ایم کیوا یم کے مستعفی رکن صوبائی اسمبلی رؤف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کا الزام،عدالت نے سماعت 14اکتوبر تک ملتوی کردی
مجھے تقاریر سننے کے جرم میں دہشت گرد قرار دے دیا گیا لیکن میں پاکستان کا پر امن شہری ہوں،رؤف صدیقی
بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات کئی برسوں تک بھی چلتے رہے تو میں عدالتوں کا سامنا کروں گا
اگرملک سے انتقامی سیاست ختم نہ ہوئی توباعزت شہری قومی سیاست سے اپنا دامن بچانے لگیں گے
مستعفی رکن سندھ اسمبلی کی عدالت کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو
کراچی ۔۔۔19ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے مستعفی رکن صوبائی اسمبلی رؤف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے الزام میں کٹوائی گئی ایف آئی آرز پر سندھ ہائی کورٹ نے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف صدیقی نے کہاکہ مجھے صرف تقاریر سننے کے جرم میں دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں پاکستان کا ایک پر امن شہری ہوں۔انہوں نے کہاکہ میں حق پرستی کی جدوجہد میں کل بھی شامل تھا اور آج بھی اپنی پوری ہمت کے ساتھ مشکلات اور اوچھے ہتھکنڈوں کا سامنا کر رہاہوں،اگر میرے خلاف اس قسم کے بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات کئی برسوں تک بھی چلتے رہے تو میں عدالتوں کا سامنا کروں گااور ظلم و جبر کے ان ہتھکنڈوں کے نتیجے میں حق پرستی کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے ملک میں سیاسی انتقام کی آگ میں اس طرح کے حربے ختم نہ ہوئے تو ایک وقت ایسا اآئے گا جب ملک میں صرف غنڈے اور بدمعاش ہی سیاستدان ہوں گے اور باعزت لوگ قومی سیاست سے اپنا دامن بچانے لگیں گے۔