Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے نام ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اظہارالدین احمد خان کی اہلیہ کا خط


چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے نام ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اظہارالدین احمد خان کی اہلیہ کا خط
 Posted on: 7/13/2016
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے نام
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اظہارالدین احمد خان کی اہلیہ کا خط

محترم جنرل راحیل شریف صاحب
چیف آف آرمی اسٹاف
السلام علیکم
اللہ رب العزت کی ذات سے امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے ، آپ نے پاکستان سے کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمے کا جو بیڑا اٹھایا ہے اور اس سلسلے میں جو جراتمندانہ اقدامات کیے ہیں انہیں نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہرلمحہ آپ کی کامیابی کیلئے دعا گو رہتے ہیں ۔
آج پہلی بار بذریعہ خط میں آپ سے مخاطب ہوں۔ میرا نام رضوانہ اظہار ہے ، میں پاکستانی نژاد برٹش شہری ہوں اور اس وقت لندن میں مقیم ہوں اورآپ کی خدمت میں انتہائی دکھی دل کے ساتھ اپنی فریاد پیش کرناچاہتی ہوں کیونکہ اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد مجھے صرف آپ ہی سے انصاف کی امید ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ اپنی مصروفیات میں سے کچھ وقت نکال کر نہ صرف میری فریاد سنیں گے بلکہ مجھے اور میرے بچوں کو ذہنی کرب واذیت سے نجات دلانے کیلئے بھی اپنا کردارادا کریں گے ۔

جنرل راحیل شریف صاحب!
میرے 55 سالہ شوہراظہارالدین احمد خان متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ہیں اور دوماہ قبل اپنے اہل خانہ سے ملاقات کی غرض سے پاکستان گئے ہوئے ہیں ،انہیں رینجرز کے اہلکاروں نے اغوا کرکے اپنی غیرقانونی حراست میں لے رکھا ہے۔ اس وقت انہیں کہاں اورکس حال میں رکھاگیاہے اس کے بارے میں ہمیں کچھ علم نہیں ہے کیونکہ باربار رینجرزکے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے باوجودوہ کچھ نہیں بتارہے ہیں۔

جنرل راحیل شریف صاحب!
واقعہ یہ ہے کہ میرے شوہر اظہارالدین احمد خان چونکہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں اور وقتاًفوقتاً تنظیمی امور اور تحریکی ساتھیوں سے ملنے کیلئے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد بھی جاتے رہتے ہیں۔ میرے شوہر 12، جولائی 2016ء کی سہ پہرپاکستانی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے تین بجے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبدالحسیب کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ واقع فیڈرل بی ایریا بلاک 6 گئے تھے، ابھی وہ عبدالحسیب سے ملاقات کررہی رہے تھے کہ ڈبل کیبن ویگو گاڑی میں سوار رینجرز کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کرپورے علاقے کو گھیرے میں لے لیااوردروازے پر دستک دیکرمیرے شوہراظہارخان کوباہر بلایا اورگرفتاری کے وارنٹ کے بغیرانہیں گرفتارکرکے اپنے ہمراہ لے گئے، اس کے بعد سے ہمیں ان کی خیریت کی کوئی اطلاع نہیں کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔میں یہ بات بھی آپ کے علم میں لانا ضروری سمجھتی ہوں کہ میرے شوہر اظہارالدین خان طویل عرصہ سے بلڈپریشر اوردل کے عارضے میں مبتلا ہیں اورانکی صحت وزندگی کیلئے وقت پرمتعلقہ امراض سے تحفظ کی ادویات کا استعمال انتہائی ضروری ہے بصورت دیگر ان کی صحت اور زندگی کو سنگین خدشات لاحق ہوسکتے ہیں۔ 
جنرل راحیل شریف صاحب!
میرے شوہر ایم کیوایم کے سینئر کارکنان میں شمارکئے جاتے ہیں ، وہ1990ء میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اورجب 19، جون1992ء میں ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن کاآغاز ہوا تو ایم کیوایم کے دیگر ذمہ داروں اورکارکنوں کی طرح میرے شوہر کی گرفتاری کیلئے بھی ہمارے گھرپرباربار چھاپے مارے گئے جس کی وجہ سے ان کی ضعیف والدہ اور دیگراہل خانہ کو بھی سرکاری اہلکاروں کے ناروا اور تحقیرآمیز سلوک کا سامنا کرناپڑا، میری ساس کودن رات اپنے بیٹے کی سلامتی کی فکر کھائے جاتی تھی ،گہرے دکھ اور صدمے کے باعث وہ علیل ہوگئیں اوراصرارکرتی رہیں کہ اظہارالدین خان بیرون ملک چلے جائیں۔ 1994ء میں میرے شوہر اپنی والدہ محترمہ کے اصرار پر بیوی بچوں کے ہمراہ برطانیہ آگئے اوریہاں آکر سیاسی پناہ حاصل کی۔لندن میں قیام کے دوران بھی میرے شوہر 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے حقوق کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرتے رہے اور 2005ء میں جب انہیں کراچی کے علاقے سائٹ ٹاؤن میں ناظم کی ذمہ داری پرفائز کیاگیا تو انہوں نے پاکستان آکر علاقے کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے جس طرح دن رات محنت ولگن سے کام کیا، پختون اورپنجابی بولنے والوں کے علاقے میں ترقیاتی کام کرائے اور اپنے عمل وکردار سے علاقے کے عوام کے دلوں میں گھرکیااس کی گواہی سائٹ ٹاؤن کے عوام دے سکتے ہیں۔ایک ایسا شخص جو اپنے کرداروعمل کے باعث نہ صرف مہاجروں بلکہ غیرمہاجر کمیونٹی میں بھی مقبول ہو اور ہرضرورت مندکی مددکرنا اپنا فرض سمجھتا ہو ا سے عادی مجرموں کی طرح گرفتارکرنا ،اس پر جھوٹے اوربے بنیاد الزامات عائد کرنا کیامناسب بات ہے ؟ کیا اس طرح کا عمل کرکے پیراملٹری رینجرز کے اہلکار ماورائے آئین اورقانون اقدامات نہیں کررہے ؟ کیایہ عمل مہاجروں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرارنہیں دیاجائے گا؟ کیاپاکستان کے شہریوں کی جان ومال ، عزت وآبرو اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کرنا آپ کے فرائض منصبی کا حصہ نہیں ہے ؟ اور کیا آپ ایک پاکستانی بہن کی دردمندانہ فریاد کو محض اس لئے نظرانداز کردیں گے کہ میرے شوہر ایم کیوایم کے کارکن ہیں؟

جنرل راحیل شریف صاحب!
میرے شوہر انتہائی شریف النفس، ملنسار اور خوش اخلاق انسان ہیں، بڑوں کی عزت کرنا ، ان کااحترام کرنا اوربچوں سے شفقت سے پیش آنا ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو ہے ، مجھے اورمیرے بچوں کواظہارالدین خان پر فخرہے ۔میرے شوہر انتہائی حساس طبیعت اور دردمند دل رکھنے والے انسان ہیں ، وہ ایم کیوایم کے پلیٹ فارم سے غریبوں کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کرتے اور مستحقین کی مدد کرکے خوشی محسوس کیاکرتے ہیں ، ضرورت اورمصیبت میں دوسروں کے کام آنا ان کی فطرت کا حصہ ہے۔میرے شوہر کا ماضی اور حال ہرقسم کی سماجی آلودگی سے پاک ہے ، وہ نیک سیرت اور صوم وصلوٰۃ کے پابندہیں اورکبھی بھی کسی قسم کی مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث نہیں رہے ہیں ۔ ان حقائق کے باوجود رینجرز کی جانب سے ایک غیرمطلوب فرد کو بلاجواز حراست میں لیکرنامعلوم مقام پر منتقل کرنا سراسر ظلم نہیں توپھراورکیا ہے؟خاص طورپر ایسے حالات میں جبکہ گزشتہ تین برسوں سے جاری کراچی آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے 61 کارکنان کو پیراملٹری رینجرز اور پولیس کی حراست میں بدترین تشدد کا نشانہ بناکر ماورائے عدالت قتل کیاجاچکاہواور 135 کارکنان گرفتاری کے بعد جبری لاپتہ کردیے گئے ہوں۔ آپ نے ایم کیوایم کے ایک کارکن آفتاب احمد کے ماورائے عدالت قتل کافوری نوٹس لیکر تحقیقات کا حکم دیا تھا لیکن آپ کی ہدایت کے باوجود مقتول کے ورثاء انصاف سے محروم ہیں اور قتل میں ملوث اہلکاروں کوکوئی سزا نہیں دی گئی ہے ۔ ان حالات میں آپ خود سمجھ سکتے ہیں کہ اپنے شوہر کی بلاجواز وغیرقانونی حراست سے دیارغیرمیں میری اورمیرے چھوٹے بچوں کی کیاکیفیت ہوگی اور ہم کس ذہنی کرب واذیت کا شکار ہیں۔اظہارالدین خان کوغیرقانونی حراست میں لئے جانے کی خبر سے میں اورمیرے بچے بہت پریشان ہیں،میں خود بلڈپریشر کی مریضہ ہوں اوریہ خبرسننے کے بعد میرے جسم سے گویاجان ہی نکل گئی ہے ۔
جنرل راحیل شریف صاحب!
میں نے آپ کے بارے میں سنا ہے کہ آپ باشعور اوربہاد ر جنرل کے ساتھ ساتھ خدا ترس انسان ہیں اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو دوسروں کے دکھ کااحساس کرنے کی صفت بھی عطافرمائی ہے ۔یقیناًآپ بھی کسی ماں کے بیٹے ، بیوی کے شوہر اور بچوں کے والد ہیں، شہید کے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور انسان دوست ہیں اورمیرے بچوں کا درد سمجھ سکتے ہیں۔میں آپ کے علم میں لانا چاہتی ہوں کہ ہماری ایک بیٹی اور تین بیٹے ہیں ، بیٹی ماہاخان شادی شدہ ہے اور دو بچیوں کی ماں ہے ، ایک بیٹااریب خان بھی شادی شدہ اور ایک بیٹے کا باپ ہے جبکہ دو بیٹے لندن میں زیرتعلیم ہیں۔ میرے بچے، نواسیاں اور پوتا بھی اظہارالدین خان سے انتہائی مانوس ہے، پاکستان میں اپنی مصروفیات کے باوجود میرے شوہر اپنے بچوں سے گاہے بگاہے رابطے میں رہتے ہیں۔ رینجرز کے ہاتھوں ان کے اغواء کی خبرسن کر ہم سب کا چین وسکون غارت ہوچکا ہے ، مجھ پر اورمیرے بچوں پر ایک ایک لمحہ قیامت بن کرگزررہا ہے اورہم سب دکھ اور صدمے سے دوچارہیں ۔

جنرل راحیل شریف صاحب!
میں آپ کو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐ کا واسطہ دیتی ہوں کہ مجھے اپنی بہن سمجھ کر میری فریاد پر ہمدردانہ غورفرمائیں ، مجھ پر اور میرے بچوں پر رحم کریں، میرے شوہر اظہارالدین خان کو رینجرز کی غیرقانونی حراست سے رہا کرانے میں اپنا کردارادا کریں اورہمیں اس ذہنی کرب واذیت سے نجات دلاکرہمارے زخموں پر مرہم رکھیں اورہمیں انصاف دلائیں ۔مجھے اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ آپ میرے کھلے خط پر ہمدردانہ غورکریں گے اورمیرے شوہر کی غیرقانونی حراست سے بازیابی کیلئے اپنابھرپورکردار ادا کریں گے اور مستقبل میں ایم کیوایم کے رہنماؤں اورکارکنوں کے خلاف رینجرز کے غیرآئینی ، غیرقانونی اور غیرانسانی اقدامات کا سلسلہ بند کرائیں گے۔

آپ کی درازی عمر، صحت وتندرستی اور ناگہانی آفات سے تحفظ کیلئے دعاگو 
آپ کی ایک پاکستانی بہن
رضوانہ اظہار
185, Whitchurch Lane
Edgware, Middex
HA8 6QT
United Kingdom

7/19/2024 6:17:41 AM