بدایونی کالج کی زمین پر لینڈ مافیا کے قبضے کے بعددرسگاہ کو آگ لگا کرکالج کی عمارت پر قبضہ کرنے کی کوشش پر مستعفی ارکان سندھ اسمبلی کا اظہار مذمت
بدایونی کالج کی زمین پر سے لینڈ مافیا کا قبضہ فی الفور چھڑایا جائے، مستعفی ارکان سندھ اسمبلی
بدایونی کالج اورا س کی زمین پر قبضے کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ لینڈ مافیا کے کارندے اپنے آپ کو قانون سے بالا تر تصور کررہے ہیں، مستعفی ارکان سندھ اسمبلی
ملوث لینڈ مافیا کے کارندوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہ لانا لینڈ مافیا کو مزید غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھنے کا سرٹیفکیٹ دینے کے مترادف ہے ، مستعفی ارکان سندھ اسمبلی
کراچی ۔۔۔2، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے مستعفی اراکین سندھ اسمبلی نے بدایونی کالج کی زمین پر لینڈ مافیا کے قبضے کے بعددرسگاہ کو آگ لگا کرکالج کی عمارت پر قبضہ کرنے کی کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ بدایونی کالج کی زمین پر سے لینڈ مافیا کا قبضہ فی الفور چھڑایا جائے ۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ سرکاری زمینوں پر قبضے کے بعد اب لینڈ مافیا کی جانب سے بدایونی کالج اورا س کی زمین پر قبضے کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ لینڈ مافیا کے کارندے اپنے آپ کو قانون سے بالا تر تصور کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا کا کالج کی زمین کے بعد اس کی عمارت پر قبضے کیلئے درسگاہ کو آگ لگانے کا عمل سراسر تعلیم دشمن اقدام ہے اوراس میں ملوث لینڈ مافیا کے کارندوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہ لانا لینڈ مافیا کو مزید غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھنے کا سرٹیفکیٹ دینے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے اور جرائم پیشہ عناصر، دہشت گردوں ، بھتہ خوروں اور لیڈ مافیا کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن دوسری جانب بدایونی کالج پر لینڈ مافیا کی قبضہ کی کارروائی اور اب تک لینڈ مافیا کے کارندوں کا قانون کی گرفت سے محفوظ رہنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دعوؤں کو غلط ثابت کررہا ہے ۔ مستعفی اراکین قومی اسمبلی نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ بدایونی کالج کی زمین پر لینڈ مافیا کے قبضہ اور اس کی عمارت پر قبضے کیلئے درسگاہ کو آگ لگانے کے مذموم عمل کا نوٹس لیاجائے، اس میں ملوث لینڈ مافیا کے کارندوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور بدایونی کالج پر سے لینڈ مافیا کا قبضہ ختم کرنے کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات کئے جائیں ۔