حق پرست پینل کے لئے نامزد کئے گئے امیدواران کے لال قلعہ گراؤنڈ میں انٹرویوز کا سلسلہ حتمی مرحلے میں داخل
قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ہدایت کے مطابق حق پرست بلدیاتی امیدواران کیلئے ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی ایسی قابلیت رکھنے والے افراد کا چناؤ کر رہی ہے جو عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کرسکیں
بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں امیدواران کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے
کراچی ۔۔۔30، ستمبر2015ء
بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآباد میں حق پرست چےئرمین ، ڈپٹی چےئر مین، ٹاؤن ناظمین ، نائب ناظمین ، یوسی ناظمین ، نائب یوسی ناظمین اور بلدیاتی امیدواران کیلئے انٹرویوز کیے گئے تاکہ جناب الطاف حسین کی واضح ہدایت کے مطابق رابطہ کمیٹی کے ارکان بلدیاتی امیدواران کے انٹرویوز کے بعد محنتی ، دیانت دار ، اچھی شہرت اور قابلیت رکھنے والے افراد کا چناؤ کرکے عوام کی خدمت کیلئے پیش کرسکیں۔اس سلسلے میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان حق پرست پینل کیلئے امیدواران کے فارم کی جانچ پڑتال کررہے ہیں اور بلدیاتی امیدواران کی فہرستیں مرتب کرنے میں مصروف ہیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے عوام میں سے ہی اچھی شہرت اور قابلیت رکھنے والے افراد کا چناؤ کیاجارہا ہے جو عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کرسکیں۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بلدیاتی امیدواران کو تلقین کی کہ حق پرست امیدواران منتخب ہونے کے بعد جناب الطاف حسین کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھر پوراور عملی کوششیں کریں اور عوامی خدمت کو مقدم جانیں۔واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں امیدواران کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے ۔