کورنگی سیکٹر کے کارکن آفتاب حسین شہید کو مقامی قبرستان میں سپر دخاک کردیا گیا
ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے،ارباب اقتدار ہوش کے ناخون لیں،عامر خان۔
نماز جنازہ و تدفین میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان ،سی ای سی سمیت سیکٹرو یونٹ کے ذمہ داران و کارکنان کی شرکت
نماز جنازہ کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو
کراچی ۔۔۔۔11ستمبر2015
گذشتہ روز حقیقی دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایم کیو ایم کورنگی سیکٹر یونٹ 75کے کارکن آفتاب حسین کو کورنگی نمبر 01کے مقامی قبرستان آہون اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا،شہید کی نماز جنازہ کورنگی کے علاقے رحیم آباد سیکٹر 43-Aمیں ادا کی گئی ، نماز جنازہ و تدفین میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے اراکین عامرخان، عارف خان ایڈوکیٹ، اقبال مقدم،ارشد حسن، سینٹرل ایگزیکٹوکونسل کے اراکین ، مستعفی اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی، یونٹ اور سیکٹر کے ذمہ داران و کارکنان کے علاوہ شہید کے عزیزو اقارب اور اہل علاقہ نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔اس موقع پرایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن عامرخان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں کو سرکاری سرپرستی قبضے کرائے جارہے ہیںآفتاب حسین کی شہادت سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان دہشت گردوں کو ایم کیو ایم کے کارکنان کو نشانہ بنا نے کا ٹاسک دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری امن پسندی کوہماری بزدلی سے نہ تعبیر کیا جائے ہم امن پسند اور محب وطن لوگ ہیں ، انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، کور کمانڈر سندھ نویدمختار ، ڈی جی رینجرز بلال اکبرسے مطالبہ کیا ہے کہ شہید کارکن آفتاب حسین کے قاتل حقیقی دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔