متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام کل بروز اتوارتحریکی شہیدوں کویادکرنے کیلئے یوم شہداء منایاجائے گا
دوپہر2بجے عزیزآباد میں واقع یادگارشہداء اور شہداء قبرستان پر حاضری دی جائے گی اورقرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائیگی
یوم شہداکے قطعی سیاسی مقاصد نہیں ہیں لہٰذا اس کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔ ڈاکٹرندیم احسان
قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے لئے یادگار شہداء اور شہداء قبرستان جانے والے شہیدوں کے لواحقین اورہمدردوں کو نہ روکا جائے
وفاقی وسندھ حکومت ،ڈی رینجرزمیجرجنرل محمد سعید اور پولیس حکام سے ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان کی اپیل
اگریوم شہداء کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی اورریاستی طاقت استعمال کی گئی تو پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوگی
انسانی حقوق کی تنظیمیں مہاجروں کے آئینی ، قانونی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر صدائے احتجاج بلند کریں
یوم شہداء کے حوالے سے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن اور اوورسیز یونٹوں میں بھی قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائے گی ۔ ڈاکٹرندیم احسان
شہداء نے ایک نیک مشن اور مقصد کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ،وفاپرست عوام شہیدوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے
ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان کی رابطہ کمیٹی اورسینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ارکان کے ہمراہ وڈیوبریفنگ
لندن ۔۔۔ 08، دسمبر2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام کل بروز اتوارتحریکی جدوجہد میں اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کویادکرنے کے لئے یوم شہداء منایاجائے گا او رشہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پرامن طریقے سے عزیزآباد کے جناح گراؤنڈ میں واقع یادگارشہداء اور شہداء قبرستان پر حاضری دی جائے گی ،شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی جائے گی ۔اس بات کااعلان ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان نے آج دوپہررابطہ کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ارکان کے ہمراہ وڈیوبریفنگ میں کیا۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہاکہ کل 9، دسمبر،یوم شہدائے حق ہے،یہ دن غیرت مند اور وفاپرست مہاجروں کیلئے انتہائی محترم ، مقدس اور اہمیت کا حامل دن ہے ،اس روز جناب الطاف حسین کے ماننے والے اپنے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگارشہدائے حق اور شہداء قبرستان پر حاضری دیتے ہیں ،پھول چڑھاتے ہیں ،شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کرتے ہیں اورشہداء کو خراج عقیدت اور سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔لیکن گزشتہ دوبرسوں سے ریاستی طاقت کے بل پرشہیدوں کے لواحقین اور غیرت مند مہاجروں کو یوم شہداء منانے سے روکاجارہا ہے ، یادگارشہداء اورشہداء قبرستان پر حاضری دینے پرپابندی عائد کی جاتی رہی ہے،گزشتہ روزبھی یادگارشہداء اور شہداء قبرستان جانے والی ماؤں ، بہنوں ، بزرگوں اور نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا،ان پر بندوقیں تانیں گئیں ،معصوم بچوں ،خواتین اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے پابندسلاسل کیا گیا ۔ڈاکٹرندیم احسان نے وفاقی وسندھ حکومت ،ڈی رینجرزمیجرجنرل محمد سعید اور پولیس حکام سے اپیل کی کہ یوم شہداء منانا اور اپنے شہیدوں کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کرناایک خالص اسلامی وشرعی معاملہ ہے ، یوم شہداکے قطعی سیاسی مقاصد نہیں ہیں لہٰذا اس کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں ،کسی بھی مہاجربزرگ، ماں ، بہن ، بیٹی اور نوجوان کو یادگار شہداء اور شہداء قبرستان جانے سے نہ روکا جائے اور انہیں قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کرنے دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ارباب اختیار پر واضح کیا کہ اس یوم شہداء پر پوری دنیا کی نگاہیں لگی ہوئی ہیں اور پوری دنیا اس کو مانیٹر کرے گی ،اگر اس کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی اور پرامن مہاجروں پرطاقت کا استعمال کرنے کا عمل کیا گیا تونہ صرف پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوگی بلکہ ایسا عمل کرنے والے ارباب اختیار اور اقتدار پر اللہ رب العزت کا عذاب عظیم نازل ہوگا۔
ڈاکٹرندیم احسان نے شہیدوں کے لواحقین اورہمدردماؤں بہنوں بزرگوں سے اپیل کہ وہ وقت کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے ٹھیک دوپہر 2 بجے یادگار شہداء پہنچیں ، بھرپوراتحاد کامظاہرہ کریں ،ماضی کی طرح تنظیمی نظم وضبط کامظاہرہ کریں، اپنے ساتھ سپارے ، پانی کی بوتل ، جائے نماز لیکر آئیں اور تمام تر ریاستی جبراوررکاوٹوں کے باوجود پرامن رہتے ہوئے یادگار شہداء پہنچیں اورشہداء کو خراج عقیدت پیش کریں۔انہوں نے تمام وفاپرست ساتھیوں کو یہ ہدایت کی کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والی کسی بھی قسم کی افواہ یا پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور صرف رابطہ کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ہدایت پر ہی عمل کریں۔انہوں نے کہاکہ یوم شہداء کے حوالے سے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن اور تمام اوورسیز یونٹوں اورپاکستان کے دیگر شہروں میں بھی قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے ۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہاکہ تحریک کے شہداء نے ایک نیک مشن اور مقصد کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اوروفاپرست مہاجرعوام اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے ۔۔۔ان کی لازوال قربانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے محترم الطاف حسین بھائی کی قیادت میں مہاجرقوم اورآنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔مہاجرقوم کے غدار،شہیدوں کے لہو کا سودا کرنے والے عیار ومکارالطاف حسین بھائی کے حق میں نعرے لگانے والی مہاجرماؤں ، بہنوں ، بزرگوں اور نوجوانوں کو شرپسند قراردیکریہ شرانگیز کلمات کہتے رہے کہ پہلے ہم خود انہیں تشددکا نشانہ بناتے پھرانہیں رینجرز کے حوالے کرتے ، جس نے یہ مکروہ اور شرانگیز کلمات ادا کیے اور یہ کلمات ادا کرنے والوں کا ساتھ دیا وہ مہاجرقوم کے کھلے دشمن ہیں۔
ڈاکٹرندیم احسان نے انسانی حقوق کی ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ مہاجروں کے آئینی ، قانونی ، جمہوری ، اسلامی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر صدائے احتجاج بلند کریں ،پاکستان کے ارباب اختیار اور اقتدار پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مہاجروں پر ڈھائے جانے والے غیرانسانی مظالم کا سلسلہ بند کرے اور مہاجروں کو آئینی اور قانونی جدوجہد سے ہرگز نہ روکیں۔
*****