پاکستان، ایران اور متحدہ عرب امارات میں زلزلوں کے شدید جھٹکوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر الطاف حسین کا اظہارِ افسوس
بلوچستان کے کارکنان و ذمہ داران پنجگور میں زلزلے کے باعث ہونیوالی تباہ کاریوں کے بعد امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں
لندن :۔۔۔16، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان ، ایران اور متحدہ عرب امارات میں زلزلوں کے شدید جھٹکوں اوراس کے نتیجے میں متعددافراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے ناگہانی آفت میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ جاں بحق ہونیوالے افراد کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور سوگواران کو صبر جمیل سمیت زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا فرمائے ۔(آمین)علاوہ ازیں جناب الطاف حسین نے ملک کے دیگر علاقوں بالخصوص بلوچستان کے کارکنان و ذمہ داران کو ہدایت دی ہے کہ وہ پنجگور و دیگر علاقوں میں زلزلے کے باعث ہونیوالی تباہ کاریوں کے بعدامدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔