایم کیوایم اورالطاف حسین پر لگانے کے لئے میڈیاپراپنے پے رول پر کام کرنے والے صحافیوں اورتجزیہ نگاروں کی جانب سے جھوٹی اورمن گھڑت خبریں اورتجزے بھی نشرکرارہی ہے لیکن عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ فوج اورایجنسیاں علی رضاعابدی کے قتل میں ملوث ہیں۔ جناب الطاف حسین نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے علی رضاعابدی کے قتل پر سوموٹولینے سے انکارکی بھی شدیدمذمت کی اورکہاکہ یہ چیف جسٹس مکمل طورپرفوج کے احکامات پر عمل کررہے ہیں اسی لئے انہوں نے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کے لئے سوموٹولینے سے انکارکردیا۔
جناب الطاف حسین نے سیدعلی رضاعابدی شہید کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ علی رضاعابدی میرے بیٹوں کی طرح تھا، وہ لبرل ،پروگریسو اورانسانیت پر یقین رکھنے والا نوجوان تھا، وہ پاکستان میں رائج اسٹیٹس کو اورفوجی تسلط کاخاتمہ چاہتاتھااورملک میں ایک حقیقی جمہوریت دیکھناچاہتاتھا، اس نے جوقربانی دی ہے وہ رائیگاں نہیں جائے گی اورایک دن پاکستان اس فوجی تسلط سے ضرور آزادہوگا۔ جناب الطاف حسین نے علی رضاعابدی شہید کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی اوران کے تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہاربھی کیا۔