حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام تر دباؤکے باوجود ایم کیوایم کی اپیل پر کامیاب یوم سوگ منانے پر کراچی سمیت سندھ بھرکے عوام کوزبردست خراج تحسین
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر ان نے مارکیٹوں کے عہدیداروں، پیٹرول پمپس کے مالکان اور ٹرانسپورٹرز کوکھلی دھمکیاں دیں کہ اگرانہوں نے ایم کیوایم کے یوم سوگ میں حصہ لیاتوان کا کاروبار دوبارہ کھلنے نہیں دیاجائے گا
سرکاری اہلکارآج سرکاری طاقت کا استعمال کرکے شہرمیں پیٹرول پمپس اوردکانیں کھلوانے میں مصروف رہے
اگرزبردستی دکانیں بندکراناغلط ہے تو زبردستی کاروبارکھلواناکونسے قانون کے تحت جائزہے؟ رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔ 12 ستمبر 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام تر دباؤکے باوجود ایم کیوایم کی اپیل پر کامیاب یوم سوگ منانے پر کراچی سمیت سندھ بھرکے عوام کوزبردست خراج تحسین پیش کیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم نے رینجرزکے ہاتھوں اپنے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف آج سندھ بھر میں یوم سوگ منانے کااعلان کیاتھا لیکن ماورائے عدالت قتل کے واقعات پر شرمندہ ہونے اور اس پر ذمہ داروں کے خلاف ایکشن کرنے کے بجائے کل رات سے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر ان کی جانب سے شہرکی مختلف مارکیٹوں کے عہدیداروں، پیٹرول پمپس کے مالکان اورٹرانسپورٹرزکوبلابلاکرکھلی دھمکیاں دی گئیں کہ اگرانہوں نے ایم کیوایم کے یوم سوگ میں حصہ لیاتوان کا کاروبار دوبارہ کھلنے نہیں دیاجائے گا۔ اس تمام تر دباؤکے باوجودجب آج شہرمیں پیٹرول پمپس اورمارکیٹیں بندرہیں توسرکاری اہلکار سرکاری طاقت کا استعمال کرکے شہرمیں پیٹرول پمپس اوردکانیں کھلوانے میں مصروف رہے ۔ اسی طرح سندھ کے دیگرشہروں میں بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیوایم کے یوم سوگ میں رکاوٹیں ڈالنے میں اپنی توانائیاں استعمال کرتے ر ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگرزبردستی دکانیں بندکرانا خلاف قانون ہے تو زبردستی کاروبارکھلواناکونسے قانون کے تحت جائزہے؟ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے تمام تردباؤ اور دھمکیوں کے باوجودکراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نوابشاہ، سانگھڑ اورسندھ بھر کے شہروں کے عوام نے ایم کیوایم کی اپیل پر بھرپوریوم سوگ مناکر ثابت کردیاکہ وہ ریاستی مظالم کے خلاف ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔