ایم کیوایم کے زیراہتمام 22 اگست 2016ء کے واقعہ کی یاد میں یوم عزم منایاگیا
ایم کیوایم کے زیراہتمام برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، ساؤتھ افریقہ، ملائیشیا اوردیگراوورسیزیونٹوں میں اجتماعات منعقد کئے گئے
اجتماعات میں تمام ترریاستی مظالم کے باوجود جدوجہدجاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاگیا
ایم کیوایم کے زیراہتمام کل بروزبدھ پاکستان اوردنیاکے مختلف ممالک میں 22 اگست 2016ء کے واقعہ کی یاد میں یوم عزم منایاگیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے زیراہتمام اجتماعات منعقد کئے گئے اورتمام ترریاستی مظالم کے باوجود جدوجہدجاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔پاکستان میں کارکنوں نے اپنے اپنے مقامات پر گھروں میں یوم عزم منایااورجدوجہدجاری رکھنے کاعزم کیا۔ یوم عزم کے سلسلے میں لندن میں ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں اجتماع منعقد کیاگیاجس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان، اراکین رابطہ کمیٹی، یوکے کے ذمہ داران اور مختلف یونٹوں کے کارکنان ،بزرگوں،خواتین اوربچوں نے شرکت کی ۔اجتماع میں22 اگست 2016ء کوایم کیوایم کے مرکزنائن زیروکوسیل کرنے اورآپریشن میں شدت کے ساتھ ڈھائے جانے والے مظالم کی شدیدمذمت کی گئی اورشرکاء نے متفقہ طورپراس عزم کااظہارکیاگیاکہ وہ قائدتحریک الطاف حسین کے ساتھ کل بھی کھڑے تھے ، آج بھی ہیں اوران کی قیاد ت میں جدوجہدجاری رکھیں گے۔ یوم عزم کے سلسلے میں ایم کیوایم امریکہ کے اٹلانٹا، بالٹی مور، ڈیٹرائٹ، نیویارک، ہیوسٹن، ڈیلاس، فلوریڈا، شکاگو، سینٹ لوئیس، لاس اینجلس، واشنگٹن اورنیوجرسی چیپٹرز میں کارکنوں کے جنرل ورکرزاجلاس ہوئے ۔ اجلاسوں سے ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان نے بیک وقت خطاب کیا اورتمام تر نامساعد حالات کے باوجود ثابت قدم رہنے اورقائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں تحریکی جدوجہد جاری رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ وہ امریکہ کے کانگریس مینزاورانسانی حقوق کے اداروں کوایم کیوایم کے خلاف جاری ریاستی آپریشن اورمہاجروں پرڈھائے جانے والے مظالم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں۔ جنرل ورکرزاجلاس سے ایم کیوایم نارتھ امریکہ کے نگراں شاہدمصطفےٰ نے بھی خطاب کیا۔ ایم کیوایم کینیڈاکے زیراہتمام بھی یوم عزم منایاگیا۔ اس سلسلے میں ٹورنٹو، مانٹریال، مسی ساگا،اوٹاوااوردیگریونٹوں میں کارکنوں کے اجلاس منعقدکئے گئے ۔ اجلاسوں سے ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن اورایم کیوایم کینیڈاکے آرگنائزرآصف قاضی اوردیگرذمہ داروں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااظہارکیاگیا۔ دیگراوورسیزیونٹوں کی طرح ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ کے زیراہتمام بھی یوم عزم منایاگیا۔ یوم عزم کے سلسلے میں ساؤتھ افریقہ کے یونٹوں جوہانسبرگ، ڈربن ، کیپ ٹاؤن، پیٹرزمیرزبرگ اورپلکوانے میں اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں ذمہ داروں اورکارکنوں نے شرکت کی ۔ اس عزم کا اظہار کیاگیاکہ تحریک کے مشن ومقصد کے حصول اورظلم وجبرسے نجات کے لئے بانی وقائدالطاف حسین کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی اورمقصدکے حصول کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔ مزیدبرآں ملائیشیا میں بھی یوم عزم منایا گیا اور قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت پر بھرپوراعتماد کااظہارکیاگیا۔
*****