جس الیکشن میں ہمارے ہاتھ پاؤں بابندھ دیے گئے ہوں، ایسے الیکشن کونہیں مانتے۔ڈاکٹرسلیم دانش
ہمیں اپنی پارٹی اورقائدکانام لینے تک پر پابندی ہے ،ہم ایسے جعلی اورجھرلوالیکشن کابائیکاٹ کریں گے
25جولائی کوالیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہونے جارہاہے ، ہمیں یہ سلیکشن کسی بھی قیمت پر منظور نہیں ہے۔ہاشم اعظم
حلقہ بندیوں میں دھاندلی کے ذریعے پوری کوشش کی گئی ہے کہ مہاجروں کی نمائندگی اسمبلیوں میں نہ ہوسکے۔سہیل خانزادہ
ایم کیوایم یوکے ویسٹ لندن چیٹپرکے زیراہتمام ساؤتھ ہال میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹرسلیم دانش نے کہاہے کہ جس الیکشن میں ہمیں اپنی پارٹی اورقائدکانام لینے تک پر پابندی ہے اورہمارے ہاتھ پاؤں بابندھ دیے گئے اورہم پرہرطرح کی پابندیاں ہوں،ہم ایسے الیکشن کونہیں مانتے اورہم ایسے جعلی اورجھرلوالیکشن کابائیکاٹ کریں گے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایم کیوایم یوکے ویسٹ لندن چیٹپرکے زیراہتمام ساؤتھ ہال میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرسلیم دانش نے کہاکہ مہاجروں نے پاکستان بنایااوراس کے قیام کے لئے لاکھوں جانوں کانذرانہ پیش کیا، پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ چھوڑ کرہجرت کی لیکن پاکستان میں مہاجروں کے ساتھ ہی غیروں اوردوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیاجارہاہے ، مہاجروں کے متفقہ قائدجناب الطا ف حسین کی تقریراورمیڈیاکوریج پر پابندی عائدکردی گئی ہے ، ایم کیوایم کے کارکنوں سمیت 22ہزارمہاجروں کوپولیس رینجرزاورسیکوریٹی فورسز اوران کے ایجنٹوں کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا، ہزاروں نوجوان جیلوں میں بندہیں،سینکڑوں لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر سے زیادہ ریاستی مظالم اس وقت کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں میں مہاجروں پر ڈھائے جارہے ہیں اورکوئی بھی مہاجروں کوانصاف فراہم کرنے والانہیں ہے، ایسی صورت میں ہم الیکشن میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں۔اس موقع پر حاظرین نے ’’ بائیکاٹ، بائیکاٹ۔۔۔الیکشن کابائیکاٹ ‘‘ کے زوردارنعرے لگائے۔ ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ 25جولائی کوالیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہونے جارہاہے ، ہمیں یہ سلیکشن کسی بھی قیمت پر منظور نہیں ہے ، ہم اپنے حقوق اورعزت کے ساتھ زندگی گزارناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں فخرہے کہ ہم مہاجرہیں اورپاکستان کی تمام لسانی اکائیوں کو مہاجروں کے وجود کوبھی تسلیم کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ یہ کیساظلم ہے کہ پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں دینے کے باوجود ہمیں آج تک پاکستانی نہیں سمجھا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ علیحدہ صوبہ مہاجروں کامقدرہے اوراس کے بغیر اب کوئی بھی بات نہیں ہوگی۔ ایم کیوایم یوکے کے جوائنٹ آرگنائزرسہیل خانزادہ نے کہاکہ مردم شمار ی کے بعد حلقہ بندیوں میں بھی بڑے پیمانے پردھاندلیاں کی گئی ہیں اورپوری کوشش کی گئی ہے کہ مہاجروں کی نمائندگی اسمبلیوں میں نہ ہوسکے، ہم اس زیادتی کوقبول نہیں کرتے۔اس موقع پرایم کیوایم یوکے کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن محسن خان اورچیپٹرآرگنائزر محبوب الٰہی نے بھی خطاب کیا
*****