وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی سازش میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیاجائے، قائد تحریک الطاف حسین
پاکستان میں ایک وفاقی وزیرداخلہ محفوظ نہیں ہے تو عام شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی صورتحال کیاہوگی، الطاف حسین
لندن۔۔۔6، مئی 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائد جناب الطاف حسین نے پنجاب کے شہر نارووال میں وفاقی وزیراحسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ جب پاکستان میں ایک وفاقی وزیرداخلہ محفوظ نہیں ہے تو عام شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کی صورتحال کیاہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ان حقائق کے باوجود عسکری اور حکومتی قیادت کی جانب سے پاکستان میں قیام امن کے ترانے گائے جارہے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے ہاتھوں وفاقی وزیرداخلہ تک محفوظ نہیں ہے، اگر یہ امن ہے تو پھر بدامنی کسے کہتے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے مطالبہ کیاکہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی سازش اور اس سازش میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیاجائے اور انہیں آئین اورقانون کے مطابق سزا دی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے قاتلانہ حملے میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کے زخمی ہونے پر گہری تشویش کااظہارکیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ احسن اقبال کو جلد ومکمل صحت یاب کرے ۔ (آمین)
*****