ہم نے فوج کی حمایت میں ریلیاں نکالیں ، فوج کوسیلوٹ کئے لیکن اسٹیبلشمنٹ ہمیں تسلیم کرنے کوتیارنہیں ۔الطاف حسین
ہماری آوازکو ریاستی طاقت کے ذریعے کچلاجارہاہے، ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا، پاکستان کے لئے اپناسب کچھ لٹایا
ہمیں عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہاہے، عدالتوں میں اتنی پٹیشنز دائر کیں لیکن وہاں ہماری سنوائی نہیں ہورہی
فوجی ٹریننگ کے دوران توہین آمیزسلوک کے ایک واقعہ نے مجھے یہ سوچنے پرمجبور کردیاکہ میں مہاجرہوں
ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اے پی ایم ایس او کے 40ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب
لندن ۔۔۔ 11 جون 2018 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا، پاکستان کے لئے اپناسب کچھ لٹایا، ہم نے فوج کی بڑھ چڑھ کرحمایت کی ، اسکے لئے ریلیاں اورمارچ نکالے ، فوج کوسیلوٹ کئے لیکن اس کے باوجود بھی اسٹیبلشمنٹ ہمیں تسلیم کرنے کوتیارنہیں ہے اور ہماری آوازکو ریاستی طاقت کے ذریعے کچلاجارہاہے ۔ انہوں نے یہ بات اتوارکی شب ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اے پی ایم ایس او کے 40ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں اراکین رابطہ کمیٹی، ایم کیوایم یوکے کی آرگنائزنگ کمیٹی ،یونٹوں کے ذمہ داران وکارکنان شریک تھے ۔ جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب میں تمام کارکنوں کواے پی ایم ایس او کے 40 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ 11جون 1978ء وہ دن ہے کہ جب مہاجرحقوق کی جدوجہد کاکھل کراعلان کیاگیاتھا۔ اے پی ایم ایس او کے قیام کے اسباب کی بہت طویل داستان ہے ، اس کے پیچھے بہت مشکلات اورافسوسناک واقعات اورسانحات کارفرماتھے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مہاجرقیام پاکستان کے بعد سے ناانصافیوں کا شکارتھے ، کسی نے ان پر آوازنہیں اٹھائی۔ جناب الطا ف حسین نے فوج میں اپنے ساتھ ہونے والے نارواسلوک کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ میں میڈیکل کاطالبعلم تھا، 1970ء میں اس وقت کے فوجی ڈکٹیٹر جنرل یحییٰ خان نے نیشنل کیڈٹ اسکیم شروع کی جس میں فوجی ٹریننگ کے لئے طلبہ کولے جایا جاتاتھا۔میری بھی خواہش تھی کہ میں فوج کی ٹریننگ لوں، فوج میں کمیشن حاصل کروں اورملک کے دفاع کے لئے انڈیاکی فوج سے مقابلہ کروں۔ یہی خواہش لے کرمیں نے فوج کی ٹریننگ میں حصہ لیا۔حیدرآبادچھاؤنی میں ہماری ٹریننگ کے دوران ہی سابقہ مشرقی پاکستان میں جنگ چھڑ گئی،ہمیں محاذ پر لے جایا جارہاتھا، میں نے اللہ تعالیٰ سے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مجھے اتنی طاقت دیدے کہ میں 10بھارتی فوجیوں کو ماروں پھر میں شہیدہوجاؤں۔ ہمیں سونمیانی بیچ پرٹرانزٹ کیمپ پر رکھاگیاتھاکہ جنگ بندہوگئی جس کے بعد وہیں ہماری ٹریننگ ہورہی تھی ۔فوجی مشق کے دوران میں نے ایک مقابلہ جیتالیکن
ٹریننگ دینے والاحوالدار جوپنجابی بولنے والاتھا، اس نے میری فتح کوقبول کرنے کے بجائے مجھ سے بدتمیزی کی اورمجھے اورمہاجروں کوگالیاں دیں اورمجھے ’’ہندوستوڑے ‘‘ کہا۔ میں نے صوبیدارمیجرسے اس حوالدار سے شکایت کی ، وہ بھی پنجابی بولنے والاتھا، اس نے میری شکایت پر سننے کے بجائے مجھے ہی حوالدار کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے جھوٹے الزام میں مجھے پٹھوپریڈ کی سزادی۔ اس ایک واقعہ نے میرے ذہن پر بہت گہرااثرڈالا اورمیں نے یہ مشاہدہ کیا کہ فوج میں غیرمہاجروں کے ساتھ توبہت نرمی اختیارکی جاتی ہے لیکن مہاجروں کے ساتھ بہت سخت اورتوہین آمیز رویہ اختیارکیاجاتاہے۔ میں نے اس پر ٹریننگ میں شریک دیگرکیڈٹ سے اس پر بات کی کہ ہمیں اس سلوک کے خلاف بولناچاہیے لیکن کوئی تیارنہیں ہوا۔اس ایک واقعہ نے مجھے یہ سوچنے پرمجبور کردیاکہ میں ہندوستوڑاہوں، میں مہاجرہوں، میں نے مہاجروں کے ساتھ کی جانے ناانصافیوں اوردوسرے درجے کے شہریوں جیسے سلوک کے خلاف جدوجہدکرنے کے لئے11جون 1978ء کو آل پاکستان مہاجراسٹوڈینٹس آرگنائزیشن قائم کی اورجدوجہدشروع کردی جوآج تک جاری ہے۔
جناب الطا ف حسین نے کہاکہ صرف اپناحق مانگنے پرہمیں جس جس طرح ریاستی مظالم کانشانہ بنایاگیا، جس جس طرح ہماراقتل عام کیاگیاوہ کسی سے ڈھکاچھپا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سارے اینکر پولیس والوں کے قتل کاتوذکرکرتے ہیں لیکن 72سالہ پروفیسرڈاکٹرحسن ظفرعارف کو بہیمانہ طریقے سےشہیدکیاگیالیکن کوئی ان کاذکرنہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہاہے، عدالتوں میں اتنی پٹیشنز دائر کی ہیں لیکن وہاں سے ہماری سنوائی نہیں ہورہی ہے ۔ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا، پاکستان کے لئے اپناسب کچھ لٹایا، ہم نے فوج کی بڑھ چڑھ کرحمایت کی ، اسکے لئے ریلیاں اورمارچ نکالے ، فوج کوسیلوٹ کئے لیکن اس کے باوجود بھی اسٹیبلشمنٹ ہمیں تسلیم کرنے کوتیارنہیں ہے اور ہماری آوازکو ریاستی طاقت کے ذریعے کچلا جارہاہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہمیں جدوجہدکرتے ہوئے 40سال ہوگئے ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ وہ شہیدوں کی قربانیوں کے صدقے اس جدوجہد کوکامیابی سے ہمکنارفرمادے اور مہاجروں کی باعزت زندگی اور بہتر مستقبل کاراستہ بنادے۔ انہوں نے یوکے اورپاکستان سمیت دنیابھر میں موجود کارکنوں کواے پی ایم ایس او کے یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ تمام کارکنوں کوثابت قدم رکھے اوران کے ایمان کومحفوظ رکھے اورانہیں بے وفائی کرنے والوں کی صف میں شامل نہ کرے۔
*****