قائدتحریک الطاف حسین نے 18مارچ 1984ء کوایم کیوایم کوجنم دیاجس نے محرومی کاشکار مہاجروں کو سراٹھاکرجینے کا سبق دیا
ایم کیوایم کا34واں یوم تاسیس مہاجروں اورتمام مظلوم عوام کوحقوق کی جدوجہد میں ایک نئی راہ دکھائے گا۔ڈاکٹرندیم احسان
کارکنان 17مارچ کولندن میں ہونے والے یوم تاسیس اجتماع کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں
ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان کا ایم کیوایم یوکے ساؤتھ لندن یونٹ کے کارکنوں سے گفتگو
لندن ۔۔۔ 28 فروری 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹرندیم احسان نے کہاہے کہ جولوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ایم کیوایم ختم ہوگئی ہے وہ خودفریبی کاشکار ہیں،ایم کیوایم آج بھی کروڑوں مہاجروں کے دل کی آوازہے اورقائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں ایک دن اپنی منزل پر ضرورپہنچے گی۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم ساؤتھ لندن یونٹ کے کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزرہاشم اعظم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہا کہ قائدتحریک الطاف حسین نے 18مارچ 1984ء کوایم کیوایم کی شکل میں مہاجروں کے حقوق کے لئے ایک ایسی تحریک کوجنم دیاجس نے برسوں سے محرومی کاشکار مہاجروں کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے عملی جدوجہدکرنے اورسراٹھاکرجینے کا سبق دیا۔ ایم کیوایم نے ہی قائدتحریک الطاف حسین کی قیادت میں ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب ومتوسط طبقہ کی قیادت کوجنم دیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے سندھ کے شہری علاقوں میں غریب ومتوسط طبقہ کاانقلاب برپا کیا اسی لئے اسٹیٹس کو کی قوتوں نے اسے ختم کرنے کے لئے ریاستی مظالم کے پہاڑ توڑے جس کاسلسلہ آج بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی مظالم سے لوگوں کو وقتی طورپرخاموش توکیاجاسکتاہے لیکن ان کے دلوں سے قائدتحریک الطا ف حسین کی محبت اوروابستگی کوختم نہیں کیاجاسکتا۔ ڈاکٹرندیم احسان نے کہا کہ جو قوتیں یہ سمجھ رہی ہیں کہ ایم کیوایم تحلیل یاختم ہوگئی ہے وہ شدیدقسم کی غلط فہمی اورخودفریبی کاشکارہیں، ایم کیوایم قائدتحریک الطا ف حسین کی قیادت میں آج بھی موجود ہے اوروہ دشمنوں کی تمام تر سازشوں کے باوجود اپنی جدوجہدجاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کا34واں یوم تاسیس مہاجروں اورتمام مظلوم عوام کوحقوق کی جدوجہد میں ایک نئی راہ دکھائے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ وہ یوم تاسیس کے سلسلے میں ہفتہ 17مارچ کولندن میں ہونے والے اجتماع کے سلسلے میں اپنی تیاریاں جاری رکھیں اورزیادہ سے زیادہ لوگوں تک تحریک کاپیغام پہنچائیں۔ اس موقع پر ایم کیویم ساؤتھ لندن کے انچارج رضوان الدین اورجوائنٹ انچارج رضاجعفری نے یوم تاسیس کے سلسلے میں رابطوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر تحریک کے شہیدوں کے لئے دعا بھی کی گئی ۔
*****