ایم کیو ایم برطانیہ کے تحت حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی
قتل وغارتگری کے ذریعہ ایم کیوایم کو حق پرستی کی جدوجہد سے باز نہیں رکھا جاسکتا، ایم کیوایم برطانیہ
لندن۔۔۔25 اپریل2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ یونٹ کے تحت پاکستان کے صوبہ سندھ میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ایم کیوایم کے ذمہ داروں، کارکنوں اورہمدردوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی ۔ قرآن خوانی کا اجتماع ایم کیو ایم برطانیہ کے آفس واقع ایجویئر لندن میں ہوا جس میں ایم کیو ایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان ، مختلف یونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ بعدازاں اجتماعی دعا کی گئی جس میں شہداء کے بلنددرجات ،سوگوارلواحقین کیلئے صبرجمیل ، دہشت گردی کے واقعات میں زخمی ہونے والے کارکنان وہمدردوں کی جلد ومکمل صحت یابی اور ایم کیوایم کے حق پرستانہ مشن ومقصد کی کامیابی کے علاوہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت وعافیت کیلئے بھی دعا کی گئی۔
دریں اثناء ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایم کیوایم کو غیرجمہوری ، غیرآئینی اور غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کرکے انتخابی عمل سے دوررکھنے کی سازش کی جارہی ہے اور انتخابی سرگرمیوں میں مصروف کارکنان وہمدردوں کو سفاکی سے قتل کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے ذریعہ نہ تو ایم کیوایم کو حق پرستی کی جدوجہد سے باز رکھا جاسکتا ہے اورنہ ہی حق پرست کارکنان وعوام کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں۔