سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے ساجد قریشی شہید اور وقاص قریشی شہید کی رہائشگاہ جاکر سوگواران سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا
حکومت سفاک قاتلوں کو ضرور کیفر کردار تک پہنچائے گی، نثار کھوڑو نے واقعہ کی شدید مذمت کی اور شہید کے بچوں پر دست شفقت رکھا
کراچی ۔۔۔25، جون 2013ء
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے منگل کے روز نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی کے سوگوار لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ۔ اس موقع پر حق پرست ارکان سندھ اسمبلی سیف الدین خالد اور ریحان ظفر بھی موجود تھے ۔ نثار احمدکھوڑو نے ساجد قریشی شہید کے بڑے بھائی زاہد قریشی اور دیگر لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے باپ بیٹے کے بہیمانہ قتل کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ حکومت سفاک قاتلوں کو ضرور کیفر کردار تک پہنچائے گی ۔ نثار کھوڑو نے شہید ساجد قریشی کے بچوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا اور انہیں پیار کیا اس موقع پر انہوں نے ساجد قریشی شہید اور وقاص قریشی شہید کے بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔