لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم لیاری سیکٹر کے کارکن کے بھائی انس کے اغواء اور انسانیت سوز تشدد سے بہیمانہ قتل کا سختی سے نوٹس لیا جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
گینگ وار نے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو بلاجواز اغواء کے بعد تشدد کرکے قتل کرنا روز مرہ کا معمول بنالیا ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔9، جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم لیاری سیکٹر یونٹ 32کے کارکن سہیل کے چھوٹے بھائی محمد انس کو لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی جانب سے اغواء کے بعد انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور سفاکانہ قتل کی اس واردات کو گینگ وار کے دہشت گردوں کو حاصل حکومت سندھ کی ناجائز سرپرستی کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ مقتول انس 4روز قبل غازی نگر میں واقع اپنی رہائشگاہ سے ناشتہ لینے نکلے تھے کہ غائب ہوگئے اور عزیز و اقارب کے معلوم کرنے پر مقتول کی لاش گزشتہ رات ایدھی سینٹر سے ملی۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گینگ وار کے دہشت گردوں نے شہر میں ایم کیوایم کے کارکنان، تاجروں ، صنعتکاروں ، دکانداروں کو تسلسل کے ساتھ نشانہ بنانے کے بعد بے گناہ اور معصوم شہریوں کو بھی بلاجواز اغواء کے بعد تشدد کرکے قتل کرنا روز مرہ کا معمول بنالیا ہے اور اس تمام نازک صورتحال میں بھی دہشت گرد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں نہ لانا نہ صرف شہر کراچی کے ساتھ ظلم ہے بلکہ پاکستان کی ترقی کے انجن کو دہشت گردوں کے ہاتھوں میں دینے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مقتول محمد انس کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ گینگ وار کے ہاتھوں اغواء کے بعد انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنا کر محمد انس کو بیدردی سے قتل کرنے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور سفاکانہ قتل کی واردات میں ملوث لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کے خلاف فی الفور کارروائی کرکے عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔