ایم کیوایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ بھر میں بھرپور یوم سوگ منایا گیا
یوم سوگ کے موقع پر کراچی سمیت سندھ بھر میں ہوکا سماں دیکھنے میں آیا
عوام نے احتجاجاً اپنی تجارتی ، کاروباری، تعلیمی اور دیگرسرگرمیاں مکمل طور پر معطل رکھیں
پنجاب ،خیبرپختونخوا ، بلوچستان ، گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیرمیں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی
ایم کیوایم کے کارکنان کے قتل کے واقعات پر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی مجرمانہ خاموشی سے حق پرست عوام میں شدید غم وغصہ
کراچی ۔۔۔24، اپریل2013ء
انتخابی سرگرمیوں میں مصروف متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کے مسلسل قتل کے خلاف ایم کیوایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ بھر میں بھرپور یوم سوگ منایا گیا،اس موقع پر سندھ بھر کے عوام نے احتجاجاً ہرقسم کی سرگرمیاں بند رکھیں اور کراچی سمیت سندھ بھر میں ہوکا سماں دیکھنے میں آیاجبکہ ملک کے دیگر صوبوں کے مختلف شہروں میں حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ کے اجتماعات منعقد کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے نامزد امیدوار، ذمہ داروں ،کارکنان اور ہمدردوں کی ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات کے خلاف آج کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منایا گیا۔کراچی سمیت سندھ بھرمیں تاجروں ، صنعتکاروں، ٹرانسپورٹرز، محنت کشوں، طلباوطالبات اورزندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایم کیوایم کے کارکنان کے مسلسل قتل کے واقعات کے خلاف شدید غم وغصہ کا اظہارکیا اور یوم سوگ کے موقع پراپنی تجارتی ، کاروباری، تعلیمی اور دیگرسرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی دیکھنے میں نہیں آئی۔ یوم سوگ کے موقع پر ایم کیوایم کے دفاتر،کارکنان کے گھروں ، اہم چوراہوں ، عمارتوں اور تجارتی مراکز پر سیاہ پرچم اورسیاہ بینرز لگائے گئے تھے جن پر ایم کیوایم کے کارکنا ن کے قتل کے واقعات پر مذمتی کلمات تحریرتھے جبکہ ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں۔
ایم کیوایم کی جانب سے یوم سوگ کی اپیل پر صوبہ پنجاب ، صوبہ خیبرپختونخوا ، صوبہ بلوچستان ، گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیرمیں بھی یوم سوگ بھرپورانداز میں منایاگیا، مختلف شہروں میں سیاہ پرچم اور سیاہ بینرز لگائے گئے ۔ یوم سوگ کے سلسلے میں ایم کیوایم کے صوبائی اور ضلعی دفاترمیں حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ایم کیوایم کے مقامی ذمہ داروں ، کارکنوں اورہمدرد عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ایم کیوایم کے ذمہ داروں ،کارکنوں اور ہمدردوں کی ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات ، قاتلوں کی عدم گرفتاری اور ایم کیوایم کے کارکنان کے قتل کے واقعات پر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی مجرمانہ خاموشی سے ملک بھرکے حق پرست عوام میں شدید غم وغصہ دیکھنے میں آرہا ہے۔