اگرمہاجروں نے خاموشی اور مصلحت کی چادراتارکرنہیں پھینکی اوراپنی بقاء کیلئے میدان عمل میں نہ آئے تووہ مکمل طورپرغلام بن جائیں گے ۔الطاف حسین
ہمارے بزرگوں نے اسلام کے نام پر قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دیں لیکن دراصل مذہب کا نام استعمال کرکے ہمارے بزرگوں کوبیوقوف بنایاگیا،
اگرغداریاں نہ ہوتیں توآج مہاجروں کویہ حالات دیکھنے نہ پڑتے
انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایم کیوایم جرمنی کے زیراہتمام فرینکفرٹ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب
لندن ۔۔۔ 28 اکتوبر 2018ء
ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ اگرمہاجروں نے خاموشی اور مصلحت کی چادراتارکرنہیں پھینکی اوراپنی بقاء کے لئے میدان عمل میں نہ آئے تووہ مکمل طورپرغلام بن جائیں گے اورنسل درنسل غلام بنے رہیں گے ۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایم کیوایم جرمنی کے زیراہتمام فرینکفرٹ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجتماع میں کارکنوں، نوجوانوں،بزرگوں، خواتین اوربچوں نے شرکت کی ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے اسلام کے نام پر قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دیں لیکن دراصل مذہب کا نام استعمال کرکے ہمارے بزرگوں کوبیوقوف بنایاگیا، ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دیں لیکن ان کی قربانیوں کااعتراف کرنے کے بجائے انہیں فراموش کردیاگیا،پاکستان پر ان لوگوں نے اپناتسلط جمالیاجنہوں نے برصغیرپرقبضہ میں انگریزوں کاساتھ دیا،انگریزوں کے ساتھ ملکر حریت پسندوں کوکچلا، جنہوں نے پاکستان کی مخالفت کی۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے بعد سے ہی مہاجروں کے ساتھ ناانصافیاں اورحق تلفیاں شروع کردی گئیں،تسلسل کے ساتھ مہاجروں کا سیاسی، معاشی، تعلیمی ، اقتصادی اورجسمانی قتل کیاگیا،وہ مہاجربیوروکریٹس جنہوں نے قیام پاکستان کے ابتدائی ایام میں ملک کے ڈھانچے کوکھڑاکیاانہیں سازش کے تحت سول سروسز سے جبری نکال دیاگیا ،جن مہاجروں نے پاکستان کے قومی خزانے کو پیسہ دیاانہیں انتقام کانشانہ بنایاگیا، مہاجروں کے قائم کردہ تعلیمی اداروں، بینکوں اورصنعتوں کوبھٹودورحکومت میں نیشنلائزیشن کے نام پر چھین لیا گیااورکوٹہ سسٹم اوردیگراقدامات کے ذریعے مہاجروں پر ملازمتوں اوراعلیٰ تعلیم کے دروازے بندکردیے گئے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم نے ان ناانصافیوں کے خلاف آوازاٹھائی توہمیں ریاستی مظالم کانشانہ بنایا گیا اورہماری تحریک کوکچلنے اورصفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے ریاستی مظالم کے پہاڑے توڑے جانے لگے جن کاسلسلہ آج بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کوارٹرزمیں آبادمہاجروں کوان کے گھروں سے بیدخل کرنے کیلئے جووحشیانہ پولیس آپریشن کیاگیا ہے، جس طرح مہاجرماؤں،بہنوں،بزرگوں، جوانوں اور بچوں پر سفاکی سے لاٹھیاں برسائی گئی ہیں اورعدلیہ، تحریک انصاف کی وفاقی حکومت اورپیپلزپارٹی کی حکومت سندھ ،سب نے ملکر پاکستان کوارٹرز کے مہاجروں کووہاں سے نکالنے کے لئے جوکچھ ظلم کیاہے وہ تمام مہاجروں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام مہاجردشمن لوگ پاکستان کوارٹرزکے مہاجروں کوغیرقانونی اورقابضین قراردیتے ہیں جبکہ انہیں مالکانہ حقوق دینے کامعاملہ برسوں پہلے طے ہوچکاہے، ان کوکراچی میں قائم غیرقانونی کچی آبادیاں نظرنہیں آتیں، ان کی ساری توجہ مہاجروں کے سروں سے ان کی چھت چھیننے پر ہے ، یہ مہاجروں کوان کے گھروں سے نکال رہے ہیں ۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ کراچی میں قائم غیرقانونی کچی آبادیاں سازش کے تحت مہاجروں کوچاروں طر ف سے گھیرنے کے لئے قائم کی گئی تھیں،آج مہاجروں کوانہی کی قانونی آبادیوں سے بے دخل کیاجارہاہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ سب کچھ گریٹرپنجاب کی سازش کاحصہ ہے جس میں کراچی کوگریٹرپنجاب کی سیٹلائٹ اسٹیٹ بنایاجائے گا۔ اس سازش کومیں1995ء میں بے نقاب کرچکاہوں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں نے بکھرے ہوئے مہاجروں کومتحد کرکے ایک قوت بنایا، ایم کیوایم کوملک کی تیسری اورسندھ کی دوسری بڑی جماعت بنایالیکن اسٹیبلشمنٹ جوروزاول سے مہاجروں کو کچلنے اورانکی نمائندہ جماعت کوختم کرنے پر تلی ہوئی تھی اس نے ایم کیوایم میں میرجعفراورمیرصادق پیداکرکے اس مہاجروں کی اس تحریک کوٹکڑے ٹکڑے کیا ۔ اگرغداریاں نہ ہوتیں توآج مہاجروں کویہ حالات دیکھنے نہ پڑتے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امرافسوسناک ہے کہ مہاجرقوم مشکل میں ہے لیکن مہاجروں کی اکثریت اپنی ذات اورخاندانوں کے مفادمیں مگن ہیں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ کہ اگرمہاجروں نے خاموشی اور مصلحت کی چادراتارکرنہیں پھینکی ، اپنے فرائض کونہیں پہچانا اوراپنی بقاء کے لئے میدان عمل میں نہ آئے تووہ مکمل طورپرغلام بن جائیں گے اورنسل درنسل غلام بنے رہیں گے ۔
*****