حق پرست رکن سندھ اسمبلی عدنان احمد کے گھر پر دن دہاڑے ڈکیتی کے واقعہ پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
کراچی جیسے شہر میں عام انسان کے ساتھ ساتھ رکن سندھ اسمبلی کے گھر بھی محفوظ نہیں ہے، رابطہ کمیٹی
حق پرست رکن سندھ اسمبلی عدنان احمد کے ڈکیتی کے واقعات میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے ، رابطہ کمیٹی کا حکومت سندھ سے مطالبہ
کراچی۔۔۔29فروری2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی عدنان احمد کے گھر پر مسلح افراد کی جانب سے دن دہاڑے ڈکیتی ، نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہونے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال 13ڈی میں حق پرست رکن سندھ اسمبلی عدنان احمد کی رہائشگاہ پر دن دہاڑے دو گاڑیوں میں سوار ہو کر8 مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بناکر گھر میں موجود نقدی، زیوارت اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ کئی دنوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے جو کہ سندھ حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت مسلسل کراچی میں امن وامان کے دعوے کر تی چلی آرہی ہے لیکن حقائق اس کے برعکس ہے کراچی جیسے شہر میں عام انسان کے ساتھ ساتھ رکن سندھ اسمبلی کے گھر بھی محفوظ نہیں ہے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ سندھ انور سیال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی عدنان احمد کے گھر ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیں اور اس میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ۔