پاکستان سمیت دنیا بھرکے مسلمانوں کو قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے عید الاضحی کی مبارکباد
عید الاضحی عظیم اور بڑے مقصد کیلئے ہرقسم کی قربانی کا درس دیتی ہے، الطاف حسین
عیدالاضحٰی حضرت ابراہیم ؑ کی سنت ہے، الطاف حسین
حضرت ابراہیم ؑ نے اللہ تعالیٰ کے حکم پر اپنے سب سے چہیتے بیٹے حضرت اسماعیل کوقربانی کیلئے پیش کردیا ، الطاف حسین
متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان 37 برسوں سے اللہ کی خوشنودی کیلئے عید کی خوشیاں قربان کررہے ہیں، الطا ف حسین
لندن۔۔۔24، ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطا ف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھرکے مسلمانوں کو عید الاضحی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ عید الاضحی عظیم اور بڑے مقصد کیلئے اپنی خواہشات اورانا سمیت ہرقسم کی قربانی کا درس دیتی ہے ۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ عیدالاضحٰی حضرت ابراہیم ؑ کی سنت ہے، حضرت ابراہیم ؑ نے اللہ تعالیٰ کے حکم پرنہ صرف اپنے سب سے چہیتے بیٹے حضرت اسماعیل کوقربانی کیلئے پیش کیا بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے آپ ؑ کے صاحبزادے حضرت اسماعیل ؑ نے بھی فرمانبرداری کا مظاہرہ کیااوراللہ کی راہ میں خود کو قربانی کیلئے پیش کردیا۔انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی مسلمانوں کا مذہبی تہوار ہے اورعیدالاضحی کا تقاضا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنی عزیزشے کو قربان کردیا جائے ۔جناب الطاف حسین نے حق پرست عوام بالخصوص مخیر اور صاحب حیثیت افراد سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر غرباء ، مساکین ، یتیموں اور مستحق افراد کو یاد رکھیں اورانہیں عید کی خوشیوں میں ضرور شامل رکھیں۔جناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران و کارکنان کوبھی ہدایت کی کہ وہ عید الاضحی کی خوشیوں میں حق پرست شہداء کے لواحقین ، لاپتہ کارکنان و اسیروں کے اہل خانہ اور مصائب ومشکلات کا شکار عوام کو ہرگز فراموش نہ کریں اور ان کی حتی المقدور خبرگیری کریں۔ جناب الطا ف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں پر عید الاضحی کی رحمتوں اور برکتوں کا نزول فرمائے ، پاکستان ترقی و خوشحالی عطافرمائے ، ملک سے انتہاء پسندی اورمذہبی دہشت گردی کا خاتمہ کرے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن وسکون قائم کرے،ملک بھرکے عوام میں اتحاد واتفاق پیدا کرے، ایم کیوایم کے تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے ، لاپتہ اوراسیرکارکنان کے اہل خانہ کی مشکلات کا خاتمہ کرے، ایم کیوایم حق پرستانہ جدوجہد کو کامیابی وکامرانی نصیب فرمائے اور ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائے۔