ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے اراکین اور سی ای سی انچارج کا کراچی پریس کلب کے باہر بول ٹی وی کے متاثرین کے کیمپ کا دورہ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بول ٹی وی کے متاثرین سے یکجہتی کااظہار کیا
پاکستان بھر میں بول ٹی وی کے 2200سے زائد ملازمین کو گزشتہ 5ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے، اختر شاہین رند اور اے ایچ خانزادہ کی رابطہ کمیٹی اراکین سے گفتگو
کراچی ۔۔۔14، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ذرین مجید ، شبیر قائم خانی ، کمال ملک اور سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر نے گزشتہ روز کراچی پرسی کلب کے باہر قائم بول چینل کے متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین سے یکجہتی کااظہار کیا ۔اس موقع پر بول چینل متاثرین کی کمیٹی کے رکن اختر شاہین رند اور کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اے ایچ خانزادہ نے رابطہ کمیٹی کے اراکین کو بتایا کہ پاکستان بھر میں بول ٹی وی کے 2200سے زائد ملازمین کو گزشتہ 5ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہیں ، بچے تعلیم اور صحت جیسے بنیادی حق سے محروم ہیں اور ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مہنگائی کے اس دور میں دو وقت کی روٹی تک میسر نہیں ہو پارہی ہے ۔رابطہ کمیٹی نے اراکین نے بول ٹی وی کے متاثرین کی شکایات سنیں اور ان کے ازالے کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے بھر پور کوششوں کی یقین بھی دہانی کرائی ۔