مستعفی حق پرست رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے ایم کیوایم کی جانب سے اے آر وائی چینل کے خلاف ’’ڈسٹرکٹ کورٹ کراچی سینٹرل‘‘ میں ہتک عزت کے دعویٰ کی درخواست دائر کردی
ہتک عزت کے دعویٰ میں بیس ارب روپے ہرجانہ ادائیگی کی درخواست کی گئی ہے
کراچی ۔۔۔21، ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے مستعفی حق پرست رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے اے آر وائی چینل کے خلاف ’’ڈسٹرکٹ کورٹ کراچی سینٹرل ‘‘ میں ہتک عزت کے دعویٰ کی درخواست دائر کردی ۔ہتک عزت کے دعویٰ میں بیس ارب روپے ہرجانہ ادائیگی کی درخواست کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ ہتک عزت کا دعویٰ اے آر وائی چینل کے پروگرام کھر اسچ کے اینکر پرسنز مبشر لقمان اور دیگر کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ ہتک عزت کے دعویٰ کی درخواست دائر کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ کورٹ کراچی سینٹرل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے رؤف صدیقی نے کہاکہ اے آروائی کے پروگرام کھرا سچ میں ایم کیوایم کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیاجن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اے آر وائی چینل کے پروگرام میں ایم کیوایم کے خلاف شر انگیزی سے کروڑوں عوام کے جذبات متاثر ہوئے ہیں اور ان میں شدید غم وغصہ بھی پایاجاتا ہے لہٰذا عدالت اے آر وائی چینل کے پروگرام کے اینکر پرسنز اور دیگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائے اور ہرجانے کے طور پر بیس ارب روپے کی ادائیگی کا حکم دے ۔