وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی تحقیقات کرائی جائیں ، ڈاکٹرندیم احسان ، قاسم علی رضا
احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ پاکستان میں قیام امن کے بلندوبانگ دعوے کرنے والوں کیلئے سوالیہ نشان ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
سیاسی مخالفت کی بنیاد پر دہشت گردی کا عمل آمرانہ سوچ کا عکاسی ہے ،اس سوچ کو سختی سے مستردکیاجائے، رابطہ کمیٹی
لندن۔۔۔6، مئی 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان اور ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں ڈاکٹر ندیم احسان اور قاسم علی رضا نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ پاکستان میں قیام امن کے بلندوبانگ دعوے کرنے والوں کیلئے سوالیہ نشان ہے اور اس افسوسناک واقعہ سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں عام شہریوں کی جان ومال کس قدرعدم تحفظ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن سیاسی مخالفت کی بنیاد پر دہشت گردی کا عمل آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور ملک کی تمام جمہوریت پسند جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اس سوچ کو سختی سے مسترد کریں اور اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا کلچر پروان چڑھائیں ۔ ڈاکٹرندیم احسان اور قاسم علی رضا نے ارباب اختیارواقتدار سے مطالبہ کیاکہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی تحقیقات کرائی جائیں ، قاتلانہ حملہ کی سازش میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیاجائے اور انہیں سخت ترین سزادی جائے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ احسن اقبال کو مکمل صحت یاب کرے ۔ (آمین)
*****