نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب کا ٹیلی فون پر الطاف حسین سے رابطہ
بم دھماکوں میں ایم کیوایم کے کارکنان و ہمدردوں کے شہید و زخمی ہونے پر اظہار افسوس
دہشت گردی کے باوجود ایم کیوایم کے صبر و تحمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ملک حبیب
اقتدار منتخب نمائندوں کے سپرد کرنے کی کوشش میں ایم کیوایم کا تعاون قابل تحسین ہے، ملک حبیب
دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج اور حکومت کے ساتھ ہیں، الطاف حسین
دہشت گرد ملک کی لبرل اور جمہوری جماعتوں کو نشانہ بنارہے ہیں، الطاف حسین
لندن۔۔۔4،مئی2013ء
نگراں وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب نے کہاہے کہ دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے باوجود متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے صبروتحمل اور ہمت وجرات کا مظاہرہ کیا گیا ہے جسے نگراں حکومت قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کی شب ایم کیوایم کے قائد جناب الطا ف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملک حبیب نے جناب الطاف حسین سے ایم کیوایم کے انتخابی دفاتر پر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی مذمت کی اور ان واقعات میں ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کے شہید وزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پرامن انتخابات کرانے اور اقتدار منتخب نمائندوں کے سپرد کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کررہی ہے اور اس کوشش میں ایم کیوایم کا تعاون قابل تحسین ہے۔اگران حالات میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوجاتا ہے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی ۔انہوں نے جناب الطاف حسین کو یقین دلایا کہ وہ نگراں وزیراعظم کی ہدایت پر کل کراچی پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیں گے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی نہ صرف نظرآئے بلکہ دہشت گردی کی صورتحال پر قابو بھی پایا جاسکے ۔نگراں وفاقی وزیرداخلہ نے بم دھماکوں میں ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں کی شہادت پر دلی تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سوگوارلواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے خلاف دہشت گردی کے واقعات پراظہارہمدردی کرنے پرنگراں وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد ملک کی لبرل اور جمہوری جماعتوں کو نشانہ بنارہے ہیں اوربے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلہ آج بھی بلند ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کاخاتمہ کرنے کیلئے ہم مسلح افواج اور حکومت کے ساتھ ہیں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔