Altaf Hussain  English News  Urdu News  Sindhi News  Photo Gallery
International Media Inquiries
+44 20 3371 1290
+1 909 273 6068
[email protected]
 
 Events  Blogs  Fikri Nishist  Study Circle  Songs  Videos Gallery
 Manifesto 2013  Philosophy  Poetry  Online Units  Media Corner  RAIDS/ARRESTS
 About MQM  Social Media  Pakistan Maps  Education  Links  Poll
 Web TV  Feedback  KKF  Contact Us        

دوراندیش سیاسی رہنما ---- تحریر:۔ قاسم علی رضا


دوراندیش سیاسی رہنما ---- تحریر:۔ قاسم علی رضا
 Posted on: 3/16/2016
دوراندیش سیاسی رہنما ---- تحریر:۔ قاسم علی رضا
ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین ، ایم کیوایم کو ختم کرنے کی حالیہ سازش سے بخوبی واقف تھے اور انہوں نے اس سازش کو بے نقاب بھی کردیا تھا۔ جناب الطاف حسین کی سیاسی بصیرت اور دوراندیشی کے اپنے پرائے سبھی معترف ہیں ، دوست ہوں یا دشمن، اگروہ اپنی محافل میں نہیں تو قریبی دوستوں یا تنہائی میں یہ اعتراف ضرور کرتے ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ نے جناب الطاف حسین کو مستقبل میں جھانکنے کی صلاحیت سے نوازا ہے ،اورقدرت ان کی رہنمائی کرتی ہے ۔ زیادہ دور نہ جائیں یہی جناب الطاف حسین تھے جو کہتے تھے کہ کراچی میں طالبانائزیشن ہورہی ہے تو پاکستان کا کونسا سیاسی ومذہبی رہنما یا اینکرپرسن ایسا تھا جس نے جناب الطاف حسین کے خدشات کو سنجیدگی سے لیاہو ،ان کے خدشات کو سنجیدگی سے لینا تو دورکی بات ہے ،ان خدشات کو جواز بناکر جناب الطاف حسین کو جھوٹا ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، ان کا مذاق اڑایا گیا اور عوام کو گمراہ کیا گیا کہ یہ سب عوام میں خوف وہراس پھیلانے کیلئے کہاجارہا ہے۔ یہی صورتحال داعش کے حوالہ سے جناب الطاف حسین کے خدشات پربھی سامنے آئی اور متعصبانہ ذہنیت رکھنے والوں نے یہ دیکھا کہ ’’کون‘‘ کہہ رہا ہے اور یہ سمجھنے کی دانستہ کوشش ہی نہیں کی گئی کہ کیا کہاجارہا ہے ۔
آج کل لوگوں کے ضمیرجاگنے کا موسم ہے ، یہ موسم ہفتہ میں دومرتبہ آتا ہے جب اچانک کسی کوخیال آتا ہے کہ وہ ’’پاکباز ‘‘ اور ’’محب وطن‘‘ ہے ، اپنے ملک ، اپنے شہر اور اپنے لوگوں سے مخلص ہے اور پھرجس ضمیر کو مفادپرستی ، عہدے ، وزارتوں اوراسمبلیوں کی رکنیت کی تھپکیاں دے دے کرسلایا گیا تھا وہ ضمیراچانک جاگ جاتا ہے۔اپنے خوابیدہ ضمیر کو جگانے والوں کی باڈی لینگوئج ، الفاظ کا اتارچڑھاؤ، مخصوص مقام پر اشک سوئی کرنا اور اسکرپٹ کے مطابق بہتان تراشیاں کرنا یہ سب دیکھ کر کوئی بھی ذی شعور بخوبی اندازہ لگاسکتا ہے کہ یہ سازش کون کررہا ہے اور اس سازش کا مقصد کیا ہے ؟آج جسے دیکھوقرآنی آیات اور احادیث مبارکہ کا حوالہ دیکر خود کودرست اور صرف ایک ’’شخصیت‘‘ کو غلط قراردینے کی سعی ء لاحاصل میں مصروف ہے ، شخصیت بھی کون سی ؟ وہ جسے کل تک ’’روحانی باپ‘‘ اور’’ نظریاتی باپ‘‘قراردیا جاتا تھا، جن عناصر کی تقاریر اور انٹرویوز میں جناب الطاف حسین کی تحریکی جدوجہد اوراس جدوجہد کے دوران دی جانے والی ان کی ناقابل فراموش قربانیوں کو موضوع بنایاجاتا تھا ،صبح شام جناب الطاف حسین کی بے لوث ، بے غرض اور مخلص قیادت کی تعریفوں کے پل باندھے جاتے تھے لیکن ان کے خوابیدہ ضمیر نے کروٹ لیکر اچانک انہیں یہ باور کرایا کہ پوری ایم کیوایم ’’فرشتوں ‘‘کی جماعت ہے اور تمام برائیوں کی بنیاد صرف اور صرف قائد تحریک جناب الطاف حسین ہیں ۔ایسے عناصر کی سوچ پر افسوس سے زیادہ ترس آتا ہے کہ آج وہ جن قوتوں کی کاسہ لیسی میں لاکھوں کروڑوں عوام کے ہردلعزیز قائد ، جناب الطاف حسین پر بہتان تراشیاں کررہے ہیں اور کارکنان وعوام کی دل آزاری کررہے ہیں، کل وہی قوتیں انہیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرکے راندہ درگاہ کردیں گی اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہوگا۔
یہ جناب الطاف حسین کی قائدانہ صلاحیتوں کا بین ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف ایم کیوایم کو ختم کرنے کیلئے کی جانے والی حالیہ سازش سے واقف تھے بلکہ اس سازش سے اپنے کارکنان وعوام کو بھی آگاہ کرچکے تھے ۔ عزیزآباد کے لا ل قلعہ گراؤنڈ میں شہداء ، اسیراور لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ کے اجتماع سے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں جناب الطاف حسین اس سازش کا بھانڈا پھوڑ دیا تھا۔جناب الطاف حسین کے خطاب کی خبر مورخہ 7، اگست2016ء کو روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی جس کی سرخی تھی’’ ایم کیوایم ،فوج کا احترام کرتی ہے، اسلام آباد میں نئی ایم کیوایم بنانے کی سازش ہورہی ہے ، الطاف حسین‘‘ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے اس سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ’’ ایم کیوایم فوج کا احترام کرتی ہے ، میرے خلاف سازشیں ہورہی ہیں اور اسلام آباد میں ایک اور ایم کیوایم بنانے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے جس میں ایسے نام لائے جائیں گے جن کے نام میں نہیں لوں گالیکن آپ ان کے نام سن کر تعجب کریں گے کہ جو سوچ نہیں سکتے وہ دشمنوں نے خرید لئے ، وہ بک گئے ، اپنے ضمیر کا سودا کرگئے ، سب بڑے بڑے ایم کیوایم کے لوگ بک جائیں گے لیکن شہداء ، لاپتہ ساتھیوں کے لواحقین اور اہل خانہ ، اسیروں کے اہل خانہ اپنے الطاف بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ‘‘
حقیقت یہ ہے کہ جناب الطاف حسین کو ’’قائد‘‘ اللہ تعالیٰ اور عوام نے بنایا ہے اور اللہ تعالیٰ جسے عوام الناس کی خدمت کیلئے قیادت سونپتا ہے اس کی تربیت اور رہنمائی بھی کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ پہلے ہی جناب الطاف حسین کوانکے مشن ومقصد کو نقصان پہنچانے کی سازش سے آگاہ کردیتا ہے ۔ ایم کیوایم اورجناب الطاف حسین کے خلاف عائد کئے جانے والے الزامات کوئی نئی بات نہیں ہے ، ایسے الزامات ماضی میں بھی لگتے رہے لیکن آج تک ان جھوٹے ، من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کو عدالت میں ثابت نہیں کیاجاسکا البتہ ان الزامات کو جواز بناکر جناب الطاف حسین کی کردارکشی اورمیڈیاٹرائل کا عمل کیاجارہا ہے ، جناب الطاف حسین کی علالت اور انتقال کی جھوٹی خبریں پھیلاکر ان کے کارکنان وعوام میں مایوسی پھیلائی جارہی ہے اور میڈیا کے بعض اینکرپرسنز ان جھوٹی خبروں کی تشہیر کرتے ہوئے یہ تک بھول گئے کہ غیرمصدقہ خبریں پھیلانے والوں کیلئے سرکاردوعالم ؐ نے کیاارشاد فرمایا ہے ، ان سازشی عناصر اور ان کے آلہ کار وں کو یادرکھنا چاہئے کہ ہرنفس کو موت کا مزا چکھنا ہے اور آج نہیں تو کل انہیں بھی موت کا مزا چکھنا ہوگا اور روزمحشر اپنے ایک ایک عمل کا حساب بھی دینا ہوگا۔یہ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے کہ ایک جانب میڈیا پر جناب الطاف حسین کا نام لیکر ان کی کردار کشی کی جارہی ہے اور ان کے حوالہ سے جھوٹی ، بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہے جبکہ دوسری جناب الطاف حسین کی تحریر، تقریراور تصویر کو نشروشائع کرنے پر پابندی عائد کرکے انہیں اپنا مؤقف بیان کرنے اورصفائی کاحق دینے سے بھی محروم کردیاگیا کیا ریاست کایہ عمل آئین، قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہے ؟ 
جناب الطاف حسین نے اسلام آباد میں نئی ایم کیوایم بنانے کی سازش کا انکشاف کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایم کیوایم کے خلاف سازش اور اس کے پس پردہ سازشی کرداروں سے اچھی طرح واقف ہیں اور اللہ تعالیٰ کی تائید اور عوام کی حمایت سے اس قسم کی سازشوں کو ناکام بنانا بھی جانتے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے گزشتہ روز اپنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ ایم کیوایم ، ایک سمندر ہے اور سمندر سے اگر دوچار قطرے نکال دیئے جائیں تو سمندر کی حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگران قطروں نے سمندرسے دوری اختیارکرکے ذلت ورسوائی کواپنا مقدر بنالیا تو یہ انکانصیب ۔ قرآن مجیدمیں اللہ تعالیٰ نے واضح الفاظ میں بیان کردیا ہے کہ ’’بے شک اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلت دیتا ہے ‘‘

7/19/2024 8:27:47 PM