لندن میں ’’شہیدانقلاب ‘‘ ڈاکٹر عمران فاروق شہید کی پانچویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی
ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی
اجتماع میں رابطہ کمیٹی ، ایم کیوایم برطانیہ کے ذمہ داران اورکارکنان نے شرکت کی
قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماع میں شہید کی اہلیہ اور بچوں نے خصوصی طورپر شرکت کی
لندن۔۔۔17،ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ’’شہیدانقلاب ‘‘ ڈاکٹر عمران فاروق شہید کی پانچویں برسی لندن میں بھی عقیدت واحترام سے منائی گئی اور شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ اس سلسلے میں ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ڈاکٹرعمران فاروق شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کا اجتماع ہوا ۔ اجتماع میں رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینر ندیم نصرت، رابطہ کمیٹی کے ارکان ، پاکستان سے آئے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن گلفراز خان خٹک، مستعفی رکن سندھ اسمبلی نشاط احمد ضیاء،ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے ارکان ، شعبہ خواتین کی اراکین ،ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان اور برطانیہ کے مختلف یونٹوں کے ذمہ داران، کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کے علاوہ ڈاکٹر عمران فاروق شہید کی اہلیہ شمائلہ عمران اور بچوں عالی شان عمران اور وجدان عمران نے خصوصی طورپر شرکت کی ۔ ایم کیوایم کے سینئر ہمدرد حافظ مسرور حسین نے خشوع وخضوع کے ساتھ فاتحہ خوانی کرائی اور اجتماعی دعا کی گئی جن میں ڈاکٹرعمران فاروق شہید کے بلند درجات ، شہید کے سوگوارلواحقین کیلئے صبرجمیل ، ایم کیوایم اورجناب الطاف حسین کے خلاف سازشوں کے خاتمے اور حق پرستانہ مشن ومقصد کی کامیابی کے علاوہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمر، صحت وعافیت کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔