پاکستان سمیت ملت اسلامیہ کو ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کی جانب سے عید الاضحی کی دلی مبارکباد
سنت ابراہیمی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اوررضا کیلئے قیمتی سے قیمتی شے کی قربانی کا درس دیتی ہے، الطاف حسین
عید الاضحی کے موقع پر بلوچستان کے زلزلہ زدگان ، حق پرست کی تحریک کے شہداء کے لواحقین ، اسیر و لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ اور غرباء ، مساکین اور مستحقین کو یاد رکھاجائے اور ان کی ممکن مدد کی جائے ، الطاف حسین
لندن ۔۔۔15، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان سمیت ملت اسلامیہ کو عید الاضحی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ عید الاضحی کی رحمت ، برکت اور فضلیت کاتمام امہ مسلمہ پر خصوصی طور پرنزول فرمائے ۔عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ سنت ابراہیمی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اوراللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے قیمتی سے قیمتی شے کی قربانی کا درس دیتی ہے اور اللہ تعالیٰ رضا و خوشنودی اسی میں ہے کہ اسکے بندوں کی خدمت کی جائے ، ضروتمندوں اور دکھی انسانوں کی مدد کی جائے اور محروم انسانوں کے اجتماعی مفادات کیلئے اپنے ذاتی مفادات اور انا کی قربانی دی جائے ۔ انہوں نے پاکستان بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر بلوچستان کے زلزلہ زدگان سمیت ملک بھر میں عید کی خوشیوں سے محروم غرباء ، مساکین ، بیواؤں ، یتیموں اور مستحق افراد کو نہ صرف یاد رکھیں بلکہ ان کی عملی اور ہرممکن مدد کریں ۔ انہوں نے صوبہ سندھ ، صوبہ پنجاب ، صوبہ خیبر پختونخوا ، صوبہ بلوچستان ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت امریکہ ، برطانیہ ، یورپی اور خلیجی ممالک میں مقیم ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کو عید الاضحی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر حق پرستی کی تحریک کے شہداء کے لواحقین ، اسیروں اور لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ اور غریب و مستحق افراد کی دلجوئی کریں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔