ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق ، سی ای سی کے انچارج وسیم اختر ، رکن احمد سلیم صدیقی اور مستعفی رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی کا آغا خان اسپتا ل کا دورہ
جیو نیوز کی سیٹلائٹ وین پر فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے سیٹلائٹ انجینئر ارشد علی جعفری کے سوگوار لواحقین سے ملاقات اور زخمی ڈرائیور محمد انیس کی عیادت کی
آزادی اظہار سب کا حق ہے اور اس پرقد غن لگانے والے سخت محاسبہ اور سزا کے مستحق ہیں، امین الحق کی گفتگو
سیٹلائٹ وین پر فائرنگ ، ارشد علی جعفری کو ہلاک اور محمد حنیف کو زخمی کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیاجائے ، امین الحق
کراچی ۔۔۔9، ستمبر2015ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید امین الحق ، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر ، رکن احمد سلیم صدیقی اور مستعفی حق پرست رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی نے آج آغا خان اسپتال کا دورہ کیا اور جیو ٹی وی کی سیٹلائٹ وین پر فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے سیٹلائٹ انجینئر ارشد علی جعفری کے سوگوار لواحقین سے ملاقات کی اور قائد تحریک جناب الطا ف حسین کی جانب سے صبر کی تلقین کی ۔ ایم کیوایم کے وفد نے جیو نیوز کے زخمی ڈرائیور محمدانیس کی عیادت کی اور ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق نے جیو نیوز کی سیٹلائٹ وین پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ آزادی اظہار سب کا حق ہے اور اس پرقد غن لگانے والے سخت محاسبہ اور سزا کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہر میں دہشت گردی ، اسٹریٹ کرائمز اور قتل وغارتگری کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر ہورہے ہیں اس کے باوجود شہر میں قیام کے جھوٹے دعوے کئے جارہے ہیں ، جیو کی سیٹلائٹ وین پر حملہ سے ثابت ہوگیا ہے کراچی میں امن و امان ناپید ہے اور انسانی زندگیاں دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں ۔امین الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جیو نیوز کی سیٹلائٹ وین پر فائرنگ ،سیٹلائٹ انجینئر ارشد علی جعفری کو جاں بحق اور ڈرائیورمحمد انیس کو زخمی کرنے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں قرارواقعی سخت سے سخت سزا دی جائے ۔