ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی کورنگی سیکٹر کے کارکن آفتاب حسین کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت
آفتاب حسین کو حقیقی دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی تھیں ،رابطہ کمیٹی
شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود ایم کیوا یم کے سینکڑوں کارکنان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاچکا ہے ،رابطہ کمیٹی
قانو ن نافذ کرنیوالے ادارے ہمارے کارکنان کے کسی قاتل کو گرفتار نہیں کر سکے ہیں،رابطہ کمیٹی
وزیر اعظم ، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ سندھ آفتاب حسین شہید کے قاتلوں کو گرفتار کروا کر سخت سے سخت سزا دلوائیں،رابطہ کمیٹی کا مطالبہ
کراچی۔۔۔10ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نامعلوم مسلح ملزمان کی جانب سے ایم کیوا یم کورنگی سیکٹر یونٹ75کے کارکن آفتاب حسین ولد الطاف حسین کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو کھلی دہشت گردی اور بربریت قراردیاہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود گزشتہ دوسالوں میں ایم کیوا یم کے سینکڑوں کارکنان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاچکا ہے لیکن نہ تو قانو ن نافذ کرنیوالے ادارے ہمارے کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کر سکے ہیں اور نہ ہی شہرمیں امن و امان کے قیام کیلئے بڑے بڑے دعوؤں کے باوجود کارکنان کے قتل کا سلسلہ رکوایا جاسکاہے۔انہوں نے کہا کہ آفتاب حسین کو حقیقی دہشت گردوں کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی تھیں اورانہیں جمعرات کی شام انکے گھر کے باہر نامعلوم مسلح ملزمان نے قریب سے گولیاں مار کر شہید کردیا۔انہوں نے کہاکہ شہید آفتاب حسین نے پسماندگان میں بیوہ ، ایک بیٹی اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب حسین کے قتل میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں فی الفور گرفتار کروائیں اور قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دیں۔