فخرالاسلام کے سفاک قاتلوں کوفوری گرفتارکیا جائے، الطاف حسین
قتل وغارتگری سے ایم کیوایم کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔حق پرست شہداء کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور سفاک قاتل اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گے۔فخرالاسلام کے بہیمانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے اورایم کیوایم کے تمام نامزدامیدواروں کو تحفظ
فراہم کیا جائے ، گورنر سندھ اورنگراں وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ
حیدرآباد میں پی ایس 47 سے ایم کیوایم کے امیدوار فخرالاسلام کے قتل پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
لندن۔۔۔11، اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ہالا ناکہ حیدرآباد میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں حیدرآبادپی ایس 47 سے حق پرست امیدوار ،سابق حق پرست کونسلراور ایم کیوایم حیدرآبادسیکٹر B ، یونٹ 16 کے جوائنٹ انچارج فخرالاسلام کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کو کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ کارروائی قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ جو بزدل دہشت گرد یہ گھناؤنا عمل کرکے سمجھ رہے ہیں کہ وہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے حوصلوں کو پست کردیں گے انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ایم کیوایم 35 سالہ جدوجہد کے دوران آگ اور خون کے دریاعبور کرتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حق پرستی کی اس جدوجہد میں ایم کیوایم کے ہزاروں محنتی ، پرخلوص اور جانثار ساتھیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور حق پرست شہداء کی قربانیوں کی بدولت تحریک قائم ودائم ہے ۔ جناب الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے امیدوارفخرالاسلام کے بہیمانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے ، سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اور ایم کیوایم کے تمام نامزد امیدواروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔جناب الطاف حسین نے فخرالاسلام کی شہادت سے مجھے دلی صدمہ پہنچا ہے اور تحریک ایک اور مخلص اور جانثار ساتھی سے محروم ہوگئی ہے لیکن انشاء اللہ حق پرست شہداء کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور سفاک قاتل اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ انہوں نے فخرالاسلام شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر شریک ہیں ۔جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فخرالاسلا م شہید کے درجات بلند فرمائے ، شہیدکے تمام سوگوارلواحقین اورپی ایس 47، حیدرآباد کے تمام کارکنان وہمدردوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔(آمین)