25جولائی کے الیکشن میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی۔ڈاکٹرندیم احسان
کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں میں مہاجرعوام کے مینڈیٹ پر جس طرح ڈاکہ ڈالا گیا تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی
ضمیرفروش عناصر اسٹیبلشمنٹ کے کاسہ لیس بنے ہوئے ہیں اورمہاجروں کوغلام بنانے میں حصہ دار بنے ہوئے ہیں
انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں ایم کیوایم یوکے کے جنرل ورکرزاجلاس سے خطاب
لندن ۔۔۔ 29 جولائی 2018 ء
ایم کیوایم کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے کہاہے کہ 25جولائی کے الیکشن میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی اور کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں میں مہاجرعوام کے مینڈیٹ پر جس طرح ڈاکہ ڈالا گیا تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے یہ بات آج انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں ایم کیوایم یوکے کے جنرل ورکرزاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں لندن کے تمام یونٹوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا ،اراکین رابطہ کمیٹی اورسینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ارکان بھی موجودتھے۔ اس موقع پر انہوں نے ایم کیوایم یوکے کی 13رکنی نئی آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل کابھی اعلان کیا ۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین نے الیکشن سے کئی روز پہلے اس خدشہ کااظہارکردیاتھاکہ 25جولائی کوہونے والے الیکشن ،ایک انجینئرڈالیکشن ہیں، یہ الیکشن نہیں دراصل فوجی سلیکشن ہیں، اس کے نتائج پہلے سے تیارکرلئے گئے ہیں، اسی وجہ سے قائدتحریک الطاف حسین نے الیکشن کے بائیکاٹ کااعلان کیاتھا، الیکشن کے جونتائج سامنے آئے ہیں وہ قائدتحریک الطاف حسین کی بات کودرست ثابت کردیاہے اورآج ہر سیاسی ومذہبی جماعت یہ کہہ رہی ہے کہ الیکشن میں ایک جماعت کوکامیابی دلانے کیلئے انجینئرنگ کی گئی ہے اور تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے انجینئرڈ الیکشن کے ذریعے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں میں مہاجرعوام کے مینڈیٹ پر جس طرح ڈاکہ ڈالاہے ، تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ مہاجرعوام کے حقوق پر جوبدترین ڈاکہ ڈالاگیاہے اس میں وہ ضمیرفروش بھی شامل ہیں جوآج اسٹیبلشمنٹ کے کاسہ لیس بنے ہوئے ہیں اورمہاجروں کوغلام بنانے میں حصہ دار بنے ہوئے ہیں۔ڈاکٹرندیم احسان نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے ایم کیوایم کوکچلنے اورمہاجرعوام کوقائدتحریک الطاف حسین سے دورکرنے کیلئے ہرطرح کے مظالم ڈھائے لیکن کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں کے عوام نے قائدتحریک الطاف حسین کی اپیل پر 25جولائی کے الیکشن کابھرپوربائیکاٹ کرکے ثابت کردیا ہے کہ تمام ترریاستی مظالم، سازشوں اورپروپیگنڈوں کے باوجودوہ قائدتحریک الطاف حسین کے ساتھ ہیں، کامیاب اوربھرپوربائیکاٹ پر ہم ایم کیوایم کے کارکنوں اورتمام مہاجروں کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہاکہ انجینئرڈ الیکشن کے ذریعے سندھ کے شہری علاقوں کے مینڈیٹ پر جس طرح ڈاکہ ڈالاگیاہے وہ تمام مہاجروں سے یہ تقاضہ کررہاہے کہ ہم اپنی بقاء، حقوق کے حصول اوراپنی آنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کیلئے قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں میدان عمل میں آکر ایک نئے جذبے اورولولے کے ساتھ جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہاکہ حالات نے ایک بارپھرتمام مہاجروں کوبتادیاہے کہ ان کے حقوق کاتحفظ صرف اورصرف قائدتحریک الطا ف حسین کرسکتے ہیں ۔انہوں نے ایم کیوایم یوکے اورتمام اوورسیز یونٹوں کے کارکنوں پرزوردیتے ہوئے کہا کہ آپ ان حالات میں جس محنت وجانفشانی سے کام کررہے ہیں لیکن موجودہ حالات میں ہمیں نئے عزم کے ساتھ مزیدمحنت سے کام کرناہوگااوراپنے تحریکی مشن ومقصد کی کامیابی کیلئے جدوجہدکرناہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہیں اورانکی قیادت پر مکمل یقین رکھتے ہیں ۔ ڈاکٹرندیم احسان نے ایم کیو ایم یوکے کی نئی آرگنائزنگ کمیٹی کومبارکباد پیش کی اوران پر زوردیاکہ وہ تنظیمی کام کومزید بہتراورمنظم بنانے کے لئے کام کریں۔اجلاس سے ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا نے بھی خطاب کیا۔