صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر کے قریب بم دھماکے پر الطاف حسین کاشدید اظہار مذمت
دہشت گرد ملک بھر میں پرامن انتخابی ماحول سبوتاژ کرکے ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو جمہوری و قانونی حق سے محروم کرنے کی گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہیں ، الطاف حسین
جناب الطاف حسین کی بم دھماکے میں شہید افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔29، اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفترکے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعددافرادکے شہید و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ شدت پسند اور انتہاء پسند دہشت گردملک بھر میں بم دھماکوں ، دہشت گردی اور قتل و غارتگری کرکے نہ صرف ملک کو عدم استحکام سے دوچار کررہے ہیں بلکہ پرامن انتخابی ماحول سبوتاژ کرکے ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو جمہوری و قانونی حق سے محروم کرنے کی گھناونی سازش پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے دفترکے قریب بم دھماکے میں شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ،نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب اور نگراں حکومت خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ چارسدہ میں اے این پی کے انتخابی دفترکے قریب بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور بم دھماکوں اور دہشت گردی کی سفاکانہ کارروائیوں میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔