نیب عدالت کی جانب سے نوازشریف کودی گئی سزاکے حوالے سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کاتبصرہ
ملک کے قانون کااطلاق سب کیلئے مساوی ہوناچاہیے اورکوئی بھی قانون سے بالاترنہیں ہوناچاہیے۔رابطہ کمیٹی
فوج کرپشن کاالزام لگاکرسب کااحتساب کرتی ہے لیکن فوج کے کرپٹ لوگوں کاحتساب کیوں نہیں ہوسکتا؟
انتقامی فیصلوں پر پنجاب کے عوام میں نیب ، اسٹیبلشمنٹ اورفوج کے خلاف نفرت پھیل رہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی
نوازشریف کوسزاسنائے جانے کے بعد پنجاب کے لوگوں نے جونعرے لگائے ہیں وہ لمحہ فکریہ ہیں۔رابطہ کمیٹی
لندن ۔۔۔ 24 دسمبر 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نیب عدالت کی جانب سے نوازشریف کوسزاکے حوالے سے کہاکہ ملک کے قانون کااطلاق سب کیلئے مساوی ہونا چاہیے اورکوئی بھی قانون سے بالاترنہیں ہوناچاہیے۔ اگرکرپشن پر احتساب کررہے ہیں تویہ احتساب بھی بلاامتیاز اورغیرجانبدارانہ ہوناچاہیے۔یہ بات رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفےٰ عزیزآبادی،منظوراحمد، سفیان یوسف اورڈاکٹرسلیم دانش نے پیر کوانٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں وڈیوبریفنگ میں کہی۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہم بھی یہی کہتے ہیں کہ جنہوں نے ملک کی دولت لوٹی ہے ،کرپشن کی ہے ،ناجائزطریقوں سے دولت بنائی ہے،ان سب کااحتساب ہوناچاہیے اور لوٹی ہوئی دولت واپس وصول کرنی چاہیے لیکن احتساب سب کاہوناچاہیے اوریکساں ہونا چاہیے ،slective Justice نہیں ہوناچاہیے ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ نوازشریف اوراس کے بیٹی اور بیٹوں کو قید کی سزادیدینا لیکن جہانگیرترین کوکرپشن کے مقدمہ میں کوئی قید نہیں ، عمران خان کوبری کردینا،اسے صادق اور امین قراردیدیناکہاں کاانصاف ہے؟اثاثے بنانے کے الزام میں نوازشریف کی بیٹی کو سزا لیکن عمران خان کی بہن حلیمہ خان کوصرف جرمانہ لیکر چھوڑدینا کونسا انصاف ہے؟کرپشن کے الزام کی بنیاد پرن لیگ کے رہنماؤں کوقیدکردیاگیا لیکن عمران خان کے دوست زلفی بخاری ،پنجاب کے وزیرعلیم خان اوربابراعوان کو گرفتارکیوں نہ کیاگیا؟پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک اورپختونخوا کے موجودہ وزیراعلیٰ محمود خان کوصرف نیب میں بلاکرسوالات کرکے واپس کیوں بھیج دیاگیا؟رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس طرح کے انتقامی فیصلوں پر پنجاب کے عوام میں نیب ، اسٹیبلشمنٹ اورفوج کے خلاف نفرت پھیل رہی ہے ،پنجاب کے غیور عوام نے بھی اب ظالم کوظالم کہناشروع کردیاہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم نے پنجاب میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے توبہت سنے تھے لیکن اب پنجاب کے عوام نے فوج کے سربراہ کے خلاف باقاعدہ نام لے کر نعرے لگارہے ہیں۔ آج نیب عدالت کی جانب سے نوازشریف کوسزاسنائے جانے کے بعد پنجاب کے لوگوں نے جونعرے لگائے ہیں وہ لمحہ فکریہ ہیں۔ اس سے پہلے جب مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کونیب عدالت سے سزادی گئی تو اس موقع پربھی فوج اورآئی ایس آئی کے خلاف وہاں کے عوام نے نعرے لگائے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کاش کہ پنجاب کے تمام عوام میں یہی بیداری پھیلے اوروہ سب ملکرظالم کوظالم کہیں اوراپنے اصل مجرم کوپہچانیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فوج کرپشن کاالزام لگاکرسب کااحتساب کرتی ہے لیکن فوج کے کرپٹ لوگوں کاحتساب کیوں نہیں ہوسکتا؟فوج کے کرپٹ جرنیلوں اوران کے بھائیوں نے اربوں کھربوں کی جوکرپشن کی اس پر ان کااحتساب کیوں نہیں ہوتا؟ ریاست مدینہ بنانے کی بات کی جاتی ہے ،نبی آخرالزماں امام الانبیاء حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ نے توفرمایاتھاکہ اگرمیری بیٹی فاطمہ بھی چوری کرتی تواس کوبھی سزادی جاتی ، فوج کے جرنیلوں کوسزاکیوں نہیں دی جاتی؟ انہیں عدالتوں میں پیش کیوں نہیں کیاجاتا؟رابطہ کمیٹی نے سوال کیاکہ یہ کس آئین میں لکھاہے کہ فوج کاجرنیل ریٹائرہوتو اس کوسوسو، ہزار، ہزار ایکڑزمین دی جائے ؟انہوں نے کہاکہ بچہ بچہ جانتاہے کہ فوج کیاکررہی ہے ،اب پنجاب کے غیورعوام میں بھی بیداری آرہی ہے ، اس کاثبوت آج آرمی چیف کے خلاف پنجاب کے عوام کے نعرے ہیں،اب اس پر پنجاب میں بھی کوئی آپریشن شروع کیوں نہیں کیاجاتا؟اب ان نعروں کامقدمہ بھی ایم کیوایم کے خلاف قائم کردیاجائے ،یہی ایجنسیوں کاشیوہ رہاہے اوریہی شرارت ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ فوج اوراس کے اداروں کواپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اورانتقامی پالیسیوں کوترک کرناچاہیے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عمران خان کہتے تھے کہ میں خودکشی کرلوں گالیکن کبھی قرضہ یاامداد نہیں مانگوں گالیکن انہوں نے اپنے اعلانات پر یوٹرن لئے ہیں اوروہ آج ہرجگہ بھیک مانگ رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے اپنی وڈیوبریفنگ میں قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے عیسائی کمیونٹی کو کرسمس کی مبارکبادپیش کی ۔
*****