Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

ماؤں، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست ساتھیوں کے نام بابائے مہاجرقوم قائد تحریک جناب الطاف حسین کا کھلا خط


ماؤں، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست ساتھیوں کے نام بابائے مہاجرقوم قائد تحریک جناب الطاف حسین کا کھلا خط ....الیکشن 2018کے مکمل بائیکاٹ کی اپیل
 Posted on: 7/21/2018
ماؤں، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست ساتھیوں کے نام
بابائے مہاجرقوم قائد تحریک جناب الطاف حسین کا کھلا خط
از لندن
21، جولائی2018ء بروز ہفتہ

واجب الاحترام بزرگوں، میری محترم ماؤں، پیاری پیاری بہنوں،عزیزوفاپرست کارکنوں، Millennial، Youth ، معصوم بچوں ، بچیوں ، طلباوطالبات!!
السلام علیکم اور ڈھیروں دعائیں
بعدازسلام ودعا آج آپ کا بیٹا۔۔۔آپ کا بھائی۔۔۔اورآپ کا نظریاتی باپ الطاف حسین ایک مرتبہ پھر بذریعہ خط آپ سے مخاطب ہے ۔ آپ میں سے بہت سی ماؤں، بہنوں، بزرگوں اورتحریکی ساتھیوں کو یاد ہوگا کہ آج کے حالات سے ملتے جلتے کچھ حالات اس وقت بھی تحریک کو درپیش تھے جب میں جھوٹے مقدمات میں کراچی سینٹرل جیل میں پابند سلاسل تھا۔ یعنی آج سے تقریباً31 سال پہلے 1987ء میں بلدیاتی الیکشن کا دور دورہ تھا۔ پوری مرکزی کمیٹی ودیگر مقامی مرکزی رہنما وذمہ داران بھی روپوش تھے اور الیکشن یعنی بلدیاتی الیکشن میں اسی سوچ وبچار میں رات دن اور صبح شام سوچتا رہتا تھا کہ آخر بلدیاتی الیکشن میں کیسے حصہ لیاجائے ؟ کس طرح حصہ لیاجائے؟
یہاں اس بات کا تذکرہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ میں آپ کے علم میں یہ بات لاؤں کہ اس وقت ایم کیوایم کا مرکز ’’نائن زیرو‘‘ کھلا ہوتا تھاگوکہ دیگردفاتر ضرور بند تھے لیکن اس وقت تک تحریک میں غداری کا عمل نہیں ہوا تھا اور سرکاری ایجنسیوں کوتحریک کے ہرکسی کے گھریا عہدیدار یاکارکن کے بارے میں اُس طرح قطعی علم نہیں تھا جس طرح آج باربار اپنوں کی غداری سے علم ہے ۔۔۔شائد ہی کسی ساتھی کا گھر ایسابچا ہو جس کا علم سرکاری ایجنسیوں یا ان کے ہاتھوں تحریک کے شہیدوں اور مہاجرقوم کا سودا کرنے والوں کو نہ ہو۔ 
آج کراچی ، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ ، سانگھڑ، شہدادپور، ٹنڈوالہیار، ٹنڈوجام، کوٹری اورسندھ کے دیگرشہری علاقوں میں حقیقی ٹولے کے غدار۔۔۔بہادرآباد ٹولے کے غدار۔۔۔ڈیفنس کے بڑے بڑے بنگلوں میں رہنے والے کمالو ٹولے کے غدار، سرکاری ایجنسیوں آئی ایس آئی(ISI)، ملٹری انٹیلی جنس (MI)، انٹیلی جنس بیورو(IB)، رینجرز کے اہلکار اور ان کے مخبر جگہ جگہ تمہارے بے بس الطاف حسین کے چاہنے والوں کو پکڑنے کیلئے گلی گلی ۔۔۔گھرگھر۔۔۔اور محلہ محلہ سونگھتے پھر رہے ہیں۔
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
آج 2018ء کی صورتحال 1987ء اور 1993ء سے بالکل مختلف ہے ۔ غیرقانونی اور غیرآئینی طورپر ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کو۔۔۔خورشید بیگم میموریل ہال کو ۔۔۔اورایم پی اے ہاسٹل کو سیل کردیا گیا ہے ۔ 200 سے زائد دفاترکو بلڈوز کردیاگیا ہے اور باقی بچے کچھے دفاتر بشمول خدمت خلق فاؤنڈیشن کو رینجرز کی سرپرستی اورمددسے غداروں نے اپنے قبضے میں لے لیاہے ۔ میری تصویر، تقاریر حتیٰ کہ میرا نام لینے یا نعرہ لگانے تک کو گناہ کبیرہ بنادیا گیا ہے ۔ سندھ کے شہری علاقوں خصوصاً مہاجراکثریتی علاقوں کو مکمل طورپر فوجستان بنادیا گیا ہے ۔ تمہارا الطاف حسین بھی 
1987ء کی عمر کا نہیں رہا ہے بلکہ بوڑھا ہوچکا ہے مگر اپنی ناتواں عمر اور علالت کے باوجود آج بھی ماضی کی طرح رات دن مہاجروں کا مقدمہ دنیا کے ہرفورم لڑنے کی ہرممکنہ کوشش کررہا ہے ۔ آپ میری اس بات کی تصدیق وفاپرست ساتھیوں سے کرسکتے ہیں یا کرسکتی ہیں۔
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
میں آج بھی سوشل میڈیا کے ذریعہ خطابات اوروفاپرست ساتھیوں سے رابطے کی ہرممکنہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ ’’موت کا ایک دن معین ہے‘‘۔۔۔میں زندہ رہوں یااللہ تعالیٰ مجھے اپنے پاس بلانے کے طے شدہ ٹائم ٹیبل پر عمل پیرا ہولیکن مجھے اسی ذات باری تعالیٰ کے انصاف پر کامل یقین ہے کہ میرا نظریہ زندہ رہے گا اور مہاجروں کو ایک نہ ایک دن انشاء اللہ ان کی منزل ضرورملے گی ۔
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
مجھے موت سے ذرہ برابر بھی خوف نہ کل تھا اور نہ ہی آج ہے ۔ ہاں البتہ ایک میری یہ ذاتی آرزو ضرور ہے کہ مجھے موت آئے تو تحریکی جدوجہد کرتے ہوئے شہادت کی موت آئے ۔ اللہ تعالیٰ !! تومیری قوم کی حفاظت فرما، مہاجروں کی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کاسامان مہیافرمااور مہاجروں کو باعزت مقام اور زمین ضرورعطافرمانا۔۔۔اپنے حبیب پاک ؐ کے صدقے۔۔۔پنجتن پاک کے صدقے۔۔۔اوراپنے بہترین پسندیدہ بندوں کے صدقے۔۔۔(آمین ثمہ آمین ، یاالہٰی آمین)
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
مجھے خدا کی قسم آپ سب لوگوں کی کسمپرسی کی زندگی کا ، پریشانیوں اور گونا گوں مشکلات کا پوری طرح احساس ہے ۔۔۔میں اپنی ہرممکن کوشش کرتا ہوں کہ میں آپ کی ذرہ برابر کچھ بھی مدد کرسکوں مگر یہ بھی مرضی الہٰی ہے کہ آج کل ہاتھ بہت تنگ ہے ۔ ہرلمحہ دعا رہتی ہے کہ اللہ تعالیٰ پوری مہاجرقوم کی مشکلات ، پریشانیوں کو دورکرنے کا کوئی غیب سے راستہ نکال دے ۔۔۔(آمین ثمہ آمین)
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
میں آپ کو فی الحال کچھ بھی نہیں دے سکتا مگر اپنی 40 سالہ جدوجہد کے صلے میں آپ کے آگے اپنی خالی جھولی پھیلا کر آپ ہی سے مدد مانگ رہا ہوں ۔۔۔مجھے امید ہے کہ آپ اس خالی جھولی والے فقیر الطاف حسین کو مایوس نہیں کریں گے اور وہ میری مانگ یہ ہے کہ 25، جولائی2018ء کو ہونے والے فوجی الیکشن اور فوجی سلیکشن کا ۔۔۔للہ مکمل بائیکاٹ کریں۔۔۔بائیکاٹ کریں۔۔۔اور اس دن اپنے گھروں پر ہی رہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ میری جھولی کو خالی نہیں رکھیں گے بلکہ الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرکے اسے بھردیں گے ۔ان شاء اللہ
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
آج بہت سے لوگ آپ کو ورغلا رہے ہیں کہ ہمیں میدان کو خالی نہیں چھوڑنا چاہیے ورنہ دشمن الیکشن جیت جائیں گے تو۔۔۔ یاد رکھیئے ! ۔۔۔ میں نے اپنی جدوجہد کے 40 برسوں میں نہ تو آپ سے کبھی جھوٹ بولا اور نہ ہی کبھی غلط درس دیا ہے لہٰذا میں آپ سے کہنا چاہتا ہون کہ دشمن جیت بھی جائیں تو وہ تو کھلے دشمن ہیں لیکن یاد رکھیئے کہ دشمنوں سے زیادہ خطرناک غدار ہوتا ہے ۔۔۔دشمن سے وقتی مصلحت کے تحت ہاتھ ملایاجاسکتا ہے مگر غدار سے ہاتھ نہیں ملایا جاتا ۔ آپ سب خوب جانتے ہیں کہ ایک بڑے غدار کو معاف کرنے کا کیا نتیجہ نکلا ؟؟؟؟
کیا آپ شہیدوں کے لہوکا سودا کرنے والوں۔۔۔ملازمت کرنے والوں کو یہ دھمکیاں دیکرکہ ہمارا ساتھ دو ورنہ تمہاری نوکری بھی جائے گی اور تم یاتو 
لاپتہ ہوجاؤگے یا پھر جیل کی زندگی گزاروگے ، کیا آپ وفاداری تبدیل کرنے پر مجبورکرنے والے ان غداروں کا ساتھ دیں گے ؟ جو ایک ایک وفاپرست کارکن یا الطاف حسین کا نعرہ لگانے والوں کی مخبری کرکے انہیں لاپتہ یا گرفتار کروادیتے ہیں ، کیا آپ ان غداروں کا ساتھ دیں گے ؟ ؟؟؟کیا آپ ان غداروں کا ساتھ دیں گے جنہوں نے ہرسال تجدید عہد کرتے ہوئے قرآن مجید اٹھاکریہ قسمیں کھائیں کہ ہم ہمیشہ وفادار رہیں گے ، خواہ ہماری جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔کیا تم ان غداروں کا ساتھ دوگے ۔۔۔جو شہداء کی بیواؤں اور ان کے یتیم بچوں کو رات کے 2 اور 3,3 بجے تک بٹھا کر یاتو خالی ہاتھ واپس کردیتے ہیں یا پھر کوئی اور بیہودہ قسم کا فرمائشی پروگرام رکھتے ہیں کہ فلاں جگہ آجانا، فلاں جگہ آجانا ہم تمہاری مددکردیں گے ؟کیا تم ان غداروں کا ساتھ دوگے جنہوں نے مردم شماری میں مہاجرقوم کے ساتھ کھلی دھاندلی پر کچھ نہ کیا؟۔۔۔جنہوں نے انتخابی حلقہ بندیوں پر کی جانے والی دھاندلیوں پر کوئی آواز نہیں اٹھائی؟۔۔۔جنہوں نے جہانگیرروڈ ، کلیٹن کوارٹرز، ایف سی ایریا ، مارٹن کوارٹرز اور دیگرعلاقوں کے مکینوں کو جنہیں میں نے مالکانہ حقوق بڑی جدوجہد کرکے دلوائے تھے ان مکینوں کے مکانات کو خالی کرنے کے سپریم کورٹ کے ناجائز حکم پر کوئی احتجاج نہیں کیا؟ کیا تم ان غداروں کاساتھ دو گے جنہوں نے آج تک جیلوں میں اسیر مہاجروں کی رہائی کیلئے وکیلوں کاکوئی بندوبست اورخبرگیری نہ کی ؟سرکاری عقوبت خانوں میں بہیمانہ تشدد کے باعث زندگی بھرکے لئے معذور ہوجانے والے کارکنوں کی امداد کیلئے کوئی کام نہیں کیے؟۔۔۔کیا تم ان غداروں کا ساتھ دوگے جنہوں نے تحریک کے لاپتہ ساتھیوں کی باعزت اور باحفاظت ان کے گھروں پر واپسی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے ؟۔۔۔کیا تم ان غداروں کا ساتھ دوگے جنہوں نے شہداء قبرستان اور شہداء کی یادگار جانے والی ماؤں ، بہنوں ، بزرگوں اورنوجوانوں کو ’’شرپسند‘‘ قراردیا ، ان پر ظلم وجبر کے پہاڑتڑوائے ،خواتین اورمعصوم بچوں تک کوگرفتارکروایااور ان پر جھوٹے مقدمات بنوائے ؟۔۔۔کیا آپ مہاجرقوم کے ان غداروں کا ساتھ دیں گے ؟؟؟؟
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
جو لوگ چلا چلا کر کہہ رہے ہیں کہ ہم مہاجر نہیں ہیں اور شہداء کی قربانیوں سے آج تک قائم ایم کیوایم کو دفن کرنے آئے ہیں ۔۔۔یہ لوگ آج پتنگ کے نشان کو دکھا دکھا کر اوریہ کہہ کہہ کر کہ ہمیں الطاف حسین کی حمایت حاصل ہے وہ آپ کو باربار بے وقوف بنارہے ہیں ۔۔۔اورکارکنان خاص طورپر Millennial اور Youth کو بہکانے کیلئے کہہ رہے ہیں کہ ’’ دیا جلائے رکھنا ہے ‘‘ ۔میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!۔۔۔خدارا !!! ان جھوٹوں ، عیاروں ، مکاروں ، منافقوں اور غداروں کی باتوں میں ہرگز ہرگز نہ آئیں اور ان منافقوں سے پوچھیں ۔۔۔کون سا دیا؟ ۔۔۔کون سا دیا؟۔۔۔شہداء کے لہو سے غداری کادیا؟۔۔۔اسیرولاپتہ ساتھیوں کے کرب اورآنسوؤں کا دیا؟ ۔۔۔ بدعہدی، بے وفائی اور منافقت کا دیا؟ 
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
تمہارے الطاف حسین نے مختصر الفاظ میں اپنے من کی بات تم سے بذریعہ خط کردی ہے ، اس یقین کے ساتھ کہ تم اپنے الطاف بھائی کو مایوس نہیں کروگے اور۔۔۔انشاء اللہ ۔۔۔ ہرممکنہ زور لگادوگے کہ بائیکاٹ ، بائیکاٹ ۔۔۔25، جولائی ، بائیکاٹ۔۔۔الیکشن کا بائیکاٹ
اگر خط میں کوئی بات بری لگی ہو تو میں ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں ۔۔۔وفاپرست ساتھیو!! یادرکھو کہ اللہ تعالیٰ صبرکرنے اور مستقل مزاجی اور بغیرکسی ذاتی لالچ کے کام کرنے والوں کو کبھی مایوس نہیں کرتا۔۔۔ان شاء اللہ وقت آئے گا ۔۔۔ضرورآئے گا جب ظالموں اور غداروں سے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔
میری ماؤں ، بہنوں، بزرگوں اوروفاپرست تحریکی ساتھیو!!
آپ تمام تر مشکلات ،پریشان کن اورانتہائی نامساعد حالات میں بھی ثابت قدم ہیں ۔۔۔آپ کی اس وفاپرستی کومیرا ۔۔۔سلام ۔۔۔سلام ۔۔۔ سلام ۔۔۔اورمیراخراج تحسین۔ 
اب میں ان سینئر وفاپرست ساتھیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ جوکسی بھی وجہ سے خاموش ہوکر اپنے گھروں میں بیٹھ گئے لیکن غداروں کے ساتھ بھی نہیں ہیں ۔۔۔میں ان سے کہتا ہوں کہ وقت آپ کی مدد کا بھی طالب ہے ۔۔۔آپ اپنی خاموشی توڑ دیں یا کسی بھی قسم کی ناراضگی ختم کرکے میدان عمل میں آجائیں ۔۔۔مہاجرقوم ، ایک ایک سچے وفاپرست کو پکاررہی ہے ۔۔۔آگے بڑھئے اوروفاپرستی کے قافلہ کاحصہ بن کر تحریک کو تقویت پہنچائیں۔
میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جیلوں میں اسیر ساتھیوں ، لاپتہ ساتھیوں کی باعزت رہائی اور ان کے گھروں میں باحفاظت واپسی کے ذرائع پیدا کردے ۔۔۔اللہ تعالیٰ تحریک کے تمام شہیدوں کے درجات بلند فرمائے (آمین ثمہ آمین)
اللہ تعالیٰ مہاجرقوم کا ، آپ اورہم سب کا حامی وناصر ہو (آمین ثمہ آمین)

والسلام

آپ کا بے بس بانی وقائد
پر سچی محبت کرنے والا

الطاف حسین
21، جولائی2018ء
لندن

نوٹ:۔ براہ کرم بانی وقائد جناب الطاف حسین کا یہ کھلا خط تمام وفاپرست مائیں ، بہنیں ، بزرگ اور نوجوان ساتھی خود بھی بغور پڑھیں ، کسی بھی ذریعہ سے اس خط کی کاپیاں کرواکر اپنے اپنے علاقے میں گھر گھر بانٹیں، اپنے دوست احباب ، رشتہ داروں اور جن جن سے آپ کے رابطے ہیں ان سے ضرور شیئر کریں۔۔۔ شکریہ


1/9/2025 6:06:03 PM