تحریک کے کارکنان مہاجر قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہیں
ایم کیوایم یوکے نارتھ لندن یونٹ کی تنظیمِ نوکے موقع پر یوکے آرگنائزر ہاشم اعظم کاخطاب
تنظیمِ نو کے تحت سمیع معراج کو نارتھ لندن یونٹ انچارج ،اطہر عزیز اوراظہر لودھی جوائنٹ انچارج مقرر
تنظیمِ نو کا اعلان ایم کیو ایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے نارتھ لندن میں منعقد ورکرز اجلاس میں کیا
لندن۔۔۔28اگست 2018ء
ایم کیو ایم یوکے کی آرگنائزنگ کمیٹی نے انارتھ لندن یونٹ کی تنظیمِ نو کرتے ہوئے نئی یونٹ کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔نئی یونٹ کمیٹی کا اعلان ایم کیو ایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے نارتھ لندن میں منعقد ورکرز اجلاس میں کیا جس میں نارتھ لندن کے کارکنان نے شرکت کی۔اجلاس میں جوائنٹ آرگنائزر محسن سعید سمیت دیگر اراکین آرگنائزنگ کمیٹی بھی موجود تھے۔
ایم کیوایم یوکے آرگنائزر ہاشم اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان قائدِتحریک جناب الطاف حسین کے فکرو فلسفے کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں اور مہاجر قوم کی جدوجہد کو قائدِتحریک کی قیادت میں کامیابی سے ہمکنار کریں۔آج کے کٹھن حالات میں جسطرح کارکنان مہاجر دشمن قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔یہ قائد کے نظرئیے کی سچائی کا ثبوت ہے۔
سابقہ نارتھ لندن یونٹ کمیٹی کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہاشم اعظم نے کہا کہ جس دل اور محنت سے سابقہ کمیٹی نے تحریک کے لئے محنت اور خلوص سے کام کیا ہے اس پر وہ تمام سابقہ ذمہ داران خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔اس موقع پرہاشم اعظم نے نارتھ لندن کے ساتھیوں کو پاکستان میں ہونے والے الیکشن2018ء کے کامیاب بائیکاٹ پر قائد تحریک جناب الطاف حسین بھائی کی جانب سے زبر دست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تنظیمِ نو کے تحت سمیع معراج کو یونٹ انچارج جبکہ اطہر عزیز اوراظہر لودھی کو جوائنٹ انچارج مقرر کیا گیا ہے۔اعلان کے مطابق ناصر خان ،ڈاکٹر عبدلوحید،عمار شیخ، حسن فراز اور وقاص شیخ نارتھ لندن یونٹ کی نئی یونٹ کمیٹی کے ارکان ہونگے۔