سندھ دھرتی کا بیٹا ہوں، سندھ کے حقوق کی خاطر اپنی جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔ الطاف حسین
سندھ کے دشمنوں نے اردو بولنے والوں اور سندھی بولنے والوں کے درمیان تفریق پھیلانے کی بڑی کوششیں کیں لیکن لال شہبازؒ اور شاہ لطیفؒ کا کرم ہے کہ وہ آج ایک ہیں
کارکنان پرامن طریقے سے انتخابی مہم چلائیں اور کسی بھی مخالف کی جانب سے کوئی زیادتی ہو تو بھی مشتعل ہونے کے بجائے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں
ٹنڈو الہ یار زون پر عہدیداروں، کارکنوں اور نامزد حق پرست امیدواروں سے خطاب
ٹنڈوالہ یار۔۔۔ 21 اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ الطاف حسین سندھ دھرتی کابیٹاہے اورسندھ کے حقوق کی خاطر وہ اپنی جان قربان کرنے کیلئے بھی تیارہے۔انہوں نے یہ بات اتوارکی شب ٹنڈوالہ یار زون پر عہدیداروں،کارکنوں اورنامزدحق پرست امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر عہدیداروں اورکارکنوں کاجوش وخروش قابل دیدتھا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے دشمنوں نے اردوبولنے والوں اورسندھی بولنے والوں کے درمیان تفریق پھیلانے کی بڑی کوششیں کیں لیکن لال شہباز ؒ اورشاہ لطیفؒ کاکرم ہے کہ وہ آج بھی ایک ہیں اورانکے ساتھ ساتھ حق پرست پنجابی،پختون،بلوچ،کشمیری حق پرستی کے پرچم تلے متحد ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹس کوکے حامیوں نے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کوکبھی زبان، کبھی فقہ اورکبھی مذہب کے نام پر لڑانے کی سازشیں کیں لیکن انکی سازشیں کامیاب نہیں ہوسکیں اورباشعورعوام اپنے حقوق کیلئے متحدہیں۔جناب الطا ف حسین نے ٹنڈوالہ یار کے کارکنوں سے کہاکہ میں گزشتہ 21سال سے لندن میں جلاوطن ہوں،لیکن نہ آپ نے مجھے چھوڑا اورنہ میں نے آپ کوچھوڑا،یہ محبت اللہ تعالیٰ نے پیداکی ہے ۔انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ وہ پرامن طریقے سے انتخابی مہم چلائیں اورکسی بھی مخالف کی جانب سے کوئی زیادتی ہوتو مشتعل ہونے کے بجائے صبروتحمل کامظاہرہ کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ صبرکرنے والوں کوپسندکرتاہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ٹنڈوالہ یار سے نامزدکئے جانے والے ایم کیوایم کے امیدواروں کاتعارف بھی کرایااوراس پر کارکنوں کومبارکباد پیش کی۔