قائد تحریک جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم برطانیہ کی نئی ویب سائٹ www.mqmuk.com کا افتتاح کردیا
ویب سائٹ پر ویب ٹی وی، ویب ریڈیو، تحریکی لٹریچر، تنظیمی قومی و بین الاقوامی خبریں، بلاگز اور آرٹیکلز وغیرہ شامل کئے گئے ہیں
لندن۔۔8فروری2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ایم کیو ایم برطانیہ کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔ویب سائٹ کا پتہ www.mqmuk.com ہے۔ ویب سائٹ پر ایم کیو ایم سے متعلق بنیادی معلومات ، ویب ٹی وی، ویب ریڈیو، تحریکی لٹریچر ، تنظیمی خبریں، قومی و بین الاقوامی خبریں، بلاگز اور آرٹیکلز وغیرہ انگلش اور اردو میں دستیاب ہیں۔ ویب سائٹ پر قائد تحریک جناب الطاف حسین کی سوانح عمری My Life Journeyبھی قارئین کے مطالعہ کے لئے دستیاب ہے۔
اس موقع پر جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم برطانیہ کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایمانداری، محنت اور لگن کے ذریعے تحریک کے فکر و فلسفے کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھن اور مشکل وقت میں ایم کیو ایم برطانیہ کے کارکنان نے ثابت قدمی کے ساتھ جس طرح حالات کا مقابلہ کیا ہے اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیو ایم برطانیہ کی ویب سائٹ بنانے والے کارکنان کو شاباش دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ویب سائٹ کو کامیاب کرے تاکہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ایم کیو ایم کے ہمدرد و کارکنان اس میں دی گئی معلومات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔