ڈاکٹرحسن ظفر عارف کی شہادت طبعی موت نہیں ،انہیں فوج، رینجرزاورآئی ایس آئی نے قتل کیا۔الطاف حسین
ڈاکٹرحسن ظفر کی جہدوجہد یہ تھی کہ ہرمظلوم جو حکومت کی مرضی کامحتاج ہے وہ غلام ہے اور اس غلامی کوختم ہوناچاہیے
ڈاکٹرحسن ظفر عارف شہیدکے مشن کوجاری رکھیں گے اور ان کی قربانی کورائیگاں جانے نہیں دیں گے۔ الطاف حسین
تمام قومیتوں کے مظلوم عوام کوغلامی سے نجات حاصل کرناہوگی اوراپنی مرضی سے سانس لیناہوگی۔الطاف حسین
نقیب اللہ محسودپہلاقبائلی نوجوان نہیں تھا ،بے شمار قبائلیوں کو آپریشن ضرب عضب اورآپریشن ردالفسادکے دوران قتل کردیا گیا
پاکستان کوصحیح ڈگرپرڈالنے کے لئے ہمیں صرف زبانی باتیں نہیں کرنی ہوں گی بلکہ اس کیلئے عملی جدوجہد کرناہوگی
آصف زرداری کی جانب سے راؤ انوار کی حمایت کرنا اوراسے بہادر بچہ کہنا قابل مذمت ہے۔الطاف حسین
زرداری نے راؤ انوارکو بہادر بچہ اسلئے کہاکہ راؤانوار نے ان کے کہنے پرمرتضیٰ بھٹوکو قتل کیا، بینظیرقتل کے عینی شاہد خالد شہنشاہ کوقتل کروایا
جب زرداری نے تار چھیڑاہے توانہیں پورا راگ سنناہوگا۔ الطا ف حسین
لندن میں شہیدوفاڈاکٹرحسن ظفر عارف کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب
لندن ۔۔۔ 18 فروری 2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے رہنمااورپاکستان کے بڑے فلسفی، مفکر، دانشوراوراستادپروفیسرڈاکٹرحسن ظفر عارف کی شہادت طبعی موت نہیں بلکہ ایک کھلاماورائے عدالت قتل تھا،انہیں فوج، رینجرزاورآئی ایس آئی نے قتل کیا۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کی شب لندن میں شہیدوفاڈاکٹرحسن ظفر عارف کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدکئے گئے ایک تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تعزیتی اجتماع میں برطانیہ کے ساتھ ساتھ پاکستان، امریکہ ، کینیڈا،ناروے،بیلجیئم اورجرمنی سے تعلق رکھنے والے ترقی پسند دانشوروں،شعراء، سینئرصحافیوں، کالم نگاروں، قانونی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی اورڈاکٹرحسن ظفر عارف کی زندگی، علمی وادبی خدمات، پاکستان میں ایک ترقی پسند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لئے انکی عملی جدوجہد اورقربانیوں پر روشنی ڈالی جبکہ بعض شعرانے اپنی نظموں کے ذریعے ڈاکٹر حسن ظفر عارف کوخراج عقیدت پیش کیا۔تقریب میں بعض شعرا، دانشوروں اورصحافیوں کی جانب سے بھیجے گئے آڈیو اور وڈیو پیغامات بھی پیش کئے گئے ۔ اجتماع سے اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے ڈاکٹرحسن ظفرعارف شہید کوخراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹرصاحب کی زندگی کاحاصل یہ تھاکہ ہرمظلوم جو حکومت وقت کامحتاج ہو اوراس کی مرضی سے کھائے پیے اوراس کی مرضی سے سوچے،اسی کی مرضی سے فکروفلسفہ اورشعروادب تحریرکرے وہ آزادنہیں بلکہ غلام ہے اور اس غلامی کوختم ہوناچاہیے۔ ڈاکٹرصاحب اسی غلامی کے خلاف جدوجہدکررہے تھے ،اسی جدوجہدکی پاداش میں انہیں کئی بارگرفتارکرکے قیدوبند کی صعوبتیں دی گئیں، انہیں 13جنوری 2018ء کوگرفتارکرکے تشددکرکے شہید کردیاگیا، ان کی لاش کراچی کے دوردرازساحلی علاقے ابراہیم حیدری میں پائی گئی۔ حکومت ، پولیس اورسرکاری ایجنسیوں نے ان کے قتل کوطبعی موت قراردیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ڈاکٹرحسن ظفر عارف کی شہادت طبعی موت نہیں بلکہ ایک
کھلاماورائے عدالت قتل تھا،انہیں فوج، رینجرزاورآئی ایس آئی نے قتل کیا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرصاحب کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اورہم ان کے مشن ومقصدکے حصول کے لئے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ڈاکٹرحسن ظفرعارف شہید نے پوری زندگی یہ پیغام دیاکہ تمام انسان برابر ہیں،ان میں رنگ ،نسل،علاقہ، زبان، ثقافت، تہذیب ، مذہب اورجنس کے فرق کے باوجودانسانوں میں کوئی فرق نہیں ، وہ ایک سچے سیکولر، مارکسسٹ اور انسانی مساوات کے قائل تھے۔جناب الطاف حسین نے سیکولرازم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اگرکوئی ماں کسی بچے کوجنم دینے کے بعد انتقال کرجائے تواس بچے کامذہب کیاہوگا؟ انہوں نے کہاکہ ہرانسان جب وہ پیداہوتاہے تووہ سیکولرپیداہوتاہے ، پیدائشی طورپرکوئی بھی انسان ہندو، مسلمان یاعیسائی بنکرپیدانہیں ہوتابلکہ وہ جس گھرمیں پیداہوتاہے توعموماًوہ وہی مذہب اختیارکرتاہے جواس کے ماں باپ کامذہب ہوتاہے۔مسلمان گھرمیں پیدا ہونے والے بچے کے کان میں اذان دے کراس کومسلمان بنادیاجاتاہے اورعیسائی گھرانے میں پیداہونے والے بچے کوچرچ لے جاکرمقدس پانی کے ذریعے اس کوعیسائی بنادیاجاتاہے۔ مذہب کا اختیارکرنے میں اس بچے کاکوئی کمال یااختیارنہیں ہوتا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہرمذہب انسانیت کا درس دیتاہے لیکن لیکن اگرکوئی مذہب عصبیت اورشاؤنزم اورنفرت کادرس دے اوران کے درمیان دیواریں کھڑی کرے تووہ انسانوں میں لڑائی کاسبب بن جاتاہے۔ میں ایسے ہر عمل کے خلاف ہوں، میں ہراس مذہب کااحترام کرتاہوں جس میں اپنے جیسے دوسرے انسانوں سے پیارکرنے کادرس دیا جاتا ہے ۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ کوئی بھی انسان چاہے وہ کسی بھی مذہب یامسلک کاماننے والاہو ،سب کے خون کارنگ ایک ہی ہوتاہے۔ میں مذہب ،مسلک ،عقیدے اورعلاقے کی بنیادپر انسانوں میں نفرت کامخالف ہوں۔انہوں نے کہاکہ آپ نے قادیانیوں کوغیرمسلم قراردیدیالیکن وہ انسان توہیں، قادیانیوں کاقتل بھی انسانوں کاقتل ہے، اسی طرح عیسائی، ہندو،سکھ بھی انسان ہیں، ان کاقتل بھی انسان کاقتل ہے۔ اسی طرح شیعہ،سنی بھی انسان ہیں،ان کاقتل بھی انسان کاقتل ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ بچہ پیدائش سے پہلے 9ماہ تک ماں کے پیٹ میں پرورش پاتے ہوئے ماں سے ہی غذا،پانی اورتوانائی حاصل کرتاہے ، یعنی وہ 9ماہ تک ماں کامحتاج ہوتاہے ۔پیدائش کے بعدبچہ پہلی بارماں کے بغیرخودسانس اورغذا لیتاہے اس طرح انسان کوپیدائش کے بعد جوپہلا سبق ملتاہے وہ آزادی کا ہوتاہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں 70برس سے تمام قوموں کے غریبوں کو ریاستی طاقت، جبر، تشدداورظلم واستحصال کی غذا کھلائی جارہی ہے، تمام قومیتوں کے مظلوم عوام کواس غذاسے نجات حاصل کرناہوگی اوراپنی مرضی سے سانس لیناہوگی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے مظلوموں کے حقوق کے لئے آوازبلندکی، انہیں اپنے حق کے لئے جدوجہدکرنے کاپیغام دیاتومیری آواز اورتحریروتقریرپر پابندی لگادی گئی، میرے گھر اور دفاترکوسیل کردیا گیا۔9دسمبرکو یوم شہداپریادگارپرجانے والی ہماری خواتین کوپولیس اوررینجرزکے ذریعے بے رحمانہ طریقے سے تشدد کیا گیا ۔ ہمارے بے گناہ کارکنوں کو غائب کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ یوں توایم کیوایم کے کارکنوں سمیت ہزاروں مہاجروں کوبیدردی سے قتل کیاگیا، قبائلی عوام کاقتل کیاگیا ، چند روز قبل جہاں ایک طرف ڈاکٹرحسن ظفر عارف کوماورائے عدالت قتل کیاگیاوہیں ایک قبائلی نوجوان نقیب اللہ محسودکوبھی ،ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نقیب اللہ محسودپہلاقبائلی نوجوان نہیں تھابلکہ اس سے قبل بے شمار قبائلیوں کو آپریشن ضرب عضب اورآپریشن ردالفسادکے دوران قتل کردیا گیا اور گھروں کواجاڑاگیا، قبائلیوں کوبے گھرکرکے آئی ڈی پیزبنادیاگیااوروہ آج بھی کیمپوں میں رہنے پر مجبورہیں جبکہ ان کے گھروں کویاتو تباہ کردیا گیا یا ان پر قبضہ کرلیاگیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ یہ ظلم ہے اورمیں اس ظلم کے خلاف ہوں، میں صرف مہاجروں پرہی ہونے والے ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھاتابلکہ میں مظلوم پختونوں کے لئے بھی بولتاہوں، میں مظلوم بلوچوں، سندھیوں کے لئے بھی بولتاہوں، میں مظلوم پنجابیوں، سرائیکیوں، ہزارے وال، گلگتی اور بلتستانیوں کے لئے بھی بولتاہوں۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ ملک کے مظلوم عوا م کواس ظلم سے نجات دلانے اور پاکستان کوصحیح ڈگرپرڈالنے کے لئے ہمیں صرف زبانی باتیں نہیں کرنی ہوں گی بلکہ یہ اسی وقت ہوسکتاہے کہ جب ہم عملی جدوجہد بھی کریں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم نے اتنی مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا لیکن میں نے نہ خود الیکشن میں حصہ لیااورنہ ہی میرے بھائی بہن پارلیمنٹ کے ممبربنے ، میں نے اپنے کارکنوں
کواسمبلیوں میں بھیجا، اسی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ میری مخالف کرتی ہے اورمیرے خلاف آپریشن کیاجارہاہے۔ جناب الطا ف حسین نے پیپلزپارٹی کے سربراہ او رسابق صدر آصف زرداری کی جانب سے قبائلی نوجوان نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث پولیس افسرراؤ انوار کی حمایت کرنے اوراسے بہادر بچہ کہنے اوراس الزام کی شدید مذمت کی کہ ایم کیوایم والوں نے 54میں سے 53ایس ایچ اوز کوماردیا۔انہوں نے کہاکہ زرداری نے راؤ انوارکو بہادر
بچہ اسلئے کہاکہ ان کے کہنے پرراؤ انوارنے میرمرتضیٰ بھٹوکو قتل کیا، بینظیرقتل کے عینی شاہد خالد شہنشاہ کوقتل کروایا، اپنے سیکوریٹی انچارج بلال شیخ کوقتل کروایا، سانحہ کارساز کی منصوبہ بندی بھی زرداری نے طالبان کے ساتھ ملکر کی ۔ انہوں نے کہاکہ زرداری نے بینظیربھٹوکی جووصیت پیش کی وہ بھی جعلی تھی۔ انہوں نے کہاکہ جب زرداری نے تار چھیڑاہے توانہیں پورا راگ سنناہوگا۔ جناب الطا ف حسین نے اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹرحسن ظفر عارف شہید کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سیلوٹ پیش کیااورکہاکہ ہم شہیدوفاکوسیلوٹ پیش کرتے ہیں اور آج یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کوجاری رکھیں گے اور ان کی قربانی کورائیگاں جانے نہیں دیں گے۔جناب الطاف حسین کے ساتھ ساتھ تقریب کے تمام شرکاء نے بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکرڈاکٹر حسن ظفر عارف کوسیلوٹ پیش کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
*****