مہاجروں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیساسلوک بندکیاجاناچاہیے ۔ڈاکٹرندیم احسان
ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن بدستور جاری ہے ،مہاجروں کودیوارسے لگایاجارہاہے۔ ڈاکٹرندیم احسان
انشاء اللہ 7 اکتوبرکولندن میں ہونیوالااجتماع دشمنوں کوبتائے گاکہ تمام تر مظالم کے باوجودکارکنان وعوام
قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہیں ۔ڈاکٹرندیم احسان
لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں ایم کیوایم یوکے ساؤتھ لندن کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب
لندن ۔۔۔ 5 اکتوبر 2018ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان نے کہاہے کہ مہاجروں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیساسلوک بندکیاجاناچاہیے اورمہاجروں کوان کے تمام غصب شدہ حقوق دیے جائیں۔ انہوں نے یہ بات لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں ایم کیوایم یوکے ساؤتھ لندن کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہاکہ مہاجروں کے ساتھ قیام پاکستان کے بعد سے ناانصافیاں کی جارہی ہیں جن کے خلاف کسی نے آوازبلندنہیں کی، ہر دورمیں مہاجروں کاقتل عام کیاگیا، مہاجربستیوں پر حملے کئے گئے لیکن کبھی بھی حملہ آوروں اورمہاجروں کے قاتلوں کوسزانہیں دی گئی، قائدتحریک الطاف حسین نے ان مظالم اورناانصافیوں کے خلاف جدوجہد شروع کی توان کوریاستی انتقام کانشانہ بنایاگیا،مہاجروں نے ایم کیوایم کوبھرپور مینڈیٹ دیالیکن مہاجروں کے اس مینڈیٹ کوکبھی بھی دل سے تسلیم نہیں کیاگیااوراسے ریاستی طاقت سے کچلنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ 19جون 1992ء کوایم کیوایم کے خلاف جوفوجی آپریشن کیاگیاوہ حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود جاری رہا، 2013ء سے ایم کیوایم کے خلاف جونیاآپریشن شروع کیا گیاوہ بھی بدستور جاری ہے اورمہاجروں کودیوارسے لگایاجارہاہے۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہاکہ ہماراعزم ہے کہ ہم تمام ترر یاستی مظالم کے باوجود قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 7 اکتوبرکو قائدتحریک الطاف حسین کی 65ویں سالگرہ کے سلسلے میں لندن میں جواجتماع ہوگاوہ ایک بارپھرہماری تحریک کے دشمنوں کوبتائے گاکہ تمام تر مظالم، سازشوں اورپروپیگنڈوں کے باوجودکارکنان وعوام قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں متحد ومنظم ہیں ۔ اجلاس سے ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزرہاشم اعظم ، سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان ندیم شیخ ، وجیہ احمداورغفران احمدنے بھی خطاب کیا۔